دنیا ایک گلوبل ولیج بن چکی ہے اور مختلف ملکوں کے شہریوں میں شادیاں کرنے کا رواج عام ہوتا جا رہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق امریکہ سے تعلق رکھنے والے ایک خاتون صحافی نے اپر چترال کے علاقے سے تعلق رکھنے والے پولو کے ایک نوجوان کھلاڑی سے محبت ہونے پر پاکستان پہنچ کر اس سے شادی کر لی۔
امریکہ کی کے کلیئر سٹیفن نامی فری لانس خاتون صحافی امریکہ سے گزشتہ روز ہی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچی تھیں جہاں انہوں نے پولو کے کھلاڑی انور ولی عرف موشور سے نکاح کر لیا۔
امریکی صحافی کے کلیئر سٹیفن کے نکاح میں شریک ان کے دوستوں کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں 8 مہینے پہلے آئی تھیں اور اپرچترال کے علاقے بونی میں قیام کے دوران وہاں ان کی ملاقات پولو کے معروف نوجوان کھلاڑی، شاعر و سماجی شخصیت انور ولی المعروف موشور سے ہوئی تھی۔
کے کلیئر سٹیفن نے اپنے وطن واپس لوٹنے کے بعد بھی انور ولی سے مسلسل رابطہ رکھا تھا جس کے بعد ان کی دوستی دھیرے دھیرے پیار میں بدل گئی اور آخرکار دونوں کے گزشتہ روز قریبی دوستوں کی موجودگی میں نکاح کر لیا۔ دونوں کے نکاح کی تقریب سادگی کے ساتھ طے پائی جس میں انور ولی کے قریبی دوستوں کے ساتھ ساتھ رشتہ دار اور وکلاء بھی شریک ہوئے۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ کے کلیئر سٹیفن گزشتہ روز ہی امریکہ سے اسلام آباد پہنچی تھیں جہاں ان کا استقبال انور ولی کے قریبی دوستوں کے ساتھ ساتھ رشتہ داروں نے کیا اور وہیں پر ان کے نکاح کی تقریب منعقد کی گئی۔ کے سٹیفن اور انور ولی نکاح کے بعد پشاور چلے گئے جہاں سے وہ چترال چلے جائیں گے اور ان کی مقامی رسوم ورواج کے مطابق تقریبات اور ولیمہ کیا جائیگا، نکاح میں کے سٹیفن کا حق مہر 30 ہزار روپے طے کیا گیا۔
امریکی صحافی کلیئر سٹیفن نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ انور ولی کے اخلاق سے متاثر ہوئی جس کی وجہ سے انور ولی کو اپنا جیون ساتھی منتخب کیا۔ میں امریکہ کے مقامی سپورٹس میگزین کے ساتھ کام کرتی ہوں اور دنیا بھر میں گھوم چکی ہیں لیکن چترال کی ثقافت نے بہت متاثر کیا۔ انور ولی پولو کے بہت اچھے کھلاڑی ہیں، ان کے میچز دیکھنے پولو گرائونڈ جاتی تھی جس کے بعد ان میں دلچسپی بڑھنے لگی۔