پی ٹی آئی خواتین کوسب سے زیادہ ٹکٹ جاری کرنیوالی جماعت بن گئی

pti11h231.jpg

عام انتخابات 2024: پی ٹی آئی خواتین کوسب سے زیادہ ٹکٹ جاری کرنےوالی جماعت بن گئی

عام انتخابات 2024 میں پاکستان تحریک انصاف جنرل نشستوں پر خواتین کوسب سے زیادہ ٹکٹیں جاری کرنے والی جماعت بن گئی ہے، اس معاملے میں ن لیگ سب سے آخر میں نظر آرہی ہے۔

خبررساں ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق عام انتخابات 2024 میں خواتین ووٹرز کی تعدادچھ کروڑ کے لگ بھگ ہے ، عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی تعداد پانچ ہزار سے زائد ہےجن میں خواتین امیدواروں کی تعداد صرف محض تین سو کے قریب ہے۔

رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی میں انتخابات لڑنے والی خواتین کی تعداد355 جبکہ صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن لڑنے والی خواتین کی تعدادصرف 672 ہے ۔

اس تعداد کو دیکھ کر یہ ثابت ہوتا ہے کہ سیاسی جماعتوں نے مرد امیدواروں کےمقابلے میں خواتین کو کم مواقع دیئے، بڑی سیاسی جماعتوں کا موقف ہےکہ انہوں نے پانچ فیصد خواتین کوٹے پر مکمل طور پر عمل درآمد کیا ہے۔

سیاسی جماعتوں کی جانب سے خواتین کو جاری کردہ ٹکٹوں کےمعاملے پر نظر ڈالی جائے تو خواتین کو سب سے زیادہ ٹکٹیں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری کی گئی، صرف قومی اسمبلی کیلئے پی ٹی آئی کی جانب سے 20 خواتین امیدوار میدان میں اتاری گئی ہیں، تاہم اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ پی ٹی آئی کہ متعدد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوچکے کردیئے گئے تھے۔

جبکہ بڑی جماعتوں میں سے جنرل نشستوں میں سے خواتین کو سب سےکم ٹکٹیں مسلم لیگ ن کی جانب سے جاری کی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے متعدد خواتین الیکشن لڑرہی ہیں، خیبرپختونخواہ سے شاندانہ گلزار، مومنہ باسط نمایاں ہیں

اسی طرح پنجاب سے تحریک انصاف نے ڈیرہ غازی خان سے زرتاج گل، بہاولپور سے کنول شوذب، لودھراں سے عفت طاہرہ سومرو، راولپنڈی سے سیمابیہ طاہرستی کو امیدوار نامزد کیا ہے

اسی طرح لاہور سے ڈاکٹر یاسمین راشد، عالیہ حمزہ، اٹک سے ایمان طاہر،سیالکوٹ سے ریحانہ امتیاز ڈار، قصور سے سدرہ فیصل،ملتان سے مہربانو قریشی، وہاڑی سے عائشہ نذیر جٹ، عارفہ نذیر جٹ، لیہ سے عنبرین مجید نیازی میدان میں ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف نے خیرپور سے عنبرین ملک، سانگھڑ سے حمیدہ مسعود شاہ، تھرپارکر سے مہرالنسا بلوچ، مٹیاری سے نازش فاطمہ بھٹی، ٹنڈو الہ یار سے روزینہ بھٹو کو ٹکٹ جاری کیا ہے۔ دادو سے شبانہ نواب بجارانی کو قومی اسمبلی کا ٹکٹ جاری کیا ہے

مسلم لیگ ن کی جانب سے مریم نواز، سائرہ افضل تارڑ، نوشین افتخار، شذرہ منصب،تہمینہ دولتانہ، شہربانو بخاری الیکشن کیلئے میدان میں ہیں، خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ (ن) کی طرف سے این اے 29 اور این اے 31 سے صوبیہ شاہد اور این اے خیبر 24 سے فرح خان امیدوار ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں پر سندھ سے نفیسہ شاہ اور شازیہ مری کو میدان میں ہیں ہے۔ خیبرپختونخوا میں این اے 4 چارسدہ سے شازیہ طہماس، این اے 38 کرک سے مہر سلطانہ اور این اے 39 بنوں سے فرزانہ شیریں الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔