Advertisement

گر اللّٰہ کا فضل اور رحمت تم پر نہ ہوتی

11046978_860628093995884_5948011575584961691_n.png


سورہ البقرہ، آیت 64۔63
ترجمہ:
63- اور وہ وقت یاد کرو جب ہم نے تم سے ( تورات پر عمل کرنے کا) عہد لیا تھا، اور کوہِ طور کو تمہارے اوپر اٹھا کھڑا کیا تھا (کہ) جو (کتاب) ہم نے تمہیں دی ہے اس کو مظبوطی سے تھامو،اور اس میں جو کچھ (لکھا) ہے.اس کو یاد رکھو، تاکہ تمہیں تقویٰ حاصل ہو۔
64- اس سب کے باوجود تم دوبارہ (راہِ راست سے) پھر گئے۔ چنانچہ اگر اللّٰہ کا فضل اور رحمت تم پر نہ ہوتی تو تم ضرور سخت نقصان اٹھانے والوں میں شامل ہوجاتے۔

تشريح:

63- جب حضرت موسیٰ علیہ السلام تورات لیکر آئے تو بنی اسرائیل نے دیکھا کہ اس کے بعض احکام بہت سخت ہیں، اس لئے اس سے بچنے کے بہانے تلاش کرنے شروع کر دیے۔ پہلے تو انہوں نے کہا کہ اللّٰہ تعالٰی ہم سے خود کہے کہ تورات پر عمل کرنا ضروری ہے۔ مطالبہ اگرچہ نامعقول تھا مگر ان پر حجت تمام کرنے کے لئے ان میں سے ستر آدمی منتخب کرکے حضرت موسٰی علیہ السلام کے ساتھ کوہِ طور پر بھیجے گئے۔

جیسا کہ قرآن کریم نے سورة اعراف 7:155 میں بیان فرمایا ہے) جن کو اللّٰہ تعالٰی نے براہِ راست تورات پر عمل کرنے کا حکم دیا۔ مگر جب یہ وِآپس لوٹے تو انہوں نے اپنی قوم کے سامنے تصدیق تو کی کہ اللّٰہ تعالٰی نے تورات پر عمل کرنے کا حکم دیا ہے، لیکن ایک بات اپنی طرف سے بڑھا دی کہ اللّٰہ تعالٰی نے یہ بھی فرمایا ہے کہ جتنا تم سے ہو سکے اتنا ہی عمل کرلینا، لیکن جو نہ ہوسکے وہ ہم معاف کردیں گے،

چنانچہ تورات کے جس حکم میں بھی انھیں کچھ مشکل نظر آتی وہ یہ بہانہ تراش لیتے کہ یہ حکم بھی اسی چھوٹ میں شامل ہے۔ اس موقع پر اللّٰہ تعالٰی نے کوہِ طور ان کے سروں پر بلند کر دیا کہ تورات کے تمام احکام کو تسلیم کرو، جب انہیں یہ اندیشہ ہوا کہ کہیں پہاڑ ان پر گرا نہ دیا جائے۔ تب انھوں نے تورات کو ماننے اور اس پر عمل کرنے کا عہد کیا۔

اس آیت میں اسی واقعے کی طرف اشارہ ہے۔کوہِ طور کو ان کے سروں پر بلند کرنے کی یہ صورت ہی ممکن ہےکہ پہاڑ کو اپنی جگہ سے ہٹاکر ان کے سروں پر معلق کر دیا گیا ہو، جیسا کہ حافظ ابنِ جریر رحمة اللّٰہ نے متعدد تابعین سے نقل کیاہے۔اور ظاہر ہے کہ اللّٰہ تعالٰی کی قدرت سے یہ کچھ بھی بعید نہیں ہے۔اور یہ بھی ممکن ہے کہ کوئ اور ایسی صورت پیدا فرمادی گئ ہو کہ ان لوگوں کو ایسا محسوس ہوا ہو کہ پہاڑ ان پر آگرے گا، مثلًاکوئ زلزلہ آگیا ہوجس سے انھیں ایسا لگا کہ پہاڑ گرنے والا ہے۔ چنانچہ سورہ اعراف (آیت 171)میں اس واقعےکے بارےمیں الفاظ یہ ہیں :
۞ وَإِذْ نَتَقْنَا الْجَبَلَ فَوْقَهُمْ كَأَنَّهُ ظُلَّةٌ وَظَنُّوا أَنَّهُ وَاقِعٌ بِهِمْ

اس میں لفظ ''نتق'' استعمال ہوا ہے.جس کے معنی لغت میں زور زور سے ہلانے کے آتے ہیں۔(دیکھئے:قاموس اور مفردات القران) لہذا آیت کا یہ ترجمہ بھی ممکن ہےکہ: ''جب ہم نے پہاڑ کوان کےاوپر زور سے اس طرح ہلایا کہ ان کو یہ گمان ہوا کہ وہ ان پر گرپڑے گا''
یہاں یہ بات واضح رہے کہ کسی شخص کو ایمان قبول کرنے پر تو زبردستی مجبور نہیں کیا جاسکتا لیکن جب ایک شخص ایمان لے آئے تو اسے نافرمانی پر سزا بھی دی جاسکتی ہےاور ڈرا دھمکا کر حکم ماننے پر آمادہ بھی کیا جاسکتا ہے۔ بنی اسرائیل چونکہ ایمان پہلے ہی لا چکے تھےاس لئے ان کو اللّٰہ کے عذاب سے ڈرا کر فرمانبرداری پر آمادہ کیا گیا۔

ضیا القرآن۔۔ پیر محمد کرم شاہ الازہری صاحب
توضیح القرآن.. مفتی تقی عثمانی صاحب..
احسن البیان.. حافظ صلاح الدین یوسف صاحب..
​
 
Last edited by a moderator: