Advertisement

یومِ مئی سے یومِ حساب تک

تاریخی حقیقت یہ ہے کہ پیداوار کے حوالے سے کرہ ارض پہ بسنے والے اہم ترین طبقے مزدور سے یک جہتی کے لیے لیبر ڈے ، 1886 میں شکاگومیں مزدوروں پر ہونے والی فائرنگ سے پہلے بھی کئی ملکوں میں برسوں سے منایا جا رہا تھا۔کینیڈا میں 1872 اور نیوزی لینڈ میں تو اس سے بھی پہلے یہ سلسلہ قدرے مختلف شکل میں 1840 سے شروع ہو چکا تھا۔ مگر 1886 میں شکاگو میں مزدوروں کے بہنے والے خون نے ایسے اپنی طرف توجہ مبذول کرائی کہ اب دنیا کے بیشتر ممالک میں یکم مئی یعنی یوم مزدور 1886 میں ہونے والے مزدروں کے قتلِ عام کے حوالے سے ہی منایا جاتا ہے۔ سچ ہے کہ کسی بھی نوعیت کی تحریک کا پرچم انہی کے ہاتھوں میں ہوا کرتا ہے جو اس تحریک کو اپنا خون دیا کرتے ہیں۔1886میں شکاگو میں مزدور اپنے معصوم مطالبات لیے نعرہ احتجاج بلند کر رہے تھے جس میں اور کئی مطالبات کے ساتھ بنیادی مطالبہ یہ تھا کہ وہ ملوں کارخانوں میں آٹھ گھنٹے سے زیادہ کام نہیں کریں گے اور یہ کہ آٹھ گھنٹے سے زیادہ کام کرنا غیر انسانی ہے۔ تاریخ بتاتی ہے کہ اس دن تیرہ ہزار کے لگ بھگ مختلف کاروباری یونٹوں کے تین لاکھ سے زیادہ مزدور پورے امریکہ میں احتجاج کر رہے تھے اور ان کا بنیادی نعرہ ایک ہی تھا کہ کام کا دورانیہ صرف آٹھ گھنٹے. تاریخ کے بکھرے ہوئے اوراق بتاتے ہیںکہ کہیں سے کسی نے کوئی بم اُچھالا اور اس کے بعد پولیس نے اندھا دھند مزدوروں پر فائرنگ شروع کر دی۔ تاریخ آج تک نہیں جان پائی کہ وہ بم جس نے اس موقع پر آگ لگا کر دنیا بھر کے مزدوروں میں اپنے حقوق کے لیے آگ بھر دی کس نے اُچھالا تھا۔
یک مئی 1986کو مزدوروں کا قتلِ عام نہیں تھا بلکہ صدیوں سے مزدوروں کے جائز مطالبات کا گلا گھونٹنے کی کوشش کی گئی تھی مگر اس دن شکاگو کے مزدور مل کر اتنی قوت سے چیخے کہ آج پوری دنیا ان کی آواز میں آواز ملاتی ہے۔کل کسی چینل پر اسی حوالے سے ایک گفتگو ریکارڈ ہو رہی تھی تو میں نے انہیں بتایا کہ جن سے ہم روشنی اور زندگی میں رہنمائی کشید کرتے ہیں مزدوروں کے حقوق کی پاسداری کا حکم تو وہ ہمیں چودہ سو سال پہلے دے گئے تھے ۔ مزدوروں کے ایسے حقوق کہ نام نہاد مہذب کہلانے والی مہذب دنیا بھی آج تک مزدوروں کو وہ احترام وہ حقوق دینے کو تیار نہیں جس کی تلقین چودہ سو سال پہلے کر دی گئی تھی . اور افسوس صد افسوس کہ مسلمانوں نے انفرادی واجتماعی طور پر شاید ایک پرسنٹ بھی اپنے آقا کی مزدوروں کے حوالے سے کی گئی ہدایات پر عمل نہیں کیا. کیا منہ دکھائیں گے ہم اپنے آقا سرکارِ دو عالم کو. ایک مرتبہ میرے آقا بی بی فاطمہؓ کے گھر تشریف لے گئے بی بی فاطمہؓ کسی بات پہ اپنے ملازم پہ برہم تھیں میرے آقا نے فرمایا فاطمہؓ !!! غلطی کرنے پر ملازم کو معاف کر دیا کرو بی بی فاطمہؓ نے فرمایا کئی مرتبہ تو کرتی ہوں دن میں اور کتنی مرتبہ معاف کیا کروں.؟؟؟ سبحان اللہ .سبحان اللہ میرے آقا نے جو فرمایا اگر اس پر عمل کیا جائے تو وہ سال کے تین سو پینسٹھ دن بھی مزدوروں کے لیے مختص کرنے پہ بھاری ہو۔ میرے آقا سرکاردوعالم نے فرمایا کہ فاطمہؓ !!! کم ازکم ایک دن میں ستر مرتبہ تو معاف کیا کرو. عربی دان بتاتے ہیں کہ بلیغ عربی زبان میں ستر کا لفظ کثرت کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے. سو اگر کثرت کا مفہوم بھی لیا جائے تب بھی مطلب یہی نکلتا ہے کہ اپنے ملازموں کے ساتھ نرمی سے کام لیا جائے اور ان کی بشری غلطیوں کو زیادہ سے زیادہ معافی عطا کی جائے درگزر کیا جائے۔یقینا مزدور کو اپنی ذمہ داری پورے طور پہ نبھانے کی کوشش کرنی چاہیے مگر یہ بھی سچ ہے کہ اس کی غلطیوں پر ہمیں درگزر اور نرمی برتنے کی واضح تلقین کی گئی ہے. کیا منہ دکھائیں گے ہمارے حکمران پالیسی ساز اپنے آقا سرکارِ دوعالم ﷺ کو . جن کے خلیفہ نے اپنی تنخواہ کو مزدور کی تنخواہ سے منسلک کیا . سیاست دان ، بیوروکریٹ، جج، جرنیل. بات بات پہ سرکارِ دو عالم ﷺ اور خلفاءراشدین کی مثالیں دینے والے اپنے لیے تو لاکھوں کی تنخواہیں اور مراعات مقرر کرتے ہیں اور مزدور کے لیے دن بھر کی دس سے بارہ گھنٹے کی مشقت وذلت کے بعد بمشکل سو یا ڈیڑھ سو یا دوسو روپے کی دیہاڑی. مزدور کے لیے کوئی نہیں سوچتا مزدور کے لیے کوئی نہیں بولتا.فی زمانہ یومِ مئی کی اہمیت اپنی جگہ کہ چلیں ایک دن تو مزدوروں کے حقوق کا تذکرہ ہوتا ہے مگر نہ بھولیں کہ جن کے ہم ماننے والے ہیں وہ اپنی سواری میں بھی اپنے غلاموں کا حق سمجھا کرتے تھے.خلیفہ وقت جب ایک شہر میں داخل ہو رہے تھے تو باری غلام کی تھی سو وہ سواری پر بیٹھا تھا اور خلیفہ وقت نے سواری کی باگ تھام رکھی تھی. کاش ملازموں اور مزدوروں کے لےے ان روشن میناروں کے رویوں سے ہم نے روشنی کشید کی ہوتی. کہ ہمارے ڈرائیورز ہوں گھر میں کام کرنے والی ملازمائیں یا دکانوں پہ آفسسز میں یا ہمارے کھیتوں میں یا ملوں میں کام کرنےوالے ملازم ان سب کے بارے میں ہم سے سوال ہو گا۔ یومِ مئی منائیں یا نہ منائیں جب یومِ حساب آئے گا تو اپنے ملازموں کا اپنے لیے کام کرنے والے مزدوروں کا کتنا استحصال کیا طے شدہ اوقات سے زیادہ، ادائیگی کے بغیر کتنا ان سے کام لیا. گویا ان کی مجبوریوں سے کتنا فائدہ اٹھایا. کتنی مرتبہ ان کی تحقیر کی .کتنی مرتبہ ان کا دل توڑا سب کا حساب دینا ہو گا. عجب نہیں کہ محلوں میںرہنے والی اشرافیہ یا کھاتے پیتے لوگوں کی نیکیاں حساب کے بعد ان کے مزدوروں ان کے ملازموں کو دے دی جائیں. عجب نہیں کہ یومِ حساب کے بعد آج کے ملازم اور مزدور محلوں میں رہےں اور آج کی اشرافیہ اور کھاتے پیتے مزدوروں کا استحصال کرتے پِھٹے ہوئے وجودوں والے ان کی چاکری پہ معمور کر دئیے جائیں. کیا بہتر نہیں ہے کہ یومِ حساب آنے سے پہلے یومِ مئی پہ مزدوروں کے جائز حقوق اور جائز مطالبات پہ توجہ کی جائے۔ وہ جو اربوں کھربوں کی ملیں لگائے بیٹھے ہیں. وہ جو اپنے لیے لاکھوں کی تنخواہیں مقرر کرتے ہیں ۔ کروڑوں کی مراعات لیتے ہیں وہ جو اپنے اخراجات کا حساب تک دینے پہ راضی نہیں ہوتے وہ جو اس ملک کے بیشتر سرمائے کو اپنے اداروں اپنے لوگوں کا حق سمجھتے ہیں۔ کیا ان میں سے کوئی بھی. کوئی بھی. مزدور کے حقوق کے لیے سو موٹو ایکشن لینے کے لیے تیار نہیں.کوئی لیجیسلیشن کرنے کے لیے تیار نہیں۔ اس ملک میں ایک فیصد سے بھی کم کی نمائندگی کرنے والے جج جرنیل سیاستدان صحافی ہر ایک کا استحقاق ہے جو بات بات پہ مجروح ہو جاتا ہے اگر نہیں ہے تو مزدور کا ملازم کا غریب
کا کوئی استحقاق نہیں. کیا بجلی، پانی ، گیس، رہائش سادہ سی تعلیم اور صحت کے لےے مزدور اور گھریلو ملازمین کی تنخواہیں کم ازکم بیس سے تیس ہزار کے درمیان نہیں ہونی چاہیں.؟؟؟ ریاست کرے نہ کرے مگر پاکستان میں بسنے والے سینکڑوںپتی ، کروڑوں پتی، اربوں پتی، کھربوں پتی افراد تو کم ازکم اپنے ملازمین کی تنخواہیںاتنی مقرر کر سکتے ہیں کہ جب یومِ حساب برپا ہوتو وہ خالق کے آگے سرخرو ہو سکیں .یومِ مئی تو گزر رہا ہے گزر جائے گا یومِ حساب سے ڈریں کہ جیسے ہمارے اعمال ہیں جیسا ہم اپنے ملازموں مزدوروں کا استحصال کرتے ہیں ان کی تنخواہیں مقرر کرتے وقت ان کے حقوق دیتے وقت کیلکولیٹر تھام کر حساب کتاب میں مصروف ہو جاتے ہیں۔جب یومِ حساب، خالق اپنا کیلکولیٹر تھامے ہمارا آپ کا حساب لے رہا ہوگا تو دنیاکا سارا منافع خسارے میں تبدیل ہو جائے گا۔ آئیے یومِ مئی پر عہد کریں کہ اپنے منافع میں اپنے مزدور اپنے ملازموں کو شریک کریں گے ورنہ یومِ حساب صرف خسارہ ہمارا مقدر ہو گا.
www.facebook.com/wasishahthepoet

Source



​
 
p2_01.jpg