ورلڈ کپ فائنل، کس طرح بھارت اپنے ہی بنائے گئے جال میں الجھ گیا؟

10injssjbaushkshdjdhgdfd.png


روہت شرما کے آئوٹ ہونے کے بعد 29 اوورز میں صرف 2 چوکے لگا سکی: سابق کپتان انگلش ٹیم

کرکٹ ورلڈکپ 2023ء کے فائنل میچ میں بھارت کو ہوشیاری کرنا مہنگا پڑ گیا، فائنل میچ کے لیے نریندر مودی سٹیڈیم کی پچ کا خشک رکھنے کا فیصلہ بھارت کو لے ڈوبا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت نے کرکٹ ورلڈکپ فائنل کے لیے نریندر مودی سٹیڈیم کی پچ کو خشک رکھنے کا فیصلہ کیا جو بھارتی کرکٹ ٹیم کو لے ڈوبا اور وہ تمام شعبوں میں ناکام ثابت ہوئی۔

آسٹریلوی ٹیم نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور فائنل میں 6 وکٹوں سے فتح حاصل کی۔

بھارتی کرکٹ ٹیم نے ورلڈکپ فائنل ٹرافی کو جیتنے کے لیے آخری دائو کھیلتے ہوئے پچ کو خشک رکھنے کا فیصلہ کیا لیکن آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے بھارتی چالاکی کو بھانپتے ہوئے سٹیڈیم میں رہنے کا فیصلہ کیا۔ پیٹ کمنز نے ورلڈکپ فائنل شروع ہونے سے پہلے ہی پچ کی تصویریں کھینچیں اور جب ٹاس کا نتیجہ آیا تو سب کو لگا کہ وہ پہلے بازی کریں گے۔

آسٹریلوی کپتان نے ٹاس جیتنے کے بعد بلے بازی کے بجائے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کر کے سب کو حیران کر دیا اور بھارتی بلے باز اپنے ہی بچھائے ہوئے جال میں پھنس گئے اور ہر شعبے میں ناکامی سے دوچار ہونا پڑا۔ ورلڈکپ میں پہلی دفعہ بھارتی ٹیم کے ہاتھ پیر پھول گئے اور ساری ٹیم 240 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رکی پونٹنگ اور انگلش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ناصر حسین ، مائیکل وان کی طرف سے بھی نریندر مودی کرکٹ سٹیڈیم کی پچ کو خشک رکھنے کے فیصلے پر تنقید کی گئی۔ رکی پونٹنگ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فائنل میں سٹیڈیم کی پچ کو خشک رکھنے کا فیصلہ بھارت پر بیک فائر کر گیا۔

سابق انگلش کپتان مائیکل وان کا فائنل میچ بارے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آسٹریلیا نے بھارت کے مقابلے میں حالات پر بہتر طریقے سے قابو پایا۔ سپورٹس چینل سکائی سپورٹس پر ناصر حسین نے فائنل میچ کے رزلٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سٹیڈیم کی ایسی پچ تیار کرنے کا فائدہ کینگروز نے بھرپور طریقے سے اٹھایا اور بھارت کی اپنی چال ہی ان پر الٹی پڑ گئی۔

https://twitter.com/x/status/1726515407610352025
انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم اب بھی بہترین ہے لیکن نریندر مودی سٹیڈیم کی پچ نے آسٹریلیا کو فتح کے قریب کیا۔ وکٹ سست ہونے کی وجہ سے بھارتی ٹیم کے لیے کھیلنا مشکل ہو گیا تھا اور روہت شرما کے آئوٹ ہونے کے بعد 29 اوورز میں صرف 2 چوکے لگا سکی۔