- Joined
- Sep 4, 2011
- Posts
- 4,745
- Reaction score
- 4,092
- Points
- 0
کیا واقعی پاکستانی فوجیوں نے حملہ کیا؟
سید عاصم محمود
سید عاصم محمود
پچھلے کئی ماہ سے بڑھتے میل ملاپ،تجارت میں اضافے،ویزہ پابندیوں میں نرمی اور کرکٹ مقابلے جاری ہونے سے محسوس ہونے لگا تھا کہ بھارت اور پاکستان کافی قریب آ چکے۔26 نومبر 2008ء کو ممبئی حملوں کے بعد ان میں دوریاں پیدا ہو گئی تھیں۔چند دن قبل اچانک دونوں پڑوسی کشمیر میں پھر دست و گریباں ہوئے اور ان کے مابین جنم لیتے محبت،امن اور دوستی کے رشتوں پہ دوبارہ دھند چھا گئی۔ 5 جنوری کی رات حاجی پیر سیکٹر(آزاد کشمیر) میں پاکستانی اور بھارتی فوجیوں کے درمیان ہلکے اسلحے سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔پاکستان کا دعوٰی ہے کہ تب بھارتی فوجیوں نے لائن آف کنٹرول پار کی اور پاکستانی چوکی پہ دھاوا بول دیا۔اس حملے میں ایک پاکستانی فوجی شہید جبکہ دو زخمی ہوئے۔
بھارت کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوجی بھارتی مارٹر کا گولہ لگنے سے جاں بحق ہوا۔بعد ازاں پاک فوج نے بھارتی حملہ اپنی طرف سے گھڑ لیا تاکہ مقتول کے اہل خانہ کو موت کی وجہ بتائی جا سکے۔ بہرحال اس حادثے کے بعد حکومت پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو وزارت خارجہ طلب کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔بھارتی جارحیت کے اس واقعے کو عالمی میڈیا نے بہت کم کوریج دی،یہ صرف پاکستانی میڈیا میں نمایاں ہوا۔ دو دن بعد،8 جنوری کو بھارتی حکومت نے اعلان کیا کہ پاکستانی فوجی (مقبوضہ) کشمیر کے مینڈھر سیکٹر میں داخل ہوئے اور دو بھارتی فوجی قتل کر ڈالے۔بھارت نے یہ امر بہت نمایاں کیا کہ پاکستانیوں نے لاشوں کو مسخ کر ڈالا اور ایک مقتول کا سر قلم کر کے ساتھ لے گئے۔
اس خبر کو عالمی میڈیا نے زبردست کوریج دی۔خصوصاً بی بی سی،نیویارک ٹائمز،فوکس نیوز اور واشنگٹن پوسٹ وغیرہ نے اسے بطور بریکنگ نیوز اپنی ویب سائٹوں پہ چلایا۔دوسری طرف بھارتی میڈیا میں بھی پاک فوج کے خلاف زہریلا پروپیگنڈا شروع ہو گیا۔یہی نہیں،لشکر طیبہ کو بھی لپٹا لیا گیا۔ بھارت کا دعوی ہے کہ پاکستانی فوج نے اپنے شہید کا بدلہ لینے کی خاطر حملہ کیا۔لیکن پاک فوج کے ترجمان نے حملے کی تردید کی اور واضح کیا کہ یوں بھارت چاہتا ہے کہ اندرون و بیرون ملک لوگوں کی توجہ اس کے اپنے بھارتی حملے سے ہٹ جائے۔ یاد رہے کہ لائن آف کنٹرول پہ 2003ء سے دونوں افواج کے مابین جنگ بندی چلی آ رہی ہے۔تاہم بعض علاقوں میں ہلکی پھلکی غزلیں اور جواب آں غزلیں قسم کی جھڑپیں جاری رہتی ہیں۔
بھارت کا دعوی ہے کہ 2012 ء میں ان جھڑپوں میں شدت آ گئی۔بھارتیوں کی رو سے پچھلے سال 75 جھڑپیں ہوئیں جن میں 8 بھارتی فوجی مارے گئے۔ دونوں ممالک میں غیر جانب دار ماہرین حیران ہوئے کہ لائن آف کنٹرول پہ اچانک کشیدگی کیسے بڑھ گئی؟انھیں سمجھ نہیں آئی کہ بظاہر دوستانہ ماحول میں یکایک ماردھاڑ کا پروگرام کیسے چل پڑا؟تاہم حالات و واقعات دیکھے جائیں تو کچھ وجوہ اخذ کرنا ممکن ہے۔
ایک اہم نقطہ نظر یہ ہے کہ دونوں ممالک کو باہم لڑوانے میں تیسری قوت کار فرما ہے جو عالمی قوتوں کی آلہ کار بھی ہو سکتی ہے۔یہ ممکن ہے کہ جب 5 جنوری کو مقبوضہ کشمیر کے مظلوم باسیوں نے یوم خودارادیتبھرپور انداز میں منایا،ہڑتالیں کیںاور غاصبوں کو لتاڑاتو جذبات عروج پہ جا پہنچے۔ایسے ماحول میں دونوں فوجوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔اس میں پاکستان کو جانی نقصان بھی اٹھانا پڑا۔
لیکن 8جنوری کو پاکستانی سپاہ نہیں ،تیسری قوت کے کارندوں نے بھارتی فوجیوں پہ حملہ کیا اور اپنی ایک نشانی بھی چھوڑ گئےیعنی ایک فوجی کی لاش کا مثلہ کیا۔اسلامی جنگی قوانین کی رو سے دشمن کی لاش کا مثلہ یا بے حرمتی کرنا ممنوع ہے۔اور پاک افواج ان قوانین پہ سختی سے عمل کرتی ہیں۔البتہ یہ عمل وہ کر سکتے ہیں جو بظاہر مسلمان حقیقتاً دشمنوں کے ایجنٹ ہوں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ 8جنوری ہی کو تحریک طالبان پاکستان نے اعلان کیا کہ وہ کشمیر میں جہاد شروع کر رہی ہے۔لہذا ممکن ہے کہ تحریک کے جنگجوئوں نے بھارتی فوجیوں پہ حملہ کیا۔وہ اپنے ہی ہم وطنوں اور ہم مذہبوں کو نشانہ بنا سکتے ہیں تو بھارتی پھر غیر ہیں۔ واضح رہے3 جنوری کو پاک افواج اپنے بنیادی نظریات(ڈاکٹرائن) میں انقلابی تبدیلی لانے کا اعلان کر چکی۔اس کی رو سے اب بھارت نہیں دہشت گردی افواج کا نشانہ ٔدل ہے۔یقیناً وہ بھارتی جنگی تیاریوں سے غافل نہیں،لیکن ہماری افواج اپنے دیدہ دشمنوں سے نمٹنے کے واسطے پوری طرح تیار ہیں۔مگر دہشت گرد نادیدہ اور پوشیدہ ہیں۔وہ چوری چھپے وار کرتے اور شہریوں کو بھی نشانہ بناتے ہیں تاکہ ساری قوم کا حوصلہ ماند کر سکیں۔
ایسی گھمبیر صورت حال میں پاک افواج پڑوسیوں سے الجھ کر نیا میدان جنگ کیوں پیدا کرنا چاہے گی؟ گویا صورت حال کسی بھی طرح پاک فوج کو موردِ الزام نہیں ٹھراتی تو پھر بھارتی حکمران طبقے نے اس پہ الزام کیوں دھرا؟اسی جگہ اس طبقے کی بدنیتی ظاہر ہوتی ہے۔یہ طبقہ خوب جانتا ہے کہ پاکستانی فوج واقعے میں ملوث نہیں،مگر اس نے پروپیگنڈے کے سنہرے موقع کو ہاتھ سے جانے نہیں دیا اور پوری شدت سے پاکستان پہ یلغار کر دی۔خصوصاً بھارتی ٹی وی چینلوں پہ مبصرین کا یہ مرغوب موضوع بن گیا کہ وہ پاک فوج پر من گھڑت اور گھٹیا الزامات کی بوچھاڑ کر دیں۔سوال یہ ہے کہ پاکستان کے خلاف اس منظم اور سوچے سمجھے کھیل سے بھارتی حکمران طبقے کو کیا فائدہ ہوا؟ دراصل پچھلے دو تین ہفتے سے ایک بدقسمت طالبہ کے خوفناک ریپ کیس میں بھارتی حکومت اپنی عوام میں زبردست طریقے سے معتوب و مجرم بنی ہوئی تھی۔جیسے جیسے عوام کا غم و غصہ بڑھا،یہ روح فرسا انکشاف سامنے آنے لگے کہ بھارتی اسمبلیوں میں براجمان کئی سیاست داں ریپ کیسوں میں ملوث ہیں۔ ایک بھارتی سماجی تنظیم،ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز ( Association for Democratic Reforms ) کی تحقیقی رپورٹ ہے کہ پچھلے پانچ برس میں سیاسی جماعتوں نے ایسے 260 امیدواروں کو ٹکٹ دئیے جو زنا،قتل اور ڈاکے جیسے قبیح جرائم میں ملوث تھے اور ان پہ باقاعدہ مقدمے چلے۔اسی طرح ماضی و حال میں بھارتی فوجی بھی کشیدگی زدہ علاقوں میں زنا کے کئی کیسوں میں گرفتار رہے۔ ریپ کیس جنم لینے سے قبل بھارتی حکمران طبقہ اپنی کرپشن اور لوٹ مار کے باعث عوام کے زیر عتاب رہا۔غرض عوامی حملوں نے اسے بے حال کر دیا تھا۔چناں چہ جب دو بھارتی فوجی پُراسرار انداز میں ہلاک ہوئے تو حکمران طبقے نے فیصلہ کیا،موقع اچھا ہے،عوام کی توجہ اپنے سے ہٹا کر پاکستان پہ مرکوز کر دی جائے۔یہی وجہ ہے کہ بھارتی حکومت نے اس واقعے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا۔پاکستانی سفیر کو طلب کیا جو ایک غیر معمولی بات تھی۔بھارتی وزرا نے پاکستان کے خلاف زہر اگلا۔نیز بھارت اپنی عالمی پوزیشن کے بل بوتے پہ کامیاب رہا کہ ملکی و غیر ملکی میڈیا اس واقعے کو خوب اچھالے۔یوں راتوں رات بھارت میں پاکستانی فوجیوں کا حملہ سب سے بڑی خبر بن گیا اور باقی مسائل پس پشت چلے گئے۔اس طرح بھارتی حکمران طبقے کی جان ایک بہت بڑے بحران سے چھوٹی۔خوشی اب اس سے چھپائے نہیں چھپتی۔ ساری صورت حال میں ایک امر قابل ذکر ہے۔بھارتی فوج نے ایک جنگی نظریہ سرد آغاز(Cold Start)پال رکھا ہے۔یہ بھارتی حکمران طبقے میں شامل عقابوں کی تخلیق ہے۔اس نظریے کے خالق پاک افواج کو چھوٹی چھوٹی جنگوں میں الجھا کر اسے اتنا کمزور کرنا چاہتے ہیں کہ وہ بھارتی فوج کا مقابلہ نہ کر سکے۔کیا خبر کہ پاکستان میں جاری دہشت گردی کے ڈانڈے اب اسی سرد آغاز سے جا ملتے ہوں۔آخر تحریک طالبان کی سرگرمیوں سے نقصان کسے پہنچ رہا ہے اور فائدہ کون اٹھا رہا ہے؟ فی الوقت ماہرین کی اکثریت کا خیال ہے کہ دونوں ممالک کے مابین تصادم زیادہ نہیں پھیلے گا۔کیونکہ بھارت و پاکستان میں کئی مقتدر حلقے اب ٹکرائو نہیں چاہتے۔گو افواج میں موجود عقاب اور مذہبی جماعتیں دونوں کی قربت کو ناپسندیدہ نظروں سے دیکھتی ہیں۔بھارت مخالف پاکستانیوں کا مطالبہ ہے کہ پہلے وہ مقبوضہ کشمیر آزاد اور کشمیری دریائوں پہ ڈیم بنانا بند کرے،پھر دوستی و پیار محبت کی باتیں ہوں گی۔
تب تک امن کی آشا دراصل بیکار کی بھاشا ہے۔ پاکستانیوں اور بھارتیوں کو بہرحال اپنے بابائوں کی نصیحتیں بھی سننی چاہیں۔ 15اگست 1947 کو جب قائداعظم ؒنے شہرِ لاہور پر قدم دھرے تو قوم کو پیغام دیاظاہر ہو یا باطن،ہمیں زندگی کے ہر شعبے میں امن حاصل کرنا چاہیے۔ہم پوری دنیا خصوصاً پڑوسیوں کے ساتھ امن و آشتی کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں۔اسی طرح مہاتما گاندھی اکثر اپنی قوم کو تلقین کرتےیاد رکھنا! تم نے آنکھ کے بدلے آنکھ مانگی تو ایک دن ساری دنیا اندھی ہو جائے گی۔یہ دونوں بانیان ِقوم گفت وشنید کے ذریعے اختلافات حل کرنے میں یدطولیٰ رکھتے تھے
کیا آج کے بھارتی و پاکستانی حکمران ان سے کوئی سبق نہیں سیکھ سکتے؟ ٭٭٭





