جیل سے مافیا ڈان کا فرار، ملک بھر میں ایمرجنسی لگا دی گئی

13ecudor.png

جنوبی امریکہ کے مغربی ساحل پر واقع ملک ایکواڈور منشیات فروش گینگ کے سرغنہ کے جیل سے فرار ہونے پر ایمرجنسی نافذ کرنے پر مجبور ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق ایکواڈور کی سب سے محفوظ ترین اور سخت تصور کی جانے والی جیل سے منشیات فروش گینگ کا سرغنہ جوز ایڈولفو اپنے متعدد ساتھیوں کے ہمراہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

جوز ایڈولفو کے فرار پر حالات بے قابو ہونے پر ایکواڈر کے صدر ڈینیئل نوبوا کو ایمرجنسی نافذ کرنا پڑ گئی۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایکواڈور میں ایمرجنسی نافذ ہونے کے بعد بدنام زمانہ گینگسٹر نے ٹی وی سٹیشن پر حملہ کر دیا۔ ملک کے مختلف حصوں میں بہت سے گینگسٹر گروپس اپنے اپنے علاقوں میں کارروائیاں کر رہے ہیں سے خانہ جنگی عروج پر پہنچ چکی ہے جس کی وجہ جوز ایڈولفو کے ساتھیوں سمیت جیل سے فرار ہونے کو قرار دیا جا رہا ہے۔


ایکواڈور کے صدر ڈینیئل نوبوا نے حالات خراب ہونے پر 22 گینگسٹر گروپوں کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دے کر مسلح تصادم کے پیش نظر ملک کے مختلف حصوں میں فوج کو طلب کر کے اگلے 2 مہینوں کیلئے ایمرجنسی کا نفاذ کر دیا ہے۔ ایکواڈور کے صدر ایمرجنسی لگانے کا اعلان کرنے کے بعد جیسے ہی ٹی وی سٹیشن سے صدارتی محل کی طرف روانہ ہوئے تو مسلح گینگسٹرز نے ٹی وی سٹیشن پر حملہ کر دیا۔

مسلح نقاب پوش افراد نے ٹی وی سٹیشن پر حملہ کر کے ٹی وی سٹیشن کے عملے کے ہاتھ پائوں باندھ کر توڑپھوڑ کرتے رہے اور کافی دیر تک ہوائی فائرنگ کرنے کے بعد وہاں سے واپس چلے گئے۔ ایکواڈور کے گینگسٹر گروپ ملکی سیاسی جماعتوں میں بھی اثرورسوخ رکھتے ہیں اور حکومتی امور میں بالواسطہ مداخلت کرتے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق ٹی وی سٹیشن پر حملہ کرنے والے 13 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ایکواڈور کی محفوظ ترین سمجھی جانے والی گیواکیل جیل کے ایک سیل میں بدنام زمانہ گینگسٹر جوز ایڈولفو 34 برسوں کی سزا کاٹ رہا تھا جہاں وہ اور ان کے ساتھی پولیس عملے کو یرغمال بنا کر سخت سکیورٹی حصار توڑ کر فرار ہو گئے۔ ایکواڈور کے صدر ڈینیئل نوبوا ملک کی امیر ترین شخصیت وسابق رکن اسمبلی کے بیٹے ہیں جو معیشت بحالی اور ملک بھر میں تشدد کا خاتمہ کرنے کے وعدوں پر صدر مملکت بنے تھے۔