پولیس افسر کو شہید کرنیوالے ٹارگٹ کلر نے گرفتاری کے خوف سے خودکشی کرلی

E_O3sQeWEAAvva3


کراچی، اورنگی ٹاؤن کے علاقے منصور نگر میں فائرنگ سے مرنے والے شخص کی شناخت مبینہ ٹارگٹ کلر شاہین بہاری کے نام سے کرلی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق خود کشی کرنے والا ٹارگٹ کلر شاہین بہاری ہے جس نے چند روز قبل ساتھی کے ساتھ مل کر پولیس افسر کو شہید کیا تھا اور اب پولیس چھاپوں سے پریشان ہو کر خود کشی کی ہے۔

ایس ایس پی ویسٹ سہائی عزیز نے بتایا کہ انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر شاہین بہاری نے گرفتاری کے ڈر سے خود کو گولی مار کرخود کشی کرلی ہے۔ شاہین بہاری نامی شخص ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔

ایس ایس پی ویسٹ سہائی عزیز نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے ایک پستول اور خود کشی سے پہلے اس کے اپنے ہاتھ کا لکھا خط ملا ہے۔


سہائی عزیز نے کہا کہ شاہین نے ساتھی کے ساتھ 28 اگست کو اے ایس آئی اکرم خان کو شہید کیا تھا جس کے بعد گزشتہ دنوں ملزم کے ساتھی آصف بھایا کو رینجرز اور پولیس نے گرفتار کر لیا تھا۔

ایس ایس پی ویسٹ سہائی عزیز کے مطابق اے ایس آئی کے قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی شاہین بہاری نظر آ رہا تھا۔