پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے خیبر پختونخوا میں اپنا ریجنل آفس کھول لیا

psx.jpg


خیبرپختوا میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا ریجنل آفس کھول دیا گیا

خیبر پختونخواہ میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ریجنل آفس کا افتتاح کردیا گیا ہے، افتتاحی تقریب کراچی پی ایس ایکس ٹریڈنگ ہال میں ہوئی،تقریب کے مہمان خصوصی وزیر خزانہ خیبرپختونخوا تیمور جھگڑا تھے۔

تقریب سے خطاب میں وزیر خزانہ خیبرپختونخوا تیمور جھگڑا نے کہا کہ صوبے میں پی ایس ایکس کی موجودگی حقیقت بن گئی،جس سے آگاہی پیدا کرنے صوبے میں سرمایہ کاروں کی کیپٹل مارکیٹس میں شرکت کو یقینی بنانا ممکن ہوسکے گا،ہمارا صوبہ کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے کھلا ہے،سرمایہ کاروں کو اس سے مستفید ہونا چاہئے۔

تقریب میں شریک چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایکس فرخ خان نے خیبرپختونخوا میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ریجنل دفتر کے افتتاح کو نمایاں پیش رفت قرار دیا انہوں نے کہا کہ اس طرح کاروباری اور سرمایہ کاری کی سرگرمیوں کو بڑھانے میں بھی مدد ملے گی کیونکہ صوبے میں کیپٹل مارکیٹس کے ماحولیاتی نظام کی ترقی کے امکانات وسیع ہیں،اس لیے بچت کرنے والے اور سرمایہ کار حضرات وسیع رینج کی حامل سرمایہ کاری کی مصنوعات تک رسائی حاصل کرکے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

فرخ خان نے بتایا کہ پی ایس ایکس کے بہت سے بروکرز کے خیبرپختونخوا میں پہلے سے ہی دفاتر موجود ہیں،تقریب میں پی ایس ایکس کی چیئرپرسن ڈاکٹر شمشاد اختر، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت و خزانہ عبدالکریم خان، کے پی بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے سی ای او حسن داؤد بٹ، مینجمنٹ ٹیم کے ارکان سمیت دیگر افراد نے بھی شرکت کی۔