Advertisement

پری پیڈ صحافی کا انٹرویو

پری پیڈ صحافی کا انٹرویو

آئیے آئیے تشریف لائیے بلکہ تشریف رکھیے
اتنی جلدی کاہے کی ، شرائط بھی طے کیے لیتے ہیں
نان .کباب ، نہاری ، پاۓ سب ملے گا
اجی حریص مت ہویے ، ہریسہ بھی ملے گا. اجرت روز کی روز, پسینہ خشک ہونے سے قبل اور خون سفید ہونے کے بعد

ذرا تھم جائیے ، سانس تو لیجئے
بتا تو رہے ہیں نا ہم
اجی چھوڑیے ! تعلیم ، تجربہ ، ہنر ، مہارت گۓ بھاڑ میں
بس ڈھیٹ پن کی سطح کوہ ہمالیہ سی بلند درکار ہے
اچھا ناراض تو مت ہویے ، مستقل مزاجی کہنا چاہتے تھے ہم
آسان الفاظ میں یوں کہ استقلال ہو تو اس عاشق کی مانند جو آدھ گھنٹہ ہیر کے در مار کھانے کے بعد کپڑے جھاڑتا ہوا اٹھا اور بولا
"پھر میں نہ ہی سمجھوں آپ کی طرف سے "

استقلال سے تحریک استقلال یاد آئی جس کے ٹکٹ پر ایک بار بڑے میاں صاحب اپنی ضمانت ضبط کروانے کے باوجود ہمت نہ ہارے اور سیدھا جنرل جیلانی کے چرنوں میں جا بیٹھے ، نوازشات کی بارشوں میں نواز کو وہ شارٹ کٹ مل ہی گیا جس کے وہ متمنی تھے
کہانی کہیں اور جا نکلی ، بس یہی کہنا تھا کہ کچھ عرصہ کے لئے ضمیر نامی شے کو رضائیوں والی صندوق میں ڈال کر چائنا کا تالہ ڈال دیجئے

کام کو ماریے گولی ، کام کرنا نہیں بس کام ڈالنا ہے. بس ہاتھ اور آنکھیں سلامت ہونی چاہیے ، دماغ کی بھی چنداں ضرورت نہیں
لچ تلنا تو سمجھتے ہی ہوں گے نا آپ . بس وہی تلنا ہے

سکرپٹ آپ کو لکھا لکھایا ملے گا. بلکہ سچ پوچھیں تو ہمیں بھی لکھا لکھایا ہی ملتا ہے. استاد محترم گوئیبلز کے فرامین کے عین مطابق چہرے پر منحوس سی سنجیدگی طاری کیے یہ سکرپٹ یوں پڑھتے چلے جائیے جیسے کوئی آسمانی صحیفہ پڑھ رہے ہوں. آپ کی کمٹمنٹ کانٹینٹ سے نہیں پیمنٹ سے ہونی چاہیے. جی تو پھر اپنا فیصلہ بتائیے


ہم تو بس اتنا جانتے ہیں کہ بات استعداد کی نہیں تعداد کی ہوتی ہے

نیکسٹ پلیز


Adeel

​
 
Last edited: