سروگیٹ اشتہارات،پی ٹی وی سپورٹس نےپاکستان آسٹریلیاٹیسٹ میچ کی نشریات روک دی

7ptvvsvljdhsjhhs.png

سروگیٹ کمپنیوں کی ورچوئل ایڈورٹائزنگ کے معاملے پر نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے، پاکستان ٹیلی ویژن کے اسپورٹس چینل نے پاک آسٹریلیا سیریز کی نشریات بند کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جوئے اور سٹہ بازی میں ملوث(سروگیٹ) کمپنیوں کی جانب سے ورچوئل ایڈورٹائزنگ شروع کرنے کے معاملے پر ایک نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے جس کے بعد پی ٹی وی اسپورٹس کی جانب سے بھی بیان سامنے آگیا ہے۔

پاکستان میں سروگیٹ کمپنیوں پر پابندی عائد ہونے کے بعدان کمپنیوں نے ورچوئل ایڈورٹائزنگ کا سہارا لیا، آسٹریلیا میں جاری پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کے دوران بھی ان کمپنیوں نے جدید سافٹ ویئرز کی مدد سے میچ کی نشریات کے دوران گراؤنڈ میں اپنے لوگو اور اشتہارات چلوائے حالانکہ حقیقت میں گراؤنڈ کے اندر کوئی بھی اشتہار نہیں لگا ہوا۔

تنازعہ اس وقت مزید شدید ہوگیا جب غیر ملکی اسپورٹس چینل فاکس نیوز پر دکھائے گئے میچ میں ان کمپنیوں کے اشتہارات موجود نہیں تھے جبکہ پاکستان میں دکھائے جانے والے میچ میں یہ اشتہارات موجود تھے جس کے بعد پی ٹی وی انتظامیہ حرکت میں آگئی اور میچز کی نشریات بند کردی۔

https://twitter.com/x/status/1739531152975937954
پی ٹی وی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سروگیٹ کمپنیوں کی تشہیر سے متعلق پالیسی کے مدنظر پی ٹی وی پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کی نشریات نشرنہیں کررہا، جیسے ہی معاملہ حل ہوگا نشریات بحال کردی جائے گی۔

https://twitter.com/x/status/1739552380323275088
پی ٹی وی نے میچز کے بنیادی رائٹ ہولڈرز اور کرکٹ آسٹریلیا سے رابطہ کرکے اس سلسلے کو حل کرنے کا مطالبہ کیا اور ورچوئل اشتہارات کے بغیر کلین فیڈ فراہم کرنے کا کہا مگر اس پر کوئی مثبت جواب موصول نہیں ہوا۔

کرکٹ آسٹریلیا نے موقف اپنایا کہ آسٹریلیا کے علاوہ دیگر تمام ممالک کو فراہم کی جانے والی فیڈ اسی ورچوئل ایڈورٹائزنگ سے مزین ہے لہذا اسے جاری سیریز کے دوران تبدیل نہیں کیا جاسکتا، جس پر اشتہارات کو بلیک آؤٹ کے ذریعے چھپانے کی بات کی گئی تو اس کو بھی تسلیم نہیں کیا گیا ۔

خدشہ ہے کہ اگر یہ تنازعہ حل نا ہوا تو پی ٹی وی میلبرن ٹیسٹ بھی لائیو نشر نہیں کرے گا، تاہم امکان ہے کہ اس میچ کی نشریات ٹین اسپورٹس پر نشر کی جائے گی۔