- Joined
- Jan 12, 2012
- Posts
- 3,749
- Reaction score
- 3,790
- Points
- 113
ایک سائنسی تحقیق کے مطابق سائنسدانوں نے ایسے پانچ جین دریافت کیے ہیں جو عنقریب صرف ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے انسانی چہرے کی پہچان کرانے میں مددگار ثابت ہو سکیں گے۔
تحقیق کے مصنفین کا کہنا ہے کہ یہ جین انسانی چہرے کی بناوٹ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور اس کی دریافت سے جرائم کا سراغ لگانے والے فورنزک ٹیسٹ کے ذریعے معلومات حاصل کرنے میں اہم پیش رفت ہو گی۔
جینیاتی مطالعے سے قبل ایم آر آئی تصاویر کی مدد سے لوگوں کے چہروں کے خدوخال کا اندازہ لگایا گیا۔
اس دریافت سے پہلے انسانی چہرے کی بناوٹ کے ذمے دار جین کے بارے میں کوئی معلومات نہیں تھیں۔
تقریباً دس ہزار افراد کے نمونوں پر مشتمل یہ تحقیق پلوس جنیٹکس نامی رسالے میں شائع ہوئی ہے۔
نیدرلینڈ کےارازمس یونیورسٹی میڈیکل سنٹر سے تعلق رکھنے والے اس تحقیق کے سربراہ مینفرڈ کیسر کا کہنا ہے کہ یہ دلچسپ قسم کے ابتدائی نتائج ہیں جن سے انسانی چہرے کے بننے کے عمل اور بناوٹ سمجھنے آغاز ہو ا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ شاید کسی وقت یہ ممکن ہو جائے گا کہ اگر کسی انسان کا صرف ڈی این اے مل جائے تو اس سے اس کے چہرے کا خاکہ بنایا جا سکے گا جس کے کئی فوائد ہوں گے مثلاً یہ جرائم کا سراغ لگانے میں بہت کارآمد ثابت ہوگا۔
محققین نے تمام جینوم کا تفصیلی جائزہ لے کر چھوٹے چھوٹے تغیرات کا مشاہدہ کیا جو ان لوگوں میں زیادہ عام ہوتے ہیں جن کے مخصوص قسم کے خدوخال ہوتے ہیں۔اس کے بعد انھوں نے لوگوں کے سروں کی ایم آر آئی تصویرں، چہروں کی تصویروں اور جین کا مطالعہ کر کے پانچ جین دریافت کیے۔
اس دریافت کا مطلب ہے کہ ان جین کی مدد سے انسانی شباہت کا اندازہ ہو سکتا ہے۔
دو ہزار دس میں ہونے والی ایک دوسری تحقیق سامنے آئی تھی جس سے بالوں اور آنکھوں کے رنگ کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ ان دونوں پیش رفتوں کی مدد سے ڈی این اے کی بنیاد پر فورنزک ٹیسٹوں کے ذریعے معلومات حاصل کرنے کے نئے دروازے کھل گئے ہیں۔





