مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ فاشسٹس کسی رحم کے محتاج نہیں ہیں، ان کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پرمریم نواز شریف نے ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کے صحافیوں کے گھر کے باہر غنڈہ گردی کرنے والوں کے خلاف ایکشن سے متعلق بیان پر تبصرہ کیا اور اپنی طرف سے ایک تجویز بھی دے ڈالی۔
مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ سینئر صحافی حامد میر، عاصمہ شیرازی سلیم صافی سمیت صحافی برادری کے گھروں کے باہر غنڈہ گردی کی کوشش کرنے والوں سے انتہائی سختی سے نمٹا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے آئی جی اسلام آباد سمیت قانون نافذ کرنے والے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ کسی قسم کی غنڈہ گردی برداشت نہیں کی جائے گی۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ 4 سال تک صحافیوں کا گلا گھونٹنے، پسلیاں توڑنے ،گولیاں مارنے ،پروگرام اور چینل بند کرانے، جیلوں میں ڈالنے کا عمران صاحب کا سیاہ دور ختم ہوچکاہے۔
مریم اورنگزیب کے اس بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ یہ کافی نہیں ہے بلکہ غنڈہ گردی کرنے والے ان لوگوں کو ایسی مثال بنایا جائے کہ کسی کو دوبارہ جرآت نہ ہو، بس بہت ہوگیا، فاشسٹس کسی رحم کے محتاج نہیں ہیں۔