- Joined
- Nov 10, 2011
- Posts
- 5,117
- Reaction score
- 16,681
- Points
- 0
میرے دوشِ غم پہ گلیم ہے
لیڈر ہو یا دوست، خیر خواہی خوشامد اور تقلید میں نہیں ہوتی بلکہ صداقت اور صاف گوئی میں ۔ وقت آپہنچا کہ ہر صاحبِ ضمیر گواہی دے اور مصلحت کو دھتکار دیا جائے۔ اللہ کے آخری رسول(ص) کا فرمان یہ ہے: جھوٹی گواہی شرک کے بعد سب سے بڑا گناہ ہے۔
ٹی وی اور لیڈروں کو کپتان نے بے پناہ وقت دیا۔ اب اپنی مصروفیات کووہ از سر نو مرتب کریں۔اب یہ کارکنوں کا حق ہے کہ وہ ان سے بات کریں ۔ مختصر نہیں ، چاروں صوبوں میں ان سے کم از کم چار چھ گھنٹے کی طویل ملاقاتیں۔ الیکشن تک اور الیکشن کے بعد بھی لیڈر لوگ کپتان کا وقت اور توانائی برباد کریں گے ،مسائل جنم دیں گے اور راہ کھوٹی کرنے کی کوشش بھی ۔ بیچارے کارکنوں کا کیا ہے ، روٹھ گئے تو مایوس ہو کر گھر بیٹھ رہیں گے۔ ایسے کم ہیں ، جو منصوبہ بندی کرنے والی نون لیگ کے آلہئ کار بنیں۔ ایک صدی ہوتی ہے ، جب پوٹھوہار کے لافانی شاعر میاں محمد بخش نے کہا تھالسّے دا کیہہ زور محمد رونا یا نس جانا
لاچار کا کیا بس ، رو پڑے گا ، یا بھاگ لے گا﴾۔﴿
اگر رونما ہوا تو خدانخواستہ یہ ایسا المیہ ہوگا کہ قوم کی ہمت ٹوٹ جائے گی ۔ کپتان کی اپنی ریاضت اور اولوالعزمی سے پارٹی کی مقبولیت بڑھتی گئی۔لیڈر مگرگریزاں تھے۔ معافی کا خواستگار ہوں ، بعض نام شاید
بھول جائوں۔ سیف اللہ نیازی ، اسد قیصر ، اعجاز چوہدری اور احسن رشید ایسے چند مخلص رفیق۔ ڈاکٹر
عارف علوی ، نعیم الحق، فردوس نقوی، سردار اظہر ایسے لوگ۔ان کے سوا فقط کارکن تھے۔
پشاور کا تاریخ ساز دھرنا ، ملتان کا جلسہ، کراچی میں چونکا دینے والا احتجاج اور فیصل آباد میں حیران کن اجتماع۔ گرما کی شدت اور حبس میں تیس ہزار سے زیادہ سامعین دھوبی گھاٹ میں امنڈ آئے۔ تب سیّد صاحب سے ، جو عمران خان کو" ایک بے معنی آدمی" کہا کرتے، عرض کیاتھا: اکتوبر یا نومبر میں دو لاکھ کا جلسہ لاہور میں ممکن ہے ۔ لاہور کی تحریکِ انصاف کا لیڈر آج تک مجھ سے ناراض ہے ، اب تک فون نہیں سنتا، پیغام کا جواب نہیں دیتا۔ اخبار میں ، میں نے لکھا: ا گر وہ اب بھی کچھ نہیں کر سکتے تو چند ماہ کے لیے فیصل آباد والوں کو سونپ دیں۔ باقی تاریخ ہے ۔
شاہ محمود کا فرزند لاہور کے 30اکتوبر کے تاریخ ساز اجتماع میں موجود تھا، جس کی روداد کبھی نہ لکھی جا سکے گی ۔ اس سے پہلے کبھی ایسا نہ ہوا تھاکہ ایک جلسہ ئ عام سیاست کا رخ بدل ڈالے۔ تب شاہ محمود نے کہ کٹی پتنگ تھے، وابستہ ہونے کا فیصلہ کیاتو شرط لگائی کہ وہ نائب کپتان ہوں گے ۔یہ شرط اب ایک پھندہ ہے، قیمت کارکن چکا رہے ہیں۔نئے لیڈروں کا خیر مقدم ہونا چاہئیے۔ ان میں سے بعض لائق ہی نہیں ، قابلِ اعتماد بھی ہیںمگر پرانے کارکنوں کی قیمت پر ہرگز نہیں ۔ اپنے سارے پاگل پن کے باوجود شاہ فرمان کی توقیر زیادہ چاہئیے۔ ایسے ہی لوگ متاع ہیں ۔
سب سے بڑی قربانی کپتان نے خود دی ۔وہ نہ ہوتا تو یہ صلیب کوئی اٹھا نہ سکتا۔ وہ ہمیشہ کا رجائیت پسند اور ایثار کیش ۔ پنجاب یونیورسٹی میں اس کی توہین ہوئی،جمعیت والوں نے دھکے دئیے۔ ان کے لیڈر نے پرویز الٰہی سے پیسہ لے لیا﴿اور اب وہ کہانیاں گھڑتے ہیں﴾۔ دکھ اس نے جھیلا۔ مزدوروں کی طرح کام کیا۔ طعنے سنے اور سر اٹھائے کھڑا رہا۔یہ اسلام اور کفر کی جنگ نہیں ۔فقط تشبیہہ ہے۔ فاروقِ اعظم(رض) سیدنا بلال(رض) سے بات کرتے رہے ۔ قریش کے باجبروت سرداروں کو انتظار کرنا پڑا تو شاکی ہوئے۔ تب اس مفہوم کا جملہ ارشاد کیا: تم اس وقت کہاں تھے ، جب بلال(رض) کو مکّہ کی گلیوں میں گھسیٹا گیا ؟
گھر والے مذاق اڑاتے تھے۔ دنیا دیوانہ سمجھتی تھی،کارکن مگر وہ کھڑے رہے ۔ اب ان سے اغماض نہیں برتا جا سکتا۔ سننا ہوگی اور انہی کی سننا ہوگی۔ نووارد سر آنکھوں پر ، ان کی اپنی اہمیت ہے اور ہر ایک کی قدروقیمت اس کے عمل سے متعین ہو گی لیکن اوّل تو اوّل ہیں ۔ پھر لیڈر اسمبلیوں کی رکنیت اور وزارت مانگتے ہیں ، کپتان کا وقت برباد کرتے ہیں اور قوم کا بھی ۔ جن کو ٹکٹ نہ ملا وہ نواز شریف سے جا ملیں گے۔ ایک حفیظ اللہ خان ہیں ، مشہور و معروف ۔ لاہور میں ایک اور بھی حفیظ اللہ ہیں ۔ کپتان سے وہ کبھی ملے تک نہیں ۔ چپ چاپ خدمت اور ایثار کئے جاتے ہیں۔
تیرے فرقِ ناز پہ تاج ہے، میرے دوشِ غم پہ گلیم ہے
تیری داستاں بھی عظیم ہے ، میری داستاں بھی عظیم ہے
اللہ کے آخری رسول(ص) نے ، اپنے دردمند رفیقوں سے ایک دن سوال کیا تھا: وہ کون سا دینار ہے ، جو ہزاروں دیناروں پر بھاری ہے ۔ عرض گزار ہوئے: اللہ اور اس کا رسول(ص) بہتر جانتے ہیں ۔ فرمایا: اگر کسی کے پاس دو دینار ہوں اور وہ ان میں سے ایک صدقہ کردے۔
سیاست ممکنات کا کھیل ہے ۔ قائد اعظم(رح) نے بھی خان عبدالقیوم خاں ایسے لوگ گوارا کئے تھے مگر گوارا ہی ۔آئندہ الیکشن میں تحریکِ انصاف کے پچیس تیس فیصد ٹکٹ کارکنوں کو ملنے چاہئییں، جہاں پارٹی کی بالا دستی ہو ۔ نئے لیڈروں میں سے جو جتنا زیادہ مخلص ، محنتی اور باوفا ہے ، اتنی ہی اس کی توقیر چاہئیے۔ سرکار(ص) نے فتحِ مکہ کے دن اسلام قبول کرنے والے ایک کو حرم کا موذن اور دوسرے کو مکّہ کا امیر بنا دیا تھا۔
نون لیگ کے لیڈر ناراض کارکن ڈھونڈرہے ہیں ۔ خریداری کی مہم ہے ۔نام لکھے جا سکتے ہیںکہ کس کس اخبار نویس سے رابطہ ہوا کہ انہیں اکسا کر کپتان اور پارٹی کو گالی دی جائے۔ میں اس اندیشے پر بات نہیں کر رہا۔حکمتِ عملی خوف میں نہیں بنائی جاتی۔ یقین ہے کہ انشائ اللہ کپتان کا راستہ اب نہ رکے گا مگر انصاف مگر انصاف۔
گوجرانوالہ کے ایس اے حمید کو میں قدیم کارکنوں سے کم معتبر نہیں سمجھتا ۔ حمزہ شہباز اور نون کے دوسرے لیڈر ان کے درپے رہے ۔ میاں محمد نواز شریف پیغامات بھیجتے رہے مگر وہ کھرے ثابت ہوئے۔ اعظم سواتی کو ہر وہ پیشکش کر دی گئی جو کی جا سکتی تھی ۔ جناب جہانگیر ترین ، اسحٰق خاکوانی اور دوسروں کے لیے بھی دروازہ چوپٹ کھلا تھا ۔ ان کے تو اپنے ووٹ بھی بہت ہیں ۔ سب سے بڑھ کر جاوید ہاشمی ۔ انشا پردار کہتے ہیں ،نواز شریف جیل میں اس کے لیے کھانا بھجواتے رہے ۔ کھانا؟ ساڑھے تین برس کی اذیت ناک اسیری اور اس کے بعد یہ حکم کہ اگر وہ لاہور سے جلوس لے کر ملتان روانہ ہوں تو مقاطعہ کیا جائے۔ سیاست اہم ہے مگر آدمیت بھی کوئی چیز ہے یا نہیں ؟ جاوید ہاشمی کو تحریکِ انصاف کی نہیں ، تحریکِ انصاف کو اس کی ضرورت تھی۔ فرشتہ وہ نہیں مگر قربانی ایسی ہے کہ ہر صاحبِ احساس کی گردن پر اس کا بوجھ رہے گا۔ آمریت ٹی وی کی تقریروں سے نہیں ، قربانیوں سے ہار گئی اور یہ قربانی نمایاں ترین ہے ۔ شریف خاندان تو معافی مانگ کر بھاگ گیا تھا۔ امریکی اشارے پر محترمہ نے تو درپردہ مصالحت کر لی تھی ۔
لیڈر ہو یا دوست، خیر خواہی خوشامد اور تقلید میں نہیں ہوتی بلکہ صداقت اور صاف گوئی میں ۔ وقت آپہنچا کہ ہر صاحبِ ضمیر گواہی دے اور مصلحت کو دھتکار دیا جائے۔ اللہ کے آخری رسول(ص) کا فرمان یہ ہے: جھوٹی گواہی شرک کے بعد سب سے بڑا گناہ ہے ۔





