Advertisement

کافی نوش - عبدللہ طارق سہیل



امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے لکھا ہے کہ پاکستانی انتخابات میں مقابلہ شیر اور بلّے میں ہوگا۔ بَلّا یعنی بیٹ۔ اصولی طور پر شیر اور بیٹ کا مقابلہ بنتا نہیں ہے، شیر کا ہم صنف بِلّا (ب کے نیچے زیر ) ہے، تحریک انصاف یہ نشان چنتی تو اچھا ہوتا۔ پھر وہ نعرہ لگا سکتی تھی کہ ہمارا بِلّا شیر دل ہے، چھوٹا ہونے کے باوجود شیر کو مار بھگائے گا اور یہ کوئی لطیفہ نہیں ہوگا۔ بلّاخاص طور سے بن بلاؤ یعنی باگڑ بلّا(Bob Cat)اچانک حملہ کرتا ہے تو شیر بھی ایک بار بوکھلا کربھاگ نکلتا ہے، پھر پلٹتا ہے تو بِلّا تب تک درخت پر چڑھ چکا ہوتا ہے۔ لیکن تحریک انصاف نے کرکٹ والے بلے کا نشان چنا۔



کرکٹ والے بلّے کا ہم صنف (کسی حد تک) تیر ہے۔ تیر ہتھیار ہے اور ضرورت پڑنے پر بلا بھی ہتھیار کا کام کرتا ہے۔ اڑتے تیر کو ہنر مند بیٹسمین بڑی آسانی سے نیچے گرا سکتا ہے لیکن افسوس کہ تیر تو مقابلے ہی میں نہیں۔ واشنگٹن پوسٹ کوئی پہلا اخبار نہیں ہے جس نے یہ بات لکھی، سارا غیر ملکی پریس یہی بتا رہا ہے کہ مقابلہ شیر اور بیٹ میں ہوگا۔ اگرچہ بے جوڑ ہوگا لیکن ہوگا انہی میں۔تیر کم ہی چلے گا اور چلے گا تو صدام کے سکڈ میزائل کی طرح کسی ریت کے ٹیلے میں جا گھسے گا۔



یہ تاریخ کی ستم ظریفی نہیں ہے، پیپلزپارٹی کی اپنی کمائی ہے کہ انتخابات کی درجہ بندی میں اس کا شمار اے این پی اور متحدہ اور قاف لیگ والی صف میں کیا جا رہا ہے۔ گویا جن سے اتحاد کیا تھا، قامت بھی انہی کی اختیار کر لی۔ سنتے آئے ہیں کہ جو جن کی صحبت اختیار کرتا ہے، انہی کے رنگ میں رنگا جاتا ہے۔ یہ پہلی بار دیکھا کہ جن کی صحبت اختیار کی، سکڑ کر قد بھی ان جیسا کر لیا۔ ویسے اس کا الٹ بھی ہو سکتا تھا یعنی ساتھی’’ بیربہوٹیوں‘‘کا قد بھی بڑھ جاتا۔ ان کا تو نہیں بڑھا، اس کا کم ہوگیا۔ اب جو ہوا، اس کا سہرا تاریخ کے سر تو نہیں باندھا جا سکتا، یہ جس بھاری کی کمائی ہے، اسی کے سر جائیگا۔ کوئی روک بنتا ہے تو بن کر دیکھ لے ، حق تو بحقدار رسید ہو کر رہے گا۔ رہے گا کیا، رسید ہو بھی چکا۔



مسلم لیگ والوں کو اپنے نشان شیر پر بڑا فخر ہے لیکن قاف لیگ اس نشان کو مسترد کرتی ہے۔ کل ہی چوہدری قاف الٰہی نے کہا، شیر ایسا جانور ہے جس میں تو عقل ہی نہیں ہوتی۔ وہ شیر کا اپنے انتخابی نشان سائیکل سے موازنہ کر رہے تھے۔ چوہدری قاف الٰہی خوش قسمت ہیں، انہیں سائیکل جیسا ’’عقلمند‘‘ جانور نشان کے طور پر مل گیا۔ بے عقل شیر عقلمند سائیکل کے سامنے آئے گا تو عقل ٹھکانے آجائے گی۔ شاید اسی لئے شیر نے چوہدری قاف الٰہی کے مقابلے میں خود نہ آنے کا فیصلہ کیا ہے اور اپنے بجائے تیر والا احمد مختار آگے کر دیا ہے۔ (یہ شیر کی عقلمندی ہے یا بے وقوفی؟)
بات واشنگٹن پوسٹ سے شروع ہوئی تھی، شیر کی بے وقوفی اور سائیکل کی عقلمندی تک پہنچ گئی۔ پوسٹ نے لکھا ہے عمران خان کی



جماعت 30سے40 فیصد تک سیٹیں جیت لے گی۔ مسلم لیگ والے فوری توجہ فرمائیں۔ بعد میں ہاتھ ملنے سے اچھا ہے، ابھی آنکھیں مل لی وہ تو اپنی دانست میں عمران خان کو کل 20یا22سیٹیں دے رہے ہیں، 30یا40فیصد کا مطلب تو کچھ اور ہی ہے۔ یعنی80 سے 90سیٹیں۔ مسلم لیگ چونکہ عالمی میڈیا کے مطابق تحریک انصاف سے زیادہ سیٹیں لے گی چنانچہ اندازہ یہی ہو سکتا ہے کہ اس کی سیٹیں ایک سو دس سے ایک سو پچیس کے درمیان ہوں گی۔ ایسا ہوا تو الیکشن کے بعد ایک اور جوڑ پڑے گا۔ حکومت کون بنائے گا،اس بات کا جوڑ۔ مسلم لیگ کے حلقے یہ کہتے ہیں، وہ سادہ اکثریت سے زیادہ نشستیں حاصل کر لیں گے۔ ممکن ہے ان کے اندازے کی بنیاد معقول ہو، کوئی سروے وغیرہ کرائے ہوں۔ ان کے اندازے اپنی جگہ لیکن ان کے بعض رہنما جس ’’حقارت‘‘ سے تحریک انصاف کا ’’چرچا‘‘ کرتے ہیں، وہ ان کے اندازوں کو کہیں نقصان نہ پہنچا دیں۔ ’’غرور‘‘ کے سائیڈ افیکٹ بڑے خطرناک ہوتے ہیں، مسلم لیگ نے مشرف کا حال تو دیکھ ہی لیا ہوگا۔



(’’چرچا‘‘ کو آپ نے بے محل سمجھا ہوگا۔ سندھی زبان میں چرچا مذاق اڑانے کو کہتے ہیں۔ 1970ء کی انتخابی مہم میں بھٹو پر الزام لگا کہ وہ اسلام کا مذاق اڑاتے ہیں، انہوں نے ایک جلسے میں اس الزام کی تردید کی، کہا ’’یہ ملّا لوگ مجھ پر الزام لگاتے ہیں کہ میں اسلام کا چرچا کرتا ہوں، میں کہتا ہوں جو اسلام کا چرچا کرے اس پر ۔۔۔بھٹو نے تقریر اردو میں کی لیکن اُس میں چرچا سندھی کے مفہوم والا جڑ دیا)



خیر، مسلم لیگ کی متوقع سیٹیں اور تحریک انصاف کی ممکنہ سیٹیں اکٹھی کر لی جائیں تو باقی کیا بچتا ہے۔ کل 50سیٹیں۔ تو یہ پچاس سیٹیں کم سے کم چھ سات جماعتوں میں بٹ جائیں گی۔ یعنی پیپلزپارٹی ، اے این پی، متحدہ، جے یو آئی، جماعت اسلامی، دس جماعتی سندھ اتحاد، بلوچ قوم پرست جماعتوں میں(اس فہرست میں قاف لیگ کا الگ سے ذکر اس لئے نہیں کیا کہ وہ پیپلزپارٹی میں شامل ہے، پرانے لوگوں کو یاد ہوگا، روزنامہ مشرق کی پیشانی پر کچھ عرصہ تک یہ سطر لکھی رہتی تھی :اس میں روزنامہ انجام بھی شامل ہے۔ روزنامہ انجام مشرق میں ضم ہو کر اپنی اشاعت ختم کر چکا تھا۔ چنانچہ یہ کہا جا سکتا ہے کہ پیپلزپارٹی میں انجام بھی شامل ہے، معاف کیجئے گا، پیپلزپارٹی میں قاف لیگ بھی شامل ہے)
_______________________


مشرف عدالت سے ایسے بھاگا کہ کارگل کی یاد تازہ ہوگئی۔ مشرف کے وکیل جو بہرحال پاکستانی ہونے کے ناطے قابل احترام ہیں،
صحافیوں کو باور کراتے رہے کہ مشرف بالکل پریشان نہیں، وہ اپنے بنگلے میں اطمینان سے بیٹھے ’’کافی‘‘ پی رہے ہیں۔

صحافیوں کو اس بات سے حیرانی ہوئی کہ مشرف اطمینان سے بیٹھے ہیں اور اس بات پر بھی کہ احمد رضا قصوری کے خیال میں وہ ’’کافی‘‘ پی رہے ہیں۔ کسی نے احمد رضا قصوری سے پوچھ ہی لیا ہوتا کہ صاحبزادہ صاحب، آپ بھی ’’کافی‘‘ نوشی کرتے ہیں؟کرتے ہیں تو کتنی؟ بلا نوش تو نہیں؟



صاحبزادہ صاحب نے کہا کہ مشرف آئین اور عدالتوں کے احترام پر کار بند ہیں۔ خیر سے صاحبزادہ قانون دان ہیں اس لئے سننے والوں کو اس پر بھی حیرانی ہوئی۔ حالانکہ نہیں ہونی چاہئے تھی اس لئے کہ اگر وہ مشروب کافی ہے تو اس فرار کے احترام ہونے میں بھی کوئی شک نہیں۔




مناسب ہوگا کہ صاحبزادہ صاحب ان ہزاروں لاکھوں اشتہاری مجرموں کو بھی عدالت کا احترام کرنے اور قانون پر کاربند رہنے کا ’’مرتکب‘‘ دے دیں جو زمانہ قدیم سے اب تک عدالتوں سے فرار ہو چکے ہیں۔

_______________________



مولانا فضل الرحمن حسب سابق ڈیرہ اسماعیل خاں سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ ان کے خلاف پیپلزپارٹی اور اے این پی کے متحدہ محاذ میں مسلم لیگ (ن) بھی شامل ہوگئی ہے۔



بڑی مبارک خبر ہے۔ مسلم لیگ مولانا کی مخالفت میں پیپلزپارٹی اور اے این پی سے جا ملی، اسی سے اندازہ لگا لیجئیمولانا کی شخصیت
کس قدر ’’اتحاد آور‘‘ ہے۔




مولانا کو شکوہ نہیں کرنا چاہئے کیونکہ کل تک وہ مسلم لیگ (ن) کے خلاف مشرف اور پیپلزپارٹی کے اتحاد میں شامل رہے ہیں ۔مسلم لیگ نے اسی کا بدلہ لیا ہے۔ یہ الگ سوال ہے کہ اس طرح کا بدلہ لینا اصل میں کیا اپنے ہی خلاف راست اقدام نہیں ہوگا۔ مولانا کی پوزیشن خاصی مضبوط ہے، وہ تو جیت جائیں گے، مسلم لیگ ایک مفت کی تلخی مول لے گی۔ یہ تلخی پیپلزپارٹی اور اے این پی کے حساب میں رہے تو ہی شیرینی ہے۔اچھا ہے کہ مسلم لیگ اس گناہ بے لذت سے دامن بچا لے ۔
​


http://naibaat.pk/?p=46744c
​
 
Last edited by a moderator:
Un ka Qad is liye nahi barha kuin ke PPP ne jo kartoot apnai thay woh MQM aur ANP jaise thay