
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ امریکہ سےپاکستان کے حق میں نہیں بلکہ عمران خان کے حق میں بیانات آرہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جیو نیوز کے پروگرا م کیپٹل ٹالک میں میزبان حامد میر نے وفاقی وزیر دفاع سے سوال کیا کہ موجودہ وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عہدہ سنبھالنے کے بعد زیادہ تر وقت امریکہ میں گزارا ہے مگر آج امریکی عہدیداران حکومت کے بجائے عمران خان کے حق میں بیانات دے رہے ہیں، کیا یہ موجودہ حکومت کی خارجی سطح پر شکست نہیں ہے؟
وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ میں اسے شکست نہیں کہوں گا، عمران خان کی حمایت میں پوری امریکی حکومت بیان نہیں دے رہی کچھ سینیٹرز ہیں جو یہ بیان دے رہے ہیں، امریکہ میں لابی سسٹم ہے اور اس لابی سسٹم پر بہت پیسہ خرچ ہوتا ہے،امریکہ سے کس کے حق میں بیان آرہے ہیں؟ اس سے کیا ثابت ہوتا ہے؟یہ ان لوگوں کا بندا ہے جو پاکستان کو غیر مستحکم اور تباہ کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان لوگوں کے ضمیر فلسطین، کشمیر،عراق، افغانستان اور لیبیا میں کیوں نہیں جاگتے ؟ ان لوگوں کے ضمیر صرف پاکستان کیلئے جاگتا ہے؟ عمران خان کیلئے جاگتا ہے؟ کیونکہ عمران خان ان کا اپنا پراڈکٹ ہے ، عمران خان کے کفیل وہاں بیٹھے ہیں اور عمران خان ان کا سپانسرڈ آدمی ہے۔