سی این این نیوز کاسٹر بلیٹن میں اپنی کینسر کی بیماری کا بتاتے ہوئے روپڑیں

cnn-cash1124.jpg


امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی نیوز کاسٹر کے لئے جان لیوا مہلک بیماری کا بتانا مشکل ہوگیا,نیوز کاسٹر چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی کے لیے براہ راست نشریات میں خود بھی اس بیماری میں مبتلا ہونے کا بتاتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سی این این کی 51 سالہ نیوز کاسٹر سارہ سڈنر کے لیے خبریں پڑھنا معمول کا کام ہے, اس بار کا بلیٹن انھوں نے بوجھل دل لیکن پُرعزم انداز میں پڑھا۔

اس نیوز بلیٹن میں سارہ سڈنر نے تمام خواتین سے سال میں ایک بار ضرور میمو گرافی کرانے کا مشورہ دیتے ہوئے بتایا کہ مجھے تیسرے درجے کا بریسٹ کینسر ہے حالانکہ نہ میرے خاندان میں کسی کو بریسٹ کینسر ہوا، نہ میں کبھی بیمار ہوئی، نہ میں سگریٹ نوش ہوں اور شراب بھی شاز و نادر ہی پی ہوگی۔

نیوز کاسٹر نے مزید کہا اپنے وقت کا ایک سیکنڈ نکال کر صرف ان 8 خواتین کے نام یاد کریں اور سوچیں اگر ان میں سے کسی ایک کو بھی چھاتی کا کینسر ہو جائے تو آپ پر کیسی قیامت ٹوٹ پڑے گی۔

نیوز کاسٹر نے مزید کہا درحقیقت میں ان 8 رکنی گروپ میں سے ایک ہوں جسے بریسٹ کینسر ہوا ہے اور یہ میرے دوستوں اور چاہنے والوں کے لیے بُری خبر ہے۔

سارہ سڈنر نے کہا کہ مجھے کبھی توقع نہیں تھی کہ یہ میرے ساتھ ہوگا لیکن میں نے کینسر کا شکریہ ادا کیا کیونکہ اس نے مقابلے کے لیے میرا انتخاب کیا۔ میرے لیے زندہ رہنا اب جنون بن گیا ہے، میں کینسر کو شکست دوں گی۔

سی این این کی نیوز کاسٹر سارہ سڈنر نے اپنے علاج سے متعلق بتایا کہ دوماہ سے کیموتھراپی جاری ہے جس کے بعد ریڈی ایشن تھراپی اور ڈبل ماسٹیکٹومی کا مرحلہ آئے گا۔

دوسری جانب امریکی نیوز نیٹ ورک کے مسلمان نیوز اینکر مہدی حسن نے لائیو شو کے دوران چینل کو خیر باد کہہ دیا۔ صحافی مہدی حسن نے اتوار کو اپنے شو کے اختتام پر کہا کہ وہ دوسرے مواقع حاصل کرنے کے لیے چینل چھوڑ رہے ہیں۔

انہوں نے اپنے آخری شو میں غزہ میں رپورٹنگ کرنے والے صحافی کو بھی شو میں شامل کیا۔ مہدی حسن کا کہنا تھا کہ غزہ میں بہادر فلسطینی صحافیوں کے بغیر معصوم لوگوں پر اس جنگ کے ہولناک اثرات کے بارے میں باقی دنیا کو بتانے والا کوئی نہیں ہوگا۔

امریکی نیوز نیٹ ورک (ایم ایس این بی سی) نے غزہ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر نومبر میں مسلمان اینکر کا پروگرام ’دا مہدی حسن شو‘ معطل کر دیا تھا۔

مہدی حسن نے اتوار کے روز اپنی آخری نشریات کے دوران کہا، ’چونکہ ہم 2024 کا آغاز انتخابات کے ساتھ کر رہے ہیں، ایک جنگ ابھی بھی جاری ہے، اور ٹرمپ کے بہت سارے ٹرائلز ایمانداری سے کیے جا رہے ہیں، اور اس شو کے ختم ہونے کے ساتھ، میں نے فیصلہ کیا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ میں ایک نئے چیلنج کی تلاش کروں۔

آج کی رات صرف مہدی حسن شو کی میری آخری قسط نہیں ہے۔ یہ ایم ایس این بی سی کے ساتھ میرا آخری دن ہے۔ جی ہاں، میں نے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔