Advertisement

حضرت ابو عقیل رضی اللہ عنہ

484729_500588133310405_2136292963_n.jpg
جنگ یمامہ کے دن حضرت ابو عقیل رضی اللہ عنہ سب سے پہلے نکلے دشمن کی طرف سے ایک تیر آیا جو انہیں کندھے اور دل کے درمیان لگا یہ تیر نکالا گیا لیکن ان کا بایاں حصہ سخت متاثر ہوا چنانچہ وہ گھسٹ کر اپنے خیمے تک پہنچے جب میدان جنگ سخت گرم ہو گیا اور مسلمانوں کو شکست ہونے لگی تو حضرت معن بن عدی رضی اللہ عنہ نے انصار کو آواز لگائی اے انصاریوں آؤ اللہ کی طرف آؤ اللہ کی طرف اور دشمن پر پلٹ کر حملہ کرو ۔ یہ سن کر حضرت ابو عقیل رضی اللہ عنہ کھڑے ہو گئے۔ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ میں نے پوچھا آپ کہا جا رہے ہیں ؟ فرمانے لگے پکارنے والے نے میرا نام بھی پکار ا ہے میں نے کہا ان کا مقصد زخمیوں کو پکارنا نہیں تھا ۔ فرمانے لگے میں بھی انصار میں سے ہوں اور میں ضرور ان کی پکار پر جاؤں گا اگرچہ گھسٹ کر جا سکوں ۔ انہوں نے پٹی باندھی اور تلوار لے کے نکل کھڑے ہوئے اور آوازیں لگانے لگے اے انصار آج حنین کے دن کی طرح پلٹ کر حملہ کرو۔ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ تلواریں آپس میں ٹکرانے لگیں اور حضرت ابو عقیل رضی اللہ عنہ کا زخمی ہاتھ کندھے سے کٹ گیا ۔ میں نے کہا اے ابو عقیل رضی اللہ عنہ انہوں نے کمزور سی آواز میں جواب دیا اور پوچھا کہ کس کو شکست ہو رہی ہے میں نے کہا مبارک ہو اللہ کا دشمن [ یعنی مسیلمہ کذاب ] مارا گیا ہے۔ یہ سنکر انہوں نے اپنی انگلی آسمان کی طرف اٹھائی اور اللہ کا شکر ادا کیا اور شہید ہو گئے ۔ ابن عمر رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ میں نے یہ واقعہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کو سنایا تو فرمانے لگے ان پر اللہ تعالی کی رحمتیں ہوں وہ شہادت کی طلب میں لگے رہے یہاں تک کہ انہوں نے اس پا ہی لیا ۔


[h=5] ( مرآۃ الزمان لابن الجوزی )[/h]
 
Advertisement