کراچی کے علاقے اورنگی ٹاون میں ڈھائی کروڑ روپے کی ڈکیتی میں ملوث زیر تربیت ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس عمیر طارق مزید وارداتوں میں ملوث نکلا۔
زیرتربیت ڈی ایس پی عمیرطارق کے خلاف شکایت کنندہ منصور شیخ کا کہنا ہے کہ 24 اکتوبر کی رات گلشن اقبال 13 ڈی میں عمیرطارق نے واردات کی، ڈی ایس پی عمیر طارق نے میری گرفتاری کیلئے گلشن اقبال 13 ڈی میں چھاپہ مارا اور جب میں نہ ملا تو بھانجے کی آنکھوں پر پٹی باندھ کر گلزارہجری میں میرے گھر لایا گیا۔
انہوں نے بتایاکہ 2 گھنٹے تلاشی کے دوران ملزمان گھر میں دو کروڑ روپے تلاش کرتے رہے، گھر کا لاکر توڑ کر ڈیڑھ لاکھ روپے، پرائزبانڈ، گھڑیاں، پستول اور موبائل فون لے گئے۔
منصورشیخ کا کہنا تھاکہ مجھے دیگر افراد کے ساتھ آنکھوں پرپٹی باندھ کربوٹ بیسن تھانے لے جایا گیا، سی سی ٹی وی میں بوٹ بیسن تھانے کے سب انسپکٹرعلی حسن اور دیگر کو شناخت کیا، ڈیڑھ گھنٹہ تفتیش کے بعد شیریں جناح کالونی چوکی منتقل کیا گیا، 4 دن تک تشددکیا۔
اورنگی ٹاﺅن میں گھر میں ڈکیتی کے کیس میں گرفتار زیرِ تربیت ڈی ایس پی سے تفتیش کے لیے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق ڈی ایس پی عمیر طارق اور ساتھیوں سے تحقیقاتی ٹیم تفتیش کرے گی اور مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی نگرانی ایس ایس پی ویسٹ مہروز علی کریں گے۔
زیرِ تربیت ڈی ایس پی عمیر طارق کو تاجر کے گھر میں ڈکیتی کے کیس میں جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔عدالت نے گرفتار ڈی ایس پی کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا اور آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیشرفت رپورٹ طلب کرلی۔
پولیس کے مطابق پولیس اہلکاروں نے اورنگی ٹاﺅن میں تاجر کے گھر پر ڈکیتی کی تھی، ملزمان کے خلاف پیر آباد تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔مدعی مقدمہ کے مطابق ملزمان نے 2 کروڑ روپے اور 70 سے 80 تولہ سونا لوٹ لیا تھا۔
پولیس کے مطابق زیرِ تربیت ڈی ایس پی اور ساتھی پولیس اہلکار بھی اس مقدمے میں گرفتار ہیں۔زیرِ تربیت ڈی ایس پی کے دو گن مین خرم علی اور فرحان بھی مقدمے میں نامزد ہیں۔پولیس یونیفارم اور سادہ لباس درجن سے زائد ملزمان کے خلاف پیر آباد تھانے میں مقدمہ درج ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/umair-t1h1h.jpg
Advertisement





