Advertisement

کرتارپور راہداری نے 74 سال قبل بچھڑ ے دو بھائیوں کو ملا دیا

10kartarpurbhai.jpg

قیامِ پاکستان کے وقت بچھڑنے والے دو بھائی 74 سال بعد کرتارپور میں مل گئے۔

فیصل آباد کے رہائشی 80 سالہ بزرگ محمدصدیق کی 74 برسوں بعد 1947 میں بچھڑنے والے بھائی حبیب عرف شیلاسے کرتارپور صاحب میں ملاقات ہوگئی ۔ دونوں بھائیوں کی برسوں بعد ملاقات کے وقت رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، بے اختیاران کے آنسو چھلک پڑے۔

FI6L6JQXsAEBAwJ


بزرگ محمد صدیق کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان سے دو دن قبل ان کی والدہ ان کےچند ماہ کے چھوٹے بھائی حبیب کو ساتھ لیکر بھارتی پنجاب میں اپنے والدین کو ملنے گئی تھیں، اس دوران تقسیم کا اعلان ہوگیا، وہ کئی روزتک اپنی والدہ کی راہ تکتے رہے ہیں مگروہ لوٹ کرواپس نہ آسکیں، انہوں نے اپنی والدہ اورچھوٹے بھائی کوتلاش کرنے کی کافی کوشش کی مگرکامیابی نہ مل سکی اوراب 74 برسوں بعد انہیں ان کا چھوٹا بھائی حبیب مل گیا ہے۔


بھارت سے تعلق رکھنے والے بھائی حبیب نے پاکستانی بھائی صدیق کو کہا کہ زندگی تھی تو مِل ہی گئے ہیں، انشاء اللہ اب ملتے رہیں گے، کرتارپور راہداری ہمارے ملنے کا ذریعہ بن گئی ہے، زندگی نے مہلت دی تو پھر ملاقات ہوگی، دونوں بھائیوں نے کرتارپور کے حوالے سے کہا کہ یہ راہداری بچھڑنے والوں کو ملانے کا سبب ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کرتارپور میں 74 سال بعد دو دوستوں کی بھی ملاقات ہوئی تھی، 74سال بعد جب 94 سال کے گوپال سنگھ اور 91 سال کے بشیر ملے تو دونوں ایک دوسرے کو دیکھ کر کافی روئے۔