Advertisement

پنجاب میں سی این جی اور گیس کی بندش


سلام آباد+ لاہور (خبرنگار+ نیوز رپورٹر) سوئی ناردرن گیس کمپنی نے وزیراعظم کی منظوری کے بغیر ہی پنجاب بھر کے سی این جی سٹیشنوں، صنعتوں، کیپٹو پاور پلانٹس اور آئی پی پیز کو گیس کی فراہمی غیرمعینہ مدت کیلئے بند کر دی ہے۔ وزارت پٹرولیم نے جنوری اور فروری کیلئے گیس بندش کیلئے وزیراعظم کو سمری ارسال کی تھی مگر سوئی ناردرن نے اس سے قبل ہی گیس بند کر دی ہے۔ سی این جی ایسوسی ایشن کے چیئرمین غیاث عبد اللہ پراچہ نے لوڈ مینجمنٹ پلان مسترد کر دیا ہے۔ سوئی ناردرن حکام کے مطابق گذشتہ دو روز کے دوران گیس کا شارٹ فال 30 کروڑ کیوبک فٹ اضافے کیساتھ ایک ارب کیوبک فٹ ہو گیا ہے جبکہ سوئی ناردرن ریجن میں گیس کی فراہمی ایک ارب 90کروڑ کیوبک فٹ ہے۔ گیس شارٹ فال میں مسلسل اضافے کے باعث پنجاب بھر کے سی این جی سٹیشنوں، صنعتوں، فرٹیلائزر، کیپٹو پاور پلانٹس اور آئی پی پیز کو گیس کی فراہمی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ رواں ہفتے پنجاب بھر کے 2 ہزار 200 سی این جی سٹیشنز نہیں کھل سکیں گے۔ حکام کے مطابق گھریلو صارفین کی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث ٹرانسمیشن لائن میں پریشر برقرار رکھنا مشکل ہو گیا ہے۔ سردی کی شدت اور گیس طلب میں کمی ہوئی تو پلان پر نظرثانی کی جائیگی ورنہ فروری تک گیس فراہمی بند رہے گی۔ وزارت پٹرولیم نے وزیراعظم کو سمری ارسال کی تھی کہ پنجاب بھر کے سی این جی، صنعتی، فرٹیلائزر اور پاور سیکٹر کو جنوری تا فروری مکمل گیس فراہمی بند رکھنے کی منظوری دی جائے۔ ان شعبوں کو مارچ اور اپریل میں بھی ہفتے میں 6 روز گیس فراہمی بند رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔ وزارت پٹرولیم نے سندھ میں جنوری تا مارچ صنعتی سیکٹر کو دو روز گیس بند رکھنے کی سفارش کی ہے۔ خیبر پی کے میں گیس کی طلب بڑھنے کے باعث پہلی مرتبہ چند دن سی این جی کو گیس فراہمی بند کرنا پڑیگی۔ سوئی ناردرن نے وزیراعظم کی منظوری سے قبل ہی گیس لوڈ مینجمنٹ پلان پر عمل شورع کردیا ہے مگر سی این جی ایسوسی ایشن نے 12دسمبر کو ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ چیئرمین سپریم کونسل آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن غیاث عبداللہ پراچہ نے سوئی ناردرن گیس کمپنی کی جانب سے جاری کردہ گیس لوڈ مینجمنٹ پلان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے عوام کے مسائل میں اضافہ ہو گا، لاکھوں افراد بے روزگار جبکہ کروڑوں سستی ٹرانسپورٹ سے محروم ہوجائینگے، سی این جی شعبہ کو غیرمعینہ مدت تک گیس کی سپلائی منقطع کرنے کا فیصلہ کسی صورت قبول نہیں کیونکہ دیگر شعبوں کے برعکس سی این جی سیکٹر کے پاس قدرتی گیس کا متبادل نہیں اور موسم سرما میں مسلسل بندش سے سی این جی سٹیشنز کی مشینری بالکل ناکارہ ہوجائیگی جس سے 450 ارب کی یہ صنعت تباہ ہوجائیگی۔ دیگر شعبے اپنے کارخانے فرنس آئل سے چلا سکتے ہیں جبکہ سی این جی شعبہ کیلئے کوئی آپشن نہیں ہے۔ غیاث پراچہ نے کہاکہ اس فیصلہ سے ملک دیوالیہ ہو سکتا ہے کیونکہ حکومت کو تین ماہ میں 2 لاکھ ٹن اضافی ایندھن درآمد کرنا ہو گا۔ نیوز رپورٹر کے مطابق سوئی ناردرن ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کی صنعتوں اور سی این جی سٹیشنز کو ڈھائی ماہ کیلئے گیس بند رہے گی، گیس کا شارٹ فال 1100ملین کیوبک فٹ تک چلا گیا ہے، حکومت فیصلے کرے کہ پاور سیکٹر کو گیس دینی ہے یا صنعتوں کو، گھروں کو گیس کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ لوگوں سے اپیل ہے کہ غیرضروری گیس کا استعمال نہ کریں۔ علاوہ ازیں سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق سی این جی سٹیشنز بدھ کی صبح آٹھ بجے سے 48گھنٹوں کیلئے بند ہوں گے۔ سی این جی سٹیشنز جمعہ کی صبح آٹھ بجے کھلیں گے۔ اس ہفتے کے دوران جمعہ کو سی این جی سٹیشنز بند نہیں ہوں گے۔

http://www.nawaiwaqt.com.pk/national/10-Dec-2013/264575

​