- Joined
- Nov 30, 2011
- Posts
- 854
- Reaction score
- 1,160
- Points
- 93
یادش بخیر۔ یہ اچھے وقتوں کی بات ہے کہ پاکستان میں امن و امان کا دور دورہ تھا۔ اس
وقت عرب ریاستوں کے شیوخ پاکستان میں سیر و تفریح اور شکار کے لئے آتے تھے۔ ان میں
سے کئی نے پاکستان کے مختلف شہروں میں جائیدادیں بھی خریدلی تھیں اور اپنی نجی شکار
گاہیں بھی قائم کی ہوئی تھیں۔ یہ عرب شیوخ چونکہ مالی طور پر مستحکم تھے اس لئے اس سے
ان علاقوں کی ترقی پر بھی مثبت اثر پڑا۔ مگر اب معاملہ بالکل الٹ ہوچکا ہے۔ یہ عرب شیوخ
اب بھی پاکستانی علاقوں کا رخ کرتے ہیں مگر اب ان کا مقصد پاکستان کی خوبصورت وادیوں
اور حسین پہاڑوں سے لطف لینا نہیں رہا۔ نہ ہی اب ان کو پاکستان میں تیتر اور تلور کے شکار
سے کوئی رغبت رہی ہے۔ اب ان کا مقصد پاکستانی عوام کے اثاثہ جات کو لوٹنا رہ گیا ہے۔ آئی
ایم ایف یا ایشیائی ترقیاتی بینک قسم کی مخلوق سے اب جو تلچھٹ بچ جاتی ہے وہ اب ان عرب
شیوخ کی نذر ہوجاتی ہے۔
پاکستانی سیاستداں ان عرب شہزادوں سے اپنے قریبی تعلقات کے قیام کے لئے ایک کے بعد ایک
کرکے سارے پاکستانی اثاثے ان کی خدمت میں مفت ہی پیش کرتے چلے جارہے ہیں۔ اگر یہ
عرب شیوخ پاکستان کی معیشت کی بحالی و ترقی کے لئے یہاں پر سرمایہ کاری کرتے تو یقینا
ایک طرح کا اچھا بدل ہوتا۔ جس طرح پاکستانیوں نے ان عرب ریاستوں کی ترقی کے لئے اپنا
خون پسینہ پیش کیا ، بالکل اسی طرح کا یہ عرب بھی احسان کا بدلہ احسان سے اتار سکتے
تھے۔اس سے ان کو بھی فائدہ ہوتا اور پاکستانی معیشت بھی پھلتی پھولتی۔
زیادہ دنوں پرانی بات نہیں ہے کہ کے ای ایس سی کو مشرف دور حکومت میں سعودی عرب
اور متحدہ عرب امارات کے ہی ایک نجی کنسورشیم کے حوالے کردیا گیا۔ کے ای ایس سی کو
اس نجی کنسورشیم کے حوالے کرنے سے پہلے اس کے تمام واجبات عوام کی جیب سے ادا
کئے گئے۔ پھر سرمایہ کاری کے سہانے سپنوں میں اس کو نئے گروپ کے حوالے کردیا گیا۔
مگر ہوا کیا، یہ کنسورشیم ڈیفالٹ کرگیا اور پھر متحدہ عرب امارات کے ہی ایک گروپ ابراج
کے حوالے کردیا گیا۔ حکومت نادہندگی اور نئے گروپ کے حوالے کرنے کے حوالے سے بالکل
خاموش رہی۔نہ تو سرمایہ کاری ہوئی اور نہ ہی عوام کو بجلی ملی۔ اور اب یہی کے ای ایس سی
سوئی سدرن گیس اور پی ایس او سے رعائتی نرخوں پر گیس اور تیل لے کر سستی بجلی بناتی
ہے اور مہنگی بجلی عوام کو فروخت کردیتی ہے۔ اگر سوئی سدرن گیس اور پی ایس او یا
دوسرے معنوں میں حکومت کے ای ایس سی کو سستے ایندھن کی فراہمی میں اوں آں کرے تو
وہ لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے کہ پورا شہر کانپ اٹھتا ہے۔ اس طرح یہ ابراج گروپ یا اس کے پس
پردہ بیٹھے عناصر ہر برس کھربوں روپے لوٹ کر مزے کررہے ہیں۔
اسی طرح کی ایک اور کہانی پی ٹی سی ایل کی ہے۔پی ٹی سی ایل کو اس وقت نجی شعبے کے
حوالے کیا گیا جب وہ اربوں روپے کا منافع کما رہا تھا۔ اس کو کل 2.6 ارب ڈالر میں متحدہ
عرب امارات کے ایک گروپ اتصالات کے حوالے کردیا گیا۔ یہ 2.6 ارب ڈالر بھی اس فرم کر
قسطوں میں ادا کرنے کی سہولت دی گئی ۔ جس وقت پی ٹی سی ایل بمعہ یوفون اور پاک نیٹ
کے اتصالات کے حوالے کی گئی۔ اس وقت صرف یوفون کی مارکیٹ ویلیو چھ ار ب ڈالر تھی
جبکہ پی ٹی سی ایل کی پورے ملک میں پھیلی زمین کی قیمت ہی کھربوں روپے ہے۔ یہ پی ٹی
سی ایل صرف اور صرف 26 فیصد حصص کے عوض اتصالات کے مکمل حوالے کردی گئی ۔
اتصالات نے اس 2.6 ارب ڈالر میں سے سے بھی ابھی تک آٹھ سو ملین ڈالر کی ادائیگی نہیں
کی ہے کیوں کہ اس کا اصرار ہے کہ پی ٹی سی ایل کی وہ زمینیں جو اب تک اس کے حوالے
نہیں کی گئی ہیں، کے بھی مالکانہ حقوق اس کے حوالے کئے جائیں۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ
اتصالات یا متحدہ عرب امارات کے یہ شیوخ ان ہی زمینوں سے بھی یہ قسط ادا کرنے کا ارادہ
رکھتے ہیں۔
یہ ساری کہانی اس لئے دہرانے کی ضرورت پڑی کہ نیوز ویب سائیٹ مڈوے ٹائمز ڈاٹ کام کے
مطابق نواز حکومت عید کے فوری بعد پی ٹی سی ایل کی طرز پر پی آئی اے کو ایک ’سرمایہ
کار‘ کے حوالے کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ مڈوے ٹائمز کے مطابق پی ٹی سی ایل کی طرح
پہلے پی آئی اے کے تمام واجبات قوم کی جیب سے ادا کرکے اس کو زیرو میٹر کیا جائے گا اور
پھر محض اس کے پچیس سے تیس فیصد حصص کے عوض پوری پی آئی اے، اس کی تمام
ذیلی تنظیمیں جس میں پی آئی اے انوسٹمنٹ لمیٹڈ بھی شامل ہے، تھالی میں رکھ کر اپنے عرب
دوستوں کو پیش کردی جائے گی۔ پھر وہی کچھ ہوگا جو دیگر پی ٹی سی ایل کے ساتھ ہوا۔
اتصالات یوفون سے بھی کمارہی ہے اور انٹرنیٹ سروس سے بھی۔ ابراج گروپ بھی سالانہ
اربوں ڈالر بیرون ملک منتقل کررہا ہے۔ مگر نہ تو ان تمام اداروں کو بانٹنے والوں سے کچھ
پوچھا جارہا ہے اور نہ ہی لوٹنے والوں سے۔
اس کا مطلب یہ ہوا کہ نواز شریف کا مشرف سے صرف یہی اختلاف تھا کہ ان کو اقتدار سے
کیوں ہٹایا گیا۔ وہ مشرف کی پالیسیوں کا بھی تسلسل چاہتے ہیں اور زرداری کا بھی۔ ایک بار
پھر وہی پرانی کہاوت۔ پانچوں انگلیاں برابر ْنہیں ہوتیں مگر جب نوالہ توڑنے کا وقت ہوتا ہے تو
نہ صرف برابر ہوتی ہیں بلکہ ایک دوسرے کی معاون بھی۔ اس دنیا پر ایک عالمگیر شیطانی
حکومت کے سازش کاروں کا کسی بھی قوم کو غلام بنانے کا آسان ترین طریقہ اس کو اس کے
اثاثہ جات سے محروم کردینا اور اس کو مقروض بنانا ہے۔ یہ طریقہ امریکا، برطانیہ، مشرق
وسطیٰ سمیت ہر جگہ ہمیں نظر آتا ہے۔پاکستان میں بھی ان کے ایجنٹ اس طریقہ کار پر پوری
دل جمعی کے ساتھ مصروف عمل ہیں۔
اس دنیا پر ایک عالمگیر شیطانی حکومت کے قیام کی سازشوں سے خود بھی ہشیار رہئے اور
اپنے آس پاس والوں کو بھی خبردار رکھئے۔ ہشیار باش۔





