Advertisement

پاکستان میں انسانیت میچ ہار رہی ہے

وہ 5فروری 1985 کو سینٹو انٹونیو میں پیدا ہوا اس کا باپ ایک مالی تھا اور مشہور امریکی اداکار رونالڈ ریگن جو بعد میں امریکا کا صدر بھی بنااس کا بہت مداح تھا۔اتنا مداح کہ اس نے اپنے بیٹے کا نام رونالڈو، رونالڈ ریگن کی نسبت سے رکھا۔مالی لحاظ سے ایک اوسط درجے کے گھرانے میں پیدا ہونے والا رونالڈو کوئی نہیں جانتا تھا کہ ایک دن آئے گا دنیائے فٹ بال کا عظیم ترین کھلاڑی بنے گا۔جس کی فٹ بال کی دنیا میں اہمیت اور مہارت کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ رئیل میڈرڈ کے ساتھ ہونے والے ایک معاہدے کے تحت اس کی بائی آؤٹ شق میں درج ویلیوتقریباً ایک ارب یورو ہے۔ پرتگال کی طرف سے کھیلنے والے کرسٹیانو رونالڈو کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ پرتگال کی پوری ٹیم ایک طرف اور رونالڈو کی مہارت ایک طرف۔۔۔ جس دن رونالڈو پرتگال کی طرف سے کھیل رہا ہوتا ہے اس دن پورے پرتگال اور اس کی ٹیم کو یقین ہوتا ہے کہ وہ کسی بھی ٹیم کو ہرا سکتے ہیں اور جس دن رونالڈو پرتگال کی طرف سے نہیں کھیل رہا ہوتا اس دن بعض میچیز میں شائقین کی تعداد میں تیس فیصد تک بھی کمی نوٹ کی جاتی ہے کہ لوگ رونالڈو کو گراؤنڈ میں دیکھنے آتے ہیں۔ پچھلے دنوں رونالڈو نے ایک ایسی حرکت کی جس نے پوری دنیا میں ظلم سے نفرت کرنے والوں اور مظلوم کی حمایت کرنے والوں کے دلوں میں رونالڈو کی قدرومنزلت میں اس سے کہیں زیادہ اضافہ کر دیا جو ایک ماہر کھلاڑی کی حیثیت سے لوگوں کے دلوں میں پائی جاتی ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ برسوں ،دہائیوں، صدیوں کے بعد شاید لوگ پیلے اور میراڈونا جیسے عظیم کھلاڑیوں کو بھی بھول جائیں گے شاید رونالڈو کو بھی بحیثیت کھلاڑی اور اس کے کارناموں کو بھول جائیں گے مگر بحیثیت انسان اس کے دل میں جو انسان کا درد پایا جاتا ہے وہ صدیوں لوگوں کو اس کی یاد دلاتا رہے گا۔ چند دن پہلے ہونے والے ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میچ میں میچ ختم ہونے کے بعد 28 سالہ رونالڈو نے جو کہ مسلمان نہیں ہے اور مذہباً ایک مسیحی گھرانے سے تعلق رکھتا ہے مظلوم فلسطینیوں سے یکجہتی کے اظہار کے طور پر میچ ختم ہونے کے بعد فٹ بال کی روایت کے برخلاف اسرائیلی کھلاڑی سے اپنی ٹی شرٹ بدلنے سے انکار کر دیا اور شرٹ تبدیل کیے بغیر اپنے ڈریسنگ روم کی طرف بڑھ گیا۔
دہائیوں سے اسرائیلی ظلم کا شکار فلسطینیوں سے یکجہتی کا یہ پہلا اظہار نہیں تھا جو فٹ بال کی دنیا کے اس عظیم ترین کھلاڑی کی طرف سے ہوا۔ اس سے پہلے نومبر 2012میں خبر آئی تھی کہ رونالڈو نے انعام کے طور پر ملنے والے گولڈن بوٹ کو فلسطینیوں کے لیے نیلام کر دیا تھا جس کی مالیت ڈیڑھ ملین یورو سے زیادہ بنتی تھی اور اس سے بھی پہلے رئیل میڈرڈ فاؤنڈیشن کے لیے رونالڈو نے خطیر رقم عطیہ کی تھی جس سے فلسطین سمیت 66 ملکوں میں بچوں کے لیے سکول تعمیر کیے گئے تھے ۔
خصوصاً رونالڈو کے اسرائیل کے ساتھ میچ کے اختتام پر اسرائیلی کھلاڑی سے شرٹ تبدیل نہ کرنے کے عمل کو کچھ حلقوں نے تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے۔ میں خود بھی یہی سمجھتا ہوں کہ ہر بات کرنے کے لیے ایک فورم ہوا کرتا ہے اور کھیل میں کسی بھی قسم کی سیاست کو involve نہیں کیا جانا چاہیے۔مگر یہ بھی سچ ہے کہ دنیا میں غاصب طاقتیں مظلوم انسانوں کواتنا مجبور کر دیتی ہیں کہ وہ ہر اصول اور ضابطہ توڑنے پر مجبور ہو جایا کرتے ہیں۔ اگر رونالڈو کی اس حرکت کو منفی بھی تسلیم کر لیا جائے تب بھی مظلوم فلسطینیوں کے لیے رونالڈو کے دل میں دھڑکتے درد کی عظمت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا۔ جب میں رونالڈو جیسے عظیم کھلاڑی کی مظلوم فلسطینیوں سے یکجہتی کی تفصیلات پڑھ رہا تھا تو مجھے بار بار اپنے معاشرے کا خیال آرہا تھا۔
ایک طرف وہ معاشرے ہیں جو رونالڈو جیسے عظیم انسانوں کو جنم دیتے ہیں کہ ایک مسیحی ہونے کے باوجود رونالڈو کسی بھی مذہبی تعصب سے بالاتر ہو کر فلسطینیوں پر ہونیو الے مظالم پر بے چین ہوجاتا ہے اور فلسطینیوں کے مسلمان ہونے کے باوجود ان سے اظہارِ یکجہتی کرتا ہے ان کے لیے خطیر رقم عطیہ کرتا ہے اس لیے کہ رونالڈو سمجھتا ہے کہ کسی کا مذہب ، مسلک ، عقیدہ مختلف ہونے کے باعث کسی سے اس کے انسان ہونے کا حق نہیں چھینا جا سکتا۔ کسی کو صرف اس لیے ظلم کا شکار نہیں بنایا جا سکتا یا کسی مظلوم کی حمایت سے صرف اس لیے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ اس کا عقیدہ ، مذہب، مسلک یا نسل ہم سے مختلف ہے ۔ افسوس کہ پاکستان میں ہم نے مذہب کے نام پر اسلام جیسے سلامتی کا پیغام دیتے ہوئے، امن کے پھول کھلاتے ہوئے مذہب کے نام پر بھی نفرتوں کی فصل بوئی ہے یہی وجہ ہے کہ آج ہر فرقہ دوسرے فرقے کو کافر قرار دیتا ہے ہر مسلک دوسرے مسلک کی گردن کاٹنے کے لیے بے چین ہے ہر عقیدے کا حامل اپنے سے مخالف عقیدے والے کو واجب القتل سمجھتا ہے۔ نام نہاد لبرلزتضحیک کے ساتھ ہر قسم کے مذہبی لوگوں کو مُلاؤں کے نام سے پکارتے ہیں اور مذہبی رجحان رکھنے والے حضرات لبرلز کو ان کے خیالات کے ساتھ ہی اسی سرزمین میں زندہ گاڑھ دینا چاہتے ہیں۔ ایک نسل ایک زبان کے لوگ دوسری نسل دوسری زبان کے لوگوں کو نفرت اور خوف سے دیکھتے ہیں۔ افسوس صد افسوس ان 65 سالوں میں ہم نے اس ملک میں ہر نسل ، ہر زبان ہر فرقے ہر مسلک ہر عقیدے کی آبیاری کی اگر نہیں کی تو انسانیت کی آبیاری نہیں کی۔۔۔ انسانیت کی دیکھ بھال نہیں کی۔۔۔ انسانی رویوں کی حفاظت نہیں کی ۔۔۔ہر عقیدے ہر مسلک ہر نسل کے لوگ اپنی اپنی نفرتوں سمیت بڑھتے چلے گئے اور انسانیت اور انسان پورے پاکستان میں گھٹتے چلے گئے۔۔۔ پاکستان جس کی پہچان امن اور سلامتی ہونا چاہیے تھی۔ پاکستان، جس جانب سے میرے آقاؐ سرکارِ دو عالمؐ کو ٹھنڈی ہوائیں آیا کرتی تھیں وہی پاکستان جوزف کالونی، کوئٹہ، کراچی، پشاور جیسے سانحات کی وجہ سے آگ تقسیم کرنے کی علامت بن چکا ہے ۔ ہمیں دنیا میں امن کا نمائندہ ہونا تھا ہم جہان بھر کے لیے دہشت اور خوف کی علامت بن گئے۔ کاش ہمارا معاشرہ بھی رونالڈو جیسے انسان پیدا کر سکے جو کسی عقیدے، کسی مسلک، کسی فرقے کسی نسل کی طرف سے کھیلنے کے بجائے اُس انسان کی ٹیم کی طرف سے کھیل سکے جسے اوپر والے نے زمین پر امن کا پرچم دے کر اپنا نائب بنا کر بھیجا تھا۔ کاش ہمارا معاشرہ ایسے انسان پیدا کر سکے جو ظلم کو کک مار کے امن کے حق میں گول کر کے انسانیت کو میچ جتا سکتے ہوں۔۔۔ کیونکہ پاکستان میں انسانیت میچ ہار رہی ہے۔۔۔
 
I do not have any interest in football but i just liked Messi as a good footballer but after
knowing this i have Changed my choice towards Ronaldo. Ronaldo has won great respect
as a human.
 
IN PAKISTAN PEOPLE LIKE ANJILINA JULIE DONATE 100000 us$ BUT OUR LEADERS LIKE ZARDAR AND NAWAZ SHARIF DID NOT FEEL ANY SHAME. HOW THEY FEEL BECAUSE ALL THEIR MONEY IS LOOTED FROM NATIONAL TREASURE AND ALL YOU KNOW THAT CHARITY FROM LOOTED MONEY IS USELESS I MEAN THERE IS NO "SAWAB". THAT IS WHY THEY ARE NOT GIVING ANY CHARITY. ZARDARI DONATE $100000 TO DARGAH AJMIR SHARIF FROM NATIONAL TREASURE WHICH MEAN HE DID NOT DONATE ANY THING FROM HIS POCKET.