- Joined
- Dec 31, 2009
- Posts
- 5,873
- Reaction score
- 3,605
- Points
- 193
اس کے بارے میں ایک اصول کی بات سمجھ لیجیے، اور وہ یہ کہ قرآن دین کی پہلی کتاب نہیں ہے، قرآن دین کی آخری کتاب ہے۔ یعنی جس دین کو "اسلام" کہا جاتا ہے، اس کی ابتدا قرآن سے نہیں ہوئی، بلکہ اس کی ابتدا آدم علیہ السلام سے ہوئی ہے۔ تمام پیغمبر یہی دین لے کر آئے ہیں۔ قرآن یہ کہتا ہے کہ یہودی، مسیحی سب مسلمان ہیں، اور یہ خود فرقے بن گئے ہیں، جس طرح محمد الرسول الله ﷺ کے بعد فرقے بن گئے، ایسے ہی پہلے فرقے بن گئے تھے۔
مَا كَانَ إِبْرَاهِيمُ يَهُودِيًّا وَلَا نَصْرَانِيًّا وَلَـٰكِن كَانَ حَنِيفًا مُّسْلِمًا وَمَا كَانَ مِنَ الْمُشْرِكِينَ (سورہ آلِ عمران آیت 67)
ابراھیم نہ یہوودی تھے اور نہ نصرانی لیکن سیدھے راستے والے مسلمان تھے اور مشرکوں میں سے نہ تھے
وہ اسی حیثیت سے ان کو خطاب بھی کرتا ہے، ان کو بھی الله کی کتابیں دی گئی تھیں۔ تو یہ الله کی دعوت، الله کا پیغام، الله کا دین، یہ سب پیغمبروں کا دین ہے۔ لہٰذا تمام پیغمبروں کو جو ہدایت دی گئی، قرآن نے خود اس کی تاکید کر دی ہے کہ ہمیں بھی اسی کی پیروی کرنی ہے۔
وہ جو ہدایت تھی، یا جو روایت تھی، یا جو روایت چلی آ رہی تھی، وہ عرب میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کے ذریعے سے پہنچی، اور حضرت ابراہیم کی اولاد بنی اسماعیل میں وہ روایت قائم تھی۔ اس کو قرآن "ملتِ ابراہیم" کہتا ہے۔
ابراہیمی دین کی روایت کو رسول الله ﷺ نے اور قرآن نے زندہ کیا۔ اگر اس میں کوئی خرابی تھی تو اس کی اصلاح کی، اور اگر کوئی اضافہ کرنا تھا تو وہ کر کے اس کو جاری کر دیا۔ یعنی پیغمبروں کی روایت کو آگے بڑھایا گیا، اس کو "سنت" کہتے ہیں۔
یہ انبیاء علیہم السلام کی سنت ہے، جسے محمد الرسول الله ﷺ نے ازسرِنو نافذ کیا۔ یعنی جو چیز مٹ چکی تھی، اس کو زندہ کیا، جس میں اصلاح کی ضرورت تھی، اس کی اصلاح کی، اور جس میں اضافہ مقصود تھا وہ کر دیا۔
یہ سنت قرآن سے پہلے موجود تھی۔ یہی نماز اسی طرح موجود تھی، روزہ اسی طرح موجود تھا، حج اسی طرح موجود تھا، زکوٰۃ اسی طرح موجود تھی۔ یہ انبیاء علیہم السلام کا طریقہ ہے۔ یہی نماز حضرت مسیح علیہ السلام پانچ وقت پڑھتے تھے، یہی نماز یہود پانچ وقت پڑھتے تھے، تمام انبیاء اسی طریقے سے نماز پڑھتے رہے۔
قرآن میں روزے کی آیت ہی یہاں سے شروع ہوتی ہے کہ:
يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا كُتِبَ عَلَيْكُمُ الصِّيَامُ كَمَا كُتِبَ عَلَى الَّذِينَ مِن قَبْلِكُمْ لَعَلَّكُمْ تَتَّقُونَ (البقرہ 183)
اے ایمان والو تم پر روزے فرض کیے گئے ہیں جو تم سے پہلے تھے تاکہ تم پرہیز گار ہو جاؤ
حج بھی اسی طرح رسول الله ﷺ سے پہلے سے جاری تھا۔
تو یہ ساری سنت دراصل انبیاء کا دین ہے، لہٰذا اس کو مضبوطی سے پکڑیے اور قرآن کو مضبوطی سے پکڑیے۔ ان میں سے کوئی چیز حدیث میں بیان نہیں ہوئی، بلکہ یہ سب مسلمانوں کے اجماع سے منتقل ہوئی ہے۔
یعنی رسول الله ﷺ نے نماز پانچ وقت ادا کی، اور مسلمانوں نے وہی نماز نسل در نسل پڑھتے ہوئے آج تک پہنچائی ہے۔ روزے، حج اور زکوٰۃ بھی اسی طرح جاری ہیں۔ ان پر کبھی انقطاع نہیں ہوا۔ جیسے قرآن پوری امت نے اجماع سے منتقل کیا، ویسے ہی یہ سنتیں منتقل ہوئیں۔
میں نے اپنی کتاب "میزان" کے آغاز میں ان سب کی فہرست لکھی ہے، تقریباً ستائیس چیزیں ہیں جو سنتِ لازم کے درجے میں ہیں۔ قرآن ان پر عمل کی تاکید کرتا ہے اور اپنے نبی کو حکم دیتا ہے
ثُمَّ أَوْحَيْنَا إِلَيْكَ أَنِ اتَّبِعْ مِلَّةَ إِبْرَاهِيمَ حَنِيفًا ۖ وَمَا كَانَ مِنَ الْمُشْرِكِينَ (سورہ النحل 123)
پھر ہم نے تیرے پاس وحی بھیجی کہ تمام راہوں سے ہٹنے والے ابراہیم کے دین پر چل اور وہ مشرکوں میں سے نہ تھا
اس وجہ سے ان سنتوں کو قرآن سے الگ نہ سمجھیے۔ یہی وجہ ہے کہ قرآن ان کی تفصیل نہیں بیان کرتا۔ جب قرآن کہتا ہے نماز قائم کرو، تو مخاطبین جانتے تھے کہ نماز کیا ہے۔ جب کہتا ہے زکوٰۃ دو، تو وہ جانتے تھے زکوٰۃ کیا ہے۔ حج کرو، تو وہ جانتے تھے حج کیا ہے۔
رسول الله ﷺ خود نبی ہونے سے پہلے حج کرتے تھے، اور اسی ابراہیمی طریقے سے۔ حضرت ابو ذر غفاری رضی الله عنہ اپنے اسلام لانے کا واقعہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے ابھی حضور کو سنا بھی نہیں تھا، لیکن نماز کا پابند ہو چکا تھا۔
لہٰذا سنت قرآن سے پہلے سے موجود دین ہے، جس پر قرآن نے عمل کا حکم دیا۔ یہ کسی روایت یا حدیث پر مبنی نہیں، بلکہ قرآن کی طرح امت کے اجماع سے منتقل ہوئی ہے۔
اب رہ گئیں احادیث۔
یہ پہلے سمجھ لیجیے کہ وہ چیز ہے کیا۔ رسول الله ﷺ نے جب دین مکمل کر دیا، قرآن پہنچا دیا، سنت کو نافذ کر دیا، تو اس کے بعد جو کچھ آپ ﷺ کی زندگی میں ہوا، وہ تاریخ بن گیا۔ آپ ﷺ نے خطبے دیے، نصیحتیں کیں، فیصلے کیے، سوالوں کے جواب دیے، لوگوں کو دیکھا کہ آپ ﷺ کیسے عمل کر رہے ہیں۔ تو جب آپ ﷺ دنیا سے رخصت ہوئے تو لوگوں نے یہ سب بیان کرنا شروع کر دیا، جیسے بڑی شخصیات کے حالات و اقوال بیان کیے جاتے ہیں۔
یہی سے "حدیث" کا ذخیرہ وجود میں آیا۔ بعض صحابہ محتاط رہے کہ کہیں غلط بات منسوب نہ ہو، بعض نے کہا کہ یہ امانت ہے، لوگوں تک پہنچانی چاہیے۔
بعد کے زمانے میں جب جھوٹے یا کمزور روایات آنے لگیں تو محدثین پیدا ہوئے، جنہوں نے ایک غیر معمولی علمی کام کیا۔ انہوں نے روایتوں کو جمع کیا، راویوں کی سیرت و کردار، حافظہ، ملاقات، سمجھ بوجھ سب دیکھی، پھر ہر روایت کو قرآن، سنت، عقل اور علم کے معیار پر پرکھا۔
یہی اصولوں پر بخاری، مسلم، ترمذی، نسائی، ابوداؤد جیسی کتابیں مرتب ہوئیں۔ یہ دین میں کوئی اضافہ نہیں کرتیں، بلکہ رسول الله ﷺ کی سیرت، اقوال و افعال کا تاریخی ریکارڈ ہیں۔
ان پر ہمیشہ تحقیق و تنقید ہوتی رہی ہے اور ہوتی رہے گی۔
ہمیں چاہیے کہ انہیں اسی زاویے سے دیکھیں۔ جو روایت قرآن، سنت، عقل اور تحقیق کے معیار پر پوری اترے، اسے قبول کریں۔ دین مکمل طور پر قرآن و سنت میں محفوظ ہے، وہی اصل ہے، وہ کسی کی تحقیق یا تالیف کا محتاج نہیں، بلکہ امت کے اجماع سے ہم تک پہنچا ہے۔
Last edited:





