اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے غیر منقولہ جائیدادوں کے خرید و فروخت پر بھاری ٹیکس عائد کرنے کے بعد، شہریوں کو بینکنگ لین دین میں نئے جرمانے کے نام پر ایک اور مشکل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حالیہ اطلاعات کے مطابق، انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے تحت نان بینکنگ ٹرانزیکشنز کے ذریعے جائیداد خریدنے پر جرمانہ عائد کیا جائے گا، جو کہ خریداروں اور بیچنے والوں کے لیے ایک نئے چیلنج کی شکل میں سامنے آیا ہے۔
رئیل اسٹیٹ کے ماہر محمد احسن ملک نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ یہ مسئلہ خاص طور پر اس وقت ابھرا ہے جب پنجاب کے بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جاری کردہ خط نے اس بات کی وضاحت کی کہ اگر کسی غیر منقولہ جائیداد کی منصفانہ مارکیٹ ویلیو 50 لاکھ روپے سے زیادہ ہے یا دیگر اثاثوں کی قیمت 10 لاکھ روپے سے زیادہ ہے، تو نان بینکنگ ٹرانزیکشن کے ذریعے خریداری پر پانچ فیصد جرمانہ وصول کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں منعقدہ پری پی اے سی اجلاس میں یہ بات سامنے آئی کہ سب رجسٹرارز اور لینڈ ریکارڈ کے افسران نے نان بینکنگ ٹرانزیکشنز پر نہ تو کوئی جرمانہ عائد کیا اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی کارروائی کی۔ متعلقہ حکام نے اس پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور تمام فیلڈ فارمیشنز کو ہدایت کی کہ وہ ان جرمانوں کی وصولی کو یقینی بنائیں۔
محمد احسن نے وضاحت کی کہ اگر نان بینکنگ ٹرانزیکشنز پر جرمانہ وصول کرنے میں ناکامی کی صورت میں، متعلقہ ٹرانسفرنگ اٹیسٹنگ آفیسر ذمہ دار ہوں گے۔ اس نئے نظام نے بے یقینی کی صورتحال پیدا کردی ہے، جس کی وجہ سے جائیداد کے خریداروں اور بیچنے والوں میں اضطراب پایا جا رہا ہے، خاص طور پر جب کہ وہ پہلے ہی بھاری ٹیکسوں سے متاثر ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام رئیل اسٹیٹ کے مارکیٹ میں مزید مشکلات پیدا کرسکتا ہے اور شہریوں کو قانونی پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
- Featured Thumbs
- https://i.imghippo.com/files/CyNf5373ZOU.jpg
Advertisement





