Advertisement

76 ممالک میں 21 ہزار 406 پاکستانی شہریوں کے قید ہونے کا انکشاف

1819025795e7467.jpg

وزارت سمندر پار پاکستانی نے انکشاف کیا ہے کہ اس وقت دنیا کے 76 ممالک میں مجموعی طور پر 21 ہزار 406 پاکستانی شہری جیلوں میں قید ہیں، جن میں سب سے زیادہ قیدی سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں ہیں۔

یہ اعداد و شمار سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانی کے اجلاس میں پیش کیے گئے، جس کی صدارت سینیٹر ذیشان خانزادہ نے کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے وزارت کے حکام نے بتایا کہ سعودی عرب میں سب سے زیادہ 10 ہزار 423 پاکستانی قید ہیں، جبکہ متحدہ عرب امارات میں 5 ہزار 297 پاکستانی جیلوں میں ہیں۔ ترکی میں ایک ہزار 437 اور بھارت میں 738 پاکستانی قید ہیں۔

حکام نے کمیٹی کو مزید بتایا کہ 14 ممالک میں پاکستانی سفارتخانوں سے تاحال قیدیوں کا ریکارڈ موصول نہیں ہو سکا، اور کئی پاکستانی صرف جرمانہ ادا نہ کر سکنے کی وجہ سے جیل میں ہیں۔

واضح رہے کہ 19 مئی 2025 کو وزارت خارجہ نے قومی اسمبلی کو بتایا تھا کہ دنیا بھر میں پاکستانی قیدیوں کی مجموعی تعداد 23 ہزار 456 ہے، جن میں سے سب سے زیادہ 12 ہزار 156 سعودی عرب میں قید ہیں، جبکہ متحدہ عرب امارات میں 5 ہزار سے زائد پاکستانی جیلوں میں ہیں۔ وزارت خارجہ کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق چین میں تقریباً 400، بحرین میں 450، افغانستان میں 88، قطر میں 338، عمان میں 309 اور ملائشیا میں 255 پاکستانی شہری قید ہیں۔