PAINDO
Siasat.pk - Blogger
- Joined
- Aug 29, 2010
- Posts
- 8,049
- Reaction score
- 15,805
- Points
- 113
١ - آپ ۔ آپکے پاس وہ کیاا سٹریٹیجک پلان ہےجس کے ذریعے آپ ملک میں کرپشن،آرمی کی مداخلت منظم شہری اور دیہاتی طالبان ،غیر تربیت یافتہ قوم (ہجوم) وغیرہ جیسے مسائل کو شکست دے کرسب ٹھیک کردیں گے؟
2۔ آپکے پاس وہ کونسی ایماندارٹیم اورگراس روٹ لیول کےکارکن ہیں،جن کی مددسےوڈیروں،جاگیرداروں کا65سالہ قبضہ خالی کروالیں گے؟
3۔ آپکے ساتھ موجودہ لوگوں کی کیاشہرت ہےاورجو نئےپرندےمختلف کرپٹ سیاسی جماعتوں سےاڑکر اب آپکے پاس آئیں گےاان کوپرکھنےکاکیا معیارہے؟
4۔ کیا آپ موجودہ انتخابی نظام( جس میں4 کروڑ جعلی ووٹرز اب بھی ہیں)کےہوتے ہوئے تبدیلی لائیں گے یا کوئی نیانظام لائیں گے،اگرنیا نظام تواس کے کیاخدو خال ہیں؟ وہ کس طرح بنے گا؟کیسے نافذ ہوگا ؟ کیاکیا رکاوٹین درپیش ہوں گی؟ ان کے مقابلے کا پلان A،پلانB،اور پلان C آپ کے پاس کیاہے؟
5۔ عمران صاحب اپنےاس مزاج کےساتھ کس طرح آپ ایک ٹیم بنائیں گے اوراسےکس طرح چلائیں گے؟(آپ کو قریب سے جاننے والوں کا خیال ہے کہ آپ مزاجاً ایک آمریت پسند انسان ہیں) آپ میں خوئے دل نوازی نہیں ،ٹیم بنانا اور اسے لے کر چلنا آپ کے بس کا روگ نہیں۔
6۔ اس بات پر کیسے یقین کرلیا جائےکہ آپ کے پیچھے کوئی ایجنسی نہیں ہےجبکہ اس ملک کی کوئی تحریک ایجنسیز کی مدد کے بغیر نہیں چلی؟
7۔ اس بات کی کیاضمانت ہے کہ ایک خاص حدکے بعد آپ کےکردار کو محدود نہیں کیا جائے گا؟
8۔ خدانخواستہ آپ کو منظر سےہٹا دیا گیا جائے توایسا کونسا اندرونی نظام آپ نے بنا لیا اور اپنی ٹیم کی ٹریننگ کرلی ہے جو آپ کےبعد بھی ٹھیک کام کرتی رہے گی؟
9۔ آپ کی ٹیم کن خطوط پر تربیت پائے گی اور اسکا کیا نظام آپکے ذہن میں ہے؟
10 ۔اگر آپ کے پاس کوئی تفصیلی خاکہ اور جزئیات میں سوچاہوا منصوبہ اور اسکو عملی جامہ پہنانے کے لئے تیار ٹیم نہیں توپھر کیااس طرح آدھے پونے نعروں پر مبنی تبدیلی 10برس بعدلوگوں کوانقلاب کے نام سے ہی مایوس اور متنفر نہیں کر دے گی؟
11۔ کیا آپکو معلوم ہے کہ ایران میں انقلاب سےپہلے ان کےپاس ایک تفصیلی خاکہ تھا کہ وہ اپنے کالے اور گورے انگریزوں سے کیسے نمٹیں گے؟ اور انہوں نے انقلاب کے فوراً بعد اس پر تیزی سے عمل درآمد کرکے سب کو حیران کردیا اور اہداف حاصل کرلئے۔
-------------------------------------
گیاره سوالات کے گیاره جوابات
-------------------------------------
1۔ کرپشن کا خاتمہ اس میں ملوث افراد، گروہ یا جماعتیں نہیں کرسکتیں اسی لیے اثاثوں کی شفاف چھان بین اور بیرون ملک سرمائے کی پاکستان منتقلی کا مطالبہ لاہور کے جلسے میں کیا گیا۔ جہاں تک حکمت عملی کا سوال ہے تو گذشتہ سالوں میں عدلیہ اس ضمن میں ایک اہم محرک کے طور پر سامنے آئی ہے۔ آزاد عدلیہ کی موجودگی میں کرپشن کے خاتمے کے لیے ایسے حکم راں درکار ہیں جو عدلیہ کے فیصلوں پر عمل درآمد کروائیں اور پراسیکیوشن میں مدد کریں۔ ملک میں موجود نظامِ احتساب کو موثر بنا کر یہ ہدف حاصل کیا جاسکتا ہے۔
فوجی مداخلت کو روکنے کے لیے ہمارے ہاں روایتی سطح پر جو رویہ اپنایا جاتا ہے اس میں تصادم یا مزاحمت کے جذبات غالب ہوتے ہیں، لیکن اس کے سدباب کے لیے صرف اور صرف عوامی طاقت درکار ہوتی ہے، اس طاقت کے ذریعے ہی فوج کی مداخلت روکی جاسکتی ہے۔ ذاتی مفادات اور گورکھ دھندوں سے دور رہنے والی قیادت کو ملا ملٹری الائنس بلیک میل نہیں کرسکے گا۔
بیرونی طاقت پر انحصار اور ان کی خواہشات کی تابع داری ہمارے داخلی اور خارجی مسائل کی جڑ ہے۔ ملک میں موجود مذکور مسلح گروہوں کا جواز ہی یہ ہے کہ حکم راں بیرونی قوتوں کے دریوزہ گر ہے اور ان کے خلاف مزاحمت مبنی بر حق ہے۔ عمران خان اس جواز کے خاتمے کہ قائل بھی ہیں اور ہر فورم پر اسے تواتر سے پیش کرتے آئے ہیں۔ عمران خان ایک پاکستانی نیشنلسٹ ہیں، پاکستانیت پر فخر کرتے ہیں۔ کپتان سوات آپریشن کی مخالفت اور ملک کے اندر پائے جانے والے عسکری گروپوں سے مذاکرات کا اس وقت بھی حامی رہا جب سوات آپریشن پر عمومی اتفاق رائے کی فضا تھی۔ اس لیے اگر ملک میں پائے جانے والے عسکری گروپ واقعی امریکی مداخلت کے باعث ریاست سے مزاحمت کرتے ہیں تو ان اسباب کی فراہمی کے بعد یہ مزاحمت ختم کی جاسکتی ہے۔
ہجوم اور قوم کا مسئلہ دو چار دن کی بات نہیں اس کے لیے یقیناً وقت درکار ہے۔ لاہور میں ہونے والا جلسہ نسبتاً منظم تھا اور بتدریج ہی یہ نظم و ضبط منتقل ہوتا ہے۔ (امید ہے کہ سوال کا مقصد یہ ہرگز نہیں ہوگا کہ آداب نشست و برخواست اور بود و باش سکھانے کے بعد کسی تبدیلی کی بات کی جائے) اصل خرابی نظام کی ہے اور اسی خرابی کے باعث نظم بھی خراب ہوتا ہے اس لیے جب نظام میں بہتری آئے گی تو بہت سی خرابیاں دور ہو جائیں گی۔
2۔ عمران خان ایک عوامی لیڈر ہے اور گذشتہ چار سالوں سے عوام کو متحریک کرنے کے لےے کراچی سے وانا تک عوامی رابطے کررہا ہے۔ وہ اسی عوامی طاقت کے ذریعے استحصالی طبقات کو شکست دینے کی جستجو میں ہے۔
3۔ تحریک انصاف میں موجودہ لوگ پندرہ سال سے کپتان کے ساتھ ہیں، اپوزیشن میں رہے ہیں، مزاحمتی سیاست کی ہے۔ جن کو آس نہیں تھی وہ جماعت سے علیحدگی اختیار کرچکے ہیں۔ رہی بات نئے آنے والوں کی تو سوائے کھلم کھلا کرپشن کرنے والوں کے جو لوگ آرہے ہیں انھیں قبول کرنے میں کیا ہرج ہے۔ سب پاکستانی ہیں، انھیں خوش آمدید کہنا چاہیے۔ اس کے علاوہ پارٹی سطح پر ہونے والے انتخابات تطہیر کا کام کریں گے۔ (آپ نے جو ذاتی تجربہ بیان کیا گیا اس کا جواب یہی ہے کہ پہلے تو ذمے دار کے خلاف عدالت جانا چاہیے؟ اگرکوئی قانونی کارروائی کی گئی تو اس کا نتیجہ کیا نکلا؟ شواہد کے بغیر بیان کیا گیا ذاتی تجربہ محض الزام ہے)
4۔ آپ نے قوسین میں اب بھی کے ساتھ جن 4 کروڑ جعلی ووٹوں کا تذکرہ کیا ہے۔ اس کا کوئی حوالہ؟ کیا یہ چار کروڑ ووٹ ان ساڑھے 3 کروڑ ووٹوں کے علاوہ ہیں جو پاکستان تحریک انصاف کی پیٹیشن پر سپریم کورٹ کے جاری کردہ احکامات کے بعد ووٹر لسٹوں سے خارج کیے جاچکے ہیں؟ دوسری بات کی جاچکی ہے کہ موجودہ سیٹ اپ کے تحت آزادانہ اور شفاف انتخابات ممکن نہیں، ایک غیر جانب دار سیٹ اپ کی ضرورت ہے، جس کے لیے تحریک چلائی جارہی ہے۔
5۔ محمد علی جناح نے کہا تھا فیصلہ کرنے سے پہلے سو بار سوچو مگر جب کر لو تہ اُس پر قائم رہو۔ کپتان واحد لیڈر ہے جو اپنی سمجھ بوجھ رکھتا ہے۔ خود سے فیصلے کرتا ہے۔ ساری دنیا نے سوات آپریشن کی حمایت کی،سروے چیختے رہے کہ 80 فیصد لوگ حمایت کرتے ہیں لیکن وہ اپنے فیصلے پر قائم رہا آج اس کی بات درست تسلیم کی جارہی ہے۔لیڈر کو ایسا ہی ہونا چاہیے۔ ماضی میں کپتان سے جو غلطیاں ہوئیں ان کا اعتراف کیا،قوم سے معافی مانگی، عذر گناہ یا تاویل سے گریز کیا۔ خوئے دل نوازی اور آمریت پسندی کی بات ظن ہے سو اس کا جواب کیا دیا جائے۔
6۔ ہمارے ہاں اس بات پر یقین کرنا ویسے ہی بہت مشکل ہے۔ 71کا بھٹو فنومینا، 77میں پی این اے کی تحریک، بے نظیر اور نواز شریف کی حکومتوں کے خلاف چلائی جانے والی تحاریک اور2003کے انتخابات میں متحدہ مجلس عمل کی کام یابی سمیت کئی ایسی مثالیں دی جاسکتی ہیں، جن میں ایسے شبہات کا اظہار کیا گیا۔ شواہد کی بنیاد پر فیصلہ ممکن ہے، لیکن فاضل بلاگر عمران خان کی تحریک سمیت اگر ایسی تمام سیاسی تحاریک پر یہ قول فیصل ارشاد فرما رہے ہیں کہ اس ملک میں کوئی بھی تحریک ایجینسیز کی مدد کے بغیر نہیں چلی تو کیوں کر اس بار بھی یقین کریں گے ۔ جب کہ شواہد ندارد!
7۔ اشارہ اگر اسٹیبلشمنٹ کی طرف ہے تو ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر نواز شریف تک سبھی حکم رانوں کو یہ مسئلہ درپیش رہا۔اس کی ضمانت کوئی دے بھی نہیں سکتا یہ تو خود قائدانہ صلاحیتوں کا امتحان ہوگا۔
8۔ موت سے نہیں ڈرنا چاہیے، موت خود زندگی کی حفاظت کرتی ہے، خدا پر ایمان لانے والے موت سے نہیں ڈرتے۔ امید خدا سے رکھی جاتی ہے، بندوں سے نہیں۔
9۔ انصاف کی بحالی بنیادی ایجنڈا ہے جس کے لیے عوام کو متحرک کرنا ضروری ہے۔ کوئی باقاعدہ نظریاتی تحریک برپا کرنا مقصود نہیں۔ ہاں اتنا ضرور ہے کہ عمران خان پاکستان کی موجودہ سیاسی و مذہبی تنطیموں کے بر خلاف اپنے کارکنان کو کم از کم عسکری تربیت دینے کا قائل نہیں!
10۔ جہاں تک انقلاب کے نام سے مایوسی اور تنافر کی بات ہے تو، بڑے بڑے انقلاب کے چیمپئینز کی بہ دولت ہم آج اس صورت حال سے پہلے ہی دو چار ہیں۔ کبھی مذہب کے نام پر تو کبھی سوشلزم اور کمیونیزم کے نام پر یہ مایوس کن صورت حال پیش آتی رہی ہے۔ اسی لیے لوگ اب اُس تحریک کی طرف دیکھ رہے ہیں جو ان کے اپنے مسائل کی بات کرتی ہے، ایک عملی بات کرتی ہے۔ مسائل سے نمٹنے اور حکمت عملی ترتیب دینے کے لیے ماہرین کی ایک پوری کور ٹیم بنائی گئی ہے، جو پورا ایک منصوبہ تیار کررہی ہے۔ خصوصاً حکومت کے پہلے نوے دنوں کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کیا جارہا ہے، وقت آنے پر جزئیات آشکار ہو جائیں گی، ایک اجمالی خاکہ لاہور کے جلسے میں پیش کیا گیا ہے۔ لیکن اس پر تاخیر کا اعتراض اور نقائص کا امکان نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
11۔ پاکستان ایک الگ ملک ہے، قوم کا مزاج مختلف، اس کے وسائل و مسائل کی نوعیت اپنی اپنی ہے۔ اس لیے ان مسائل کا حل بھی اسی اعتبار سے تلاش کرنا چاہیے۔ پاکستان میں ایران کی طرح کسی کا تخت اُلٹنے یا عسکری طاقتوں سے دوبہ دو لڑنے کی ضرورت نہیں۔ تحریک انصاف کی جدوجہد انصاف پر مبنی نظام حکومت قائم کرنا ہے، انصاف کے اس نظام سے ایک قوم کی تشکیل کرنا ہے۔ رہی بات ایرانی انقلاب کی تو اس نظام حکومت کا پورا ایک نظریہ ہے جس سے ہمارے ہاں کم ہی لوگ متفق ہیں اور جن کو اتفاق ہے انھیں چاہیے کہ قدم آگے بڑھائیں اور تحریک برپا کریں





