Advertisement

گلگت بلتستان میں بھی 8 فروری کا ٹریلر چلانے کی تیاری:حبیب اکرم


گلگت بلتستان کی روایت ہے کہ یہاں وہی پارٹی کامیاب رہتی ہے جس کی حکومت اسلام آباد میں ہو۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ گلگت بلتستان حکومت کی بنیادی آمدنی وفاقی حکومت سے آتی ہے۔ اس لیے لوگ حکومتی پارٹی ہی کو جتوا دیتے ہیں۔لیکن اس بار اس خس و خال کی فضا میں تبدیلی لاہور میں بیٹھ کر بھی محسوس کی جا سکتی ہے۔ اور اس تبدیلی کی وجہ عمران خان ہیں۔ وہ علاقہ جہاں اسلام آباد کی حکومت اور آسمان ہی سب کچھ سمجھے جاتے ہیں، اب انگڑائی لیتا ہوا معلوم ہوتا ہے۔

یہ خاکسار جو کچھ عرض کر رہا ہے اپنے ذرائع سے ملنے والی خبروں کی بنیاد پر ہے۔ یہ کہانی شروع ہوتی ہے گلگت بلتستان میں استحکام پاکستان پارٹی کے داخلے سے آپ کو یاد ہوگا کہ جب تحریک انصاف کو اختیار سے نکالنے اور پھر مستقل طور پر باہر رکھنے کا آسمانی فیصلہ ہو گیا تو جولائی 2023 میں گلگت بلتستان میں تحریک انصاف کے وزیر اعلیٰ خالد خورشید کی کوئی ڈگری جعلی نکل آئی تھی۔ اس کے بعد راتوں رات تحریک انصاف کے اندر ہی سے ایک نئی حکومت پیدا کر دی گئی جس کے سربارہ حاجی گلبر خان بنے۔ حاجی صاحب کو حکومت چلانے کے لیے اتنی غیبی امداد حاصل تھی کہ انہیں کچھ کرنے کی ضرورت ہی نہیں پڑتی تھی۔ سب کام خود بخود ہوتے چلے جاتے تھے۔

جیسے جیسے الیکشن کا وقت قریب آنے لگا، استحکام پاکستان پارٹی پراسرار انداز میں گلگت بلتستان میں مضبوط ہونے لگی۔ وہ سب لوگ جو یکایک تحریک انصاف چھوڑ گئے تھے، استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہونے کے لیے دھکم پیل کرنے لگے۔ کیونکہ کسی نے اڑا دی تھی کہ جو امیدوار بھی اس پارٹی کی طرف سے الیکشن لڑے گا اسے دس کروڑ ملیں گے۔ اس افواہ کے ساتھ یہ تاثر بہرحال موجود ہے کہ اس پارٹی کے سربارہ محترم علیم خان آسمان میں رب جبض رکھتے ہیں۔ اس لیے اس کا حکومت میں آنا بھی امکان سے باہر نہیں۔

تحریک انصاف کی حالت یہ ہے کہ اس کی قیادت زیر زمین ہے اور امیدوار دوسری جماعتوں کا حصہ بن چکے ہیں۔ اس کے باوجود ووٹروں میں اس کی پزیرائی موجود ہے۔ لہٰذا پاکستان میں 2024 کے عام انتخابات کی طرح مکمل طور پر نئے اور ناتجربہ کار لوگ اٹھے اور انہوں نے بطور آزاد امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے۔ اس کے ساتھ ہی انہیں نوجوانوں نے کسی طرح گلگت بلتستان کے الیکشن کمیشن میں ایک نئی جماعت بھی رجسٹر کرا لی جس کا نام ہے گلگت بلتستان ڈیموکریٹک پارٹی اور اسے پولو کھیلنے والے کھلاڑی کا انتخابی نشان بھی الاٹ ہو گیا۔

تحریک انصاف کے امیدواروں نے پاکستان کے الیکشن سے سبق سیکھتے ہوئے پہلے آزاد امیدواروں کے طور پر کاغذات جمع کرائے اور جب انتخابی نشان الاٹ ہونے کا وقت آیا تو گلگت بلتستان ڈیموکریٹک پارٹی کے ٹکٹ جمع کرا دیئے۔ جب یہ ہوا تو آسمان میں خلل مچ گئی۔ اچانک ایک واٹس ایپ آیا جس میں کہا گیا کہ اس پارٹی کے کاغذات میں کچھ کمی رہ گئی ہے اس لیے اس کا نشان منجمد کر دیا گیا ہے۔ اس واٹس ایپ کے بعد ریٹرننگ افسروں نے امیدواروں کو زبانی طور پر کہا کہ وہ الیکشن کمیشن کے دفتر آ کر کوئی دوسرا نشان لے لیں۔ یہ بالکل وہی کھیل تھا جو قاضی فائز عیسیٰ کی مدد سے 2024 میں کھیلا گیا تھا۔ اس پر امیدواروں نے احتجاج کیا کہ زبانی احکامات پر وہ کیوں اپنا نشان چھوڑیں۔ کئی جگہ احتجاج کی تیاری شروع ہوئی تو ضلع غانچے کے ایک ریٹرننگ افسر نے تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ اس نے واضح لکھا کہ واٹس ایپ پر موصول ہونے والے حکم کی روشنی میں اس پارٹی کا نشان روک لیا گیا ہے۔ اسی طرح ضلع دمر اور استور میں بھی ریٹرننگ افسروں نے اسی واٹس ایپ پیغام کا حوالہ دے کر امیدواروں کو تحریری طور پر کہہ دیا کہ وہ کوئی دوسرا نشان لے لیں۔ یوں تحریک انصاف جو کوشش کر رہی تھی کہ گلگت بلتستان کی 24 نشستوں پر ایک ہی نشان کے تحت الیکشن لڑے، آسمانی طاقتوں نے ناکام بنا دیا۔ کوئی بھی یہ نہ بتا سکا کہ آخر اس پارٹی کے کاغذات میں کون سی کمی ہے جو نشان روک لینے کا باعث بنی۔ اس کے بعد اگلی کہانی شروع ہوئی۔ امیدوار ریٹرننگ افسر کے دفتر پہنچے تو وہاں کچھ ایسے لوگ بھی موجود تھے جو ہر جگہ موجود ہو سکتے ہیں۔

ان کے سامنے ہی نشان دینے کا سلسلہ شروع ہوا تو ایک امیدوار نے جو نشان چاہا اس پر صاف انکار ہو گیا۔ پھر اس نے تالا کا نشان مانگا تو اسے کہا گیا تم چمٹے کا نشان لے لو۔ اس کا مقصد غالباً یہ تھا اور ہے کہ ہر حلقے میں ایک الگ نشان دیا جائے تاکہ تحریک انصاف کوئی مرکزی مہم نہ چلا سکے۔ اس وقت گلگت بلتستان کے الیکشن میں صورت حال یہ ہے کہ اسلام آباد میں بنائی گئی حکومت میں شامل تینوں جماعتیں یعنی پیپلز پارٹی، مسلم لیگ نون اور استحکام پاکستان پارٹی الگ الگ الیکشن لڑ رہی ہیں۔ سادہ الفاظ میں کہہ لیجیے کہ عزت مآب صدر آصف علی زرداری، مکرم شہباز شریف اور ان کی کابینہ میں شامل جناب علیم خان ایک دوسرے کے خلاف امیدوار لا رہے ہیں۔ ان میں سے ہر ایک کا دعویٰ ہے کہ وہی پسندیدہ جماعت ہے۔
​