پنجاب کی تمام جیلوں کے بیرکس میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ جیل خانہ جات نے جیلوں میں بیرکس کے نظام کو بہتر بنانےکیلئے اہم فیصلہ کرلیا ہے جس کے تحت تمام بیرکس میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے، اس اقدام کا مقصد جیل کے ماحول کو بہتر بنانا اور قیدیوں کی نگرانی کرنا ہے۔
اس فیصلے کے حوالے سے آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر کا کہنا تھا کہ صوبے کی تمام جیلوں میں تقریبا 4ہزار 500 کیمرے نصب کیے جائیں گے، یہ منصوبہ تین مراحل میں مکمل کیا جائے گا، پہلے مرحلے میں ہائی سیکیورٹی اور صوبے کی سینٹرل جیلوں میں کیمرے نصب کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر جیل کے ہر بیرک میں ایک کیمرہ نصب کیا جائے گا،کیمرے نصب ہونے سے قیدیوں کی نقل و حرکت، بیماری کی صورت میں اسپتال منتقلی ، سامان کی چوری کی روک تھام اور بیرکس کی بہتر مانیٹرنگ میں مدد ملے گی۔
آئی جی جیل خانہ جات نے بتایا کہ اس منصوبے کے حوالے سے حکومت کو سمری بھیج دی ہے، جیسے ہی سمری منظور ہوگی ٹینڈرنگ کا عمل شروع ہوجائے گا اور منصوبے پر عمل درآمد شروع کردیا جائے گا۔