بھارتی شاعر جاوید اختر نے کہا ہے کہ ہندوستان میں میرے بیان کو حد سے زیادہ بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے۔ ایسا لگ رہا ہے کہ جیسے میں تیسری جنگ جیت کر آیا ہوں۔ مجھے اب اپنے بیان پر شرمندگی محسوس ہو رہی ہے۔
جاوید اختر نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں کہا اس لئے کسی کو انٹرویو بھی نہیں دے رہا۔ پاکستان بارے جو بات انہوں نے تقریب میں موجود شخص کی جانب سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی۔ لیکن اسے بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس شخص نے سوال پوچھا تھا کہ ہم پاکستانی لوگ بھارتیوں کو اچھا سمجھتے ہیں، لیکن وہاں ہمیں غلط کیوں کہا جاتا ہے؟ جاوید اختر نے کہا کہ اسی کے جواب میں، میں نے کہا تھا کہ اگر کسی انڈین کے دل میں پاکستانیوں کے بارے میں کوئی شکایت یا شکوہ ہے تو اسے برا نہیں منانا چاہیے۔ اسی دوران میں نے ممبئی حملوں کا ذکر کیا۔
شاعر نے کہا کہ میں نے یہ بات انتہائی احترام اور ادب کیساتھ کی تھی، پاکستان میں میری بات کو بہت حوصلے سے سنا گیا لیکن میرے ملک بھارت میں اس کو بڑھا چڑھا کر بیان کیا جا رہا ہے۔ مجھے یہ احساس دلایا جا رہا ہے کہ جیسے میں کوئی تیسری جنگ جیت کر وطن لوٹا ہوں۔
جاوید اختر کا کہنا تھا کہ میں اسی وجہ سے کسی انڈین چینل کو انٹرویو نہیں دے رہا۔ میری یہاں حد سے زیادہ تعریفیں کی جا رہی ہیں، مجھے اب اپنے بیان پر شرمندگی ہونے لگی ہے۔ حالانکہ میں نے یہ بات کسی سازش کے تحت نہیں کی تھی۔