Advertisement

90 افراد کے گردے نکال کر فروخت کرنے والا گروہ گرفتار

6grusiddygreoeohdjd.png

پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے 90 افراد کے گردے نکال کر فروخت کرنے والا ایک اور گروہ پکڑا گیا ہے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لاہور سے غیر قانونی طور پر گردے ٹرانسپلانٹ کا ایک اور اسکینڈل سامنے آگیا ہے،جس میں نوکری کا جھانسہ دے کر لوگوں کے گردے نکال کر فروخت کرنے والا گروہ پکڑا گیا ہے۔

اس گروہ نے کوگوں کو بڑے پیمانے پر نوکریوں کا جھانسہ دے کر نامعلوم مقام پر بلوایا اور دھوکے سے گردے نکال کر لاکھوں روپے میں فروخت کردیے ہیں۔

لاہور کے تھانہ صدر کی ایس پی سدرہ خان نے واقعہ سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پکڑے جانے والے گروہ نے لاہور میں 90 سے زائد افراد کے آپریشن کرکے گردے نکالے، اس کیلئے ملزمان سادہ لوح افراد کو نوکریوں کا جھانسہ دے کر اسلام آباد بلواتے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی پیوند کاری کا سارا دھندا اسلام آباد کے ایک فارم ہاؤس میں ہوتا ہے، ملزمان زیادہ تر غریب اور مزدور طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو نشانہ بناتے تھے اور نوکری کیلئے میڈیکل ٹیسٹ کا بہانہ بناکر گردے نکال لیتے تھے۔

ایس پی صدر کا کہنا تھا ملزمان ایک گردے کو 25 سے 50 لاکھ میں فروخت کرتے تھے، کہ اس سارے دھندے سے وابستہ چار ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے، غیر قانونی پیوند کاری میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔