کراچی اور لاہور کی فضا مضر صحت قرار دی گئی ہے، جس کے بعد لاہور دنیا کے آلودہ شہروں میں دوسرے اور کراچی پانچویں نمبر پر آگیا۔ ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کے مطابق لاہور 404 پوائنٹس کے ساتھ پاکستان کا آلودہ ترین شہر ہے، جبکہ ملتان 304 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، کراچی 207 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، اور پشاور 203 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہا۔
پنجاب میں حفاظتی اقدامات میں نرمی
اسموگ کی شدت میں کمی کے بعد پنجاب میں حفاظتی اقدامات میں نرمی کی گئی ہے۔ لاہور اور ملتان ڈویژن کے علاوہ پنجاب بھر میں بند کیے گئے اسکول دوبارہ کھل گئے ہیں۔ محکمہ ماحولیات پنجاب نے ہوٹلز، ریسٹورنٹس، اور فوڈ آؤٹ لیٹس کو رات 10 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔ ہوم ڈلیوری خدمات پر کوئی پابندی نہیں ہوگی، تاہم آؤٹ ڈور اسپورٹس اور دیگر غیر نصابی سرگرمیوں پر پابندی برقرار رہے گی۔
موٹرویز بند اور اینٹی اسموگ آپریشن جاری
حد نگاہ کم ہونے کے باعث مختلف مقامات پر موٹرویز بند کر دی گئیں ہیں۔ دوسری جانب، لاہور سمیت پنجاب بھر میں اینٹی اسموگ گرینڈ آپریشن بھی جاری ہے۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق، پچھلے چار دنوں کے دوران خانیوال، ملتان، رحیم یار خان، سرگودھا، جھنگ، اور پاک پتن میں زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے بھٹوں کو گرا دیا گیا ہے۔
حکومت اور متعلقہ ادارے اسموگ کی روک تھام کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں، لیکن عوام کی جانب سے بھی تعاون کی ضرورت ہے تاکہ فضائی آلودگی کے اس بحران پر قابو پایا جا سکے۔
- Featured Thumbs
- https://i.ibb.co/wBHnH9c/smog.jpg
Advertisement





