غیر ملکی ریٹنگ ایجنسی کی پاکستان اسٹاک ایکسچینج سے متعلق اہم رپورٹ جاری

pskxh1h12e.jpg


غیر ملکی ریٹنگ ایجنسی ایس اینڈ پی گلوبل نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کو سرمایہ کاروں کے پاکستانی معیشت پر اعتماد کا مظہر قرار دیدیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایس اینڈ پی گلوبل نے ایشیا پیسفک ملکوں پر مشتمل مارکیٹ انٹیلی جنس رپورٹ جاری کردی ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج خطے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنےوالی مارکیٹ بن کر سامنے آئی ہے، مارکیٹ میں نظر آنے والی تیزی سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستانی معیشت پر اعتماد کا مظہرہے۔

رپورٹ کے مطابق 2023 کی آخری سہ ماہی میں پاکستانی اسٹاک ایکسچینج کے ہنڈرڈ انڈیکس میں 35 فیصد اضافہ ہوا،آئی ایم ایف نے اکتوبر میں خدشہ ظاہر کیا تھا کہ پاکستان کی معیشت سال2023 میں صفر اعشاریہ5 فیصد سکڑ جائے گی جبکہ سال2024 میں ڈھائی فیصد کی شرح سے ترقی کرنے کی پیشکش کی گئی تھی۔

ایس اینڈ پی رپورٹ کے مطابق پاکستانی معیشت کو آئی ایم ایف کی جانب سے قرض ملنے اور معاشی اصلاحات سے فائدہ پہنچا ہے، پاکستان میں آنےوالے دنوں میں بنیادی شرح سود میں کمی کی توقع ظاہر کی جارہی ہے، اس اقدا م سے اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار مزید بڑھ سکتا ہے، ملک میں عام انتخابات کے بعد گورننس کے مسائل میں بہتری کی بھی توقع کی جارہی ہے۔

غیر ملکی ریٹنگ ایجنسی کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا ایک سبب پاکستانی کرنسی کی قدر میں استحکام بھی ہے، اس وقت پاکستانی اسٹاک مارکیٹ میں حصص اپنی حقیقی قیمت سے کم پر ٹریڈ ہورہے ہیں، حص کی قیمت 3اعشاریہ1 گنا کم ہے۔