فراڈ سے اربوں کا ٹیکس ریفنڈ لینے کی کوشش کرنے والی کمپنیوں کی رجسٹریشن معطل

siasin111h.jpg


وفاقی بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے فراڈ سے اربوں کا ٹیکس ری فنڈ لینے کی کوشش کرنے والی کمپنیوں کی سیلز ٹیکس رجسٹریشن معطل کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کو 20 ایسی کمپنیوں کا سراغ ملا ہے جنہوں نے 314 ارب کا ٹیکس فراڈ کرکے ریفنڈ لینے کی کوشش کی ہے،یہ کمپنیاں ریٹرن فائل کرنے والی کمپنیوں اور جعلی سیلز ٹیکس انوائس بیچنے والے ایک پورے نیٹ ورک سے جڑی ہوئی تھیں۔

ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق ایک کمپنی کے خلاف تحقیقات کےد وران ایف بی آر کو ایک ٹیکس ریٹرن فائل کرنے والی کمپنی کا سراغ ملا جو کراچی اور پنجاب میں جعلی سیلز ٹیکس انوائسز فروخت کرنے والے نیٹ ورک کا حصہ تھی، اس پورے نیٹ ورک نے314 ارب کا ٹیکس فراڈ کرکے جعلی انوائسز کے ذریعے ریفنڈ حاصل کرنے کی کوشش کی۔

ایف بی آر نے ملزمان اور متعلقہ کمپنیوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کیں ، ایف بی آر کے ریجنل ٹیکس آفس ون نے اس حوالے سے کارروائی کرتے ہوئے متعدد ملوث کمپنیوں کی سیلز ٹیکس رجسٹریشن معطل کردی، تاہم متعدد کمپنیوں کی جانب سے ریفنڈ واپس کرنا بھی شروع کردیا ہے۔

ایف بی آر ذرائع کے مطابق فراڈ میں ملوث کمپنیوں کے ٹیکس ریٹرن ایک کمپنی کے دفتر سے فائل کیے گئے، مزید تحقیقات جاری ہیں، ملزمان تک پہنچنے کیلئے ملک بھر کے ٹیکس ڈیٹا تک رسائی حاصل کی جارہی ہے۔