فیسکو نے اپنے دفاتر میں استعمال کی جانے والی بجلی کے بلوں کی مد میں 14 لاکھ 11 ہزار روپے ادا کرنے ہیں: ذرائع
ایک طرف تو ملک بھر میں بجلی بلوں کے نادہندہ عام صارفین، بجلی چوری اور کنڈا مافیا کے خلاف آپریشن کیا جا رہا ہے تو دوسری طرف انکشاف سامنے آیا ہے کہ بجلی بلوں کی مد میں بہت سے سرکاری اداروں کے ذمہ کروڑوں روپے واجب الادا ہیں۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کو 50 سے زیادہ سرکاری اداروں کی طرف سے بجلی کے بلوں کی ادائیگی نہ کیے جانے کے باعث 1 ارب 52 کروڑ 8 لاکھ روپے ادا کرنے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز کی رپورٹ کے مطابق فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کو 1 ارب 52 کروڑ 8 لاکھ روپے ادائیگی نہ کرنے والے 50 سرکاری اداروں اور واجب الاداء رقوم کی فہرست حاصل کر لی ہیں۔ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ فیسکو کے نادہندہ سرکاری اداروں میں سے صرف واسا کے ذمہ 1 ارب 39 کروڑ 58 لاکھ 55 ہزار روپے واجب الادا ہیں۔
دوسرے نمبر پر پنجاب پولیس کا محکمہ رہا ہے جس نے فیسکو کے 2 کروڑ 10 لاکھ روپے ادا کرنے ہیں اور تیسرے نمبر پر محکمہ جیل خانہ جات ہے جس نے فیسکو کو 1 کروڑ 85 لاکھ روپے کی ادائیگی کرنی ہے جبکہ اعدادوشمار میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ فیسکو نے اپنے دفاتر میں استعمال کی جانے والی بجلی کے بلوں کی مد میں 14 لاکھ 11 ہزار روپے ادا کرنے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن چنیوٹ نے فیسکو کے 1 کروڑ 59 لاکھ روپے ادا کرنے ہی جبکہ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے ذمہ بھی 1 کروڑ روپے سے زائد کی رقم واجب الادا ہے۔
محکمہ ریلوے نے فیسکو کو 68 لاکھ 43 ہزار روپے کی ادائیگی کرنی ہے جبکہ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے بھی 68 لاکھ 22 ہزار روپے کے بجلی بل کی ادائیگی نہیں کی گئی۔
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) فیصل آباد نے بجلی بلوں کی مد میں 19 لاکھ 41 ہزار روپے کی ادائیگی کرنی ہے۔ ضلعی حکومت جھنگ کے ذمہ بجلی بلوں کی مد میں 1 کروڑ 35 لاکھ روپے جبکہ پاسپورٹ آفس کے ذمہ 11 لاکھ 66 ہزار روپے واجب الاداء ہیں۔ محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت بھی فیسکو کا نادہندہ ہے جنہوں نے بالترتیب 19 لاکھ 25 ہزار اور 7 لاکھ 92 ہزار روپے کی ادائیگیاں کرنی ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/13elelctricitychosidary.jpg
Advertisement





