Advertisement

پانچ سالہ پابندی ختم کروانے کیلئے آصف زرداری نے شعیب اختر کی کیسے مددکی؟

zaridahahsiah.jpg

میں آج بھی سابق صدر آصف علی زرداری کا شکرگزار ہوں: وفاقی وزیر نے مجھے اپنے گھر پر بلا لیا لیکن گھر میں لے جانے کے بجائے باہر سے ہی واپس بھیج دیا: شعیب اختر

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بائولر شعیب اختر نے نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز کے ایک پرانے پروگرام میں سینئر صحافی واینکر وسیم بادامی کو انٹرویو دیتے ہوئے ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ مجھ پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے لگائی گئی 5 سالہ پابندی کو سابق صدر ورہنما پی پی پی آصف علی زرداری نے ختم کروا دیا تھا۔

انہوں نے وسیم بادامی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ماضی میں 2 سال کرکٹ کھیلنے پر پابندی لگائی گئی تو راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے ایک وفاقی وزیر کو پابندی ختم کروانے کیلئے فون کیا۔ وفاقی وزیر نے مجھے اپنے گھر پر بلا لیا لیکن گھر میں لے جانے کے بجائے باہر سے ہی واپس بھیج دیا۔ یہ واقعہ میرے لیے مدد کے بجائے ایک سبق ثابت ہوا جو میرے لیے بہت ضروری تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے وفاقی وزیر سے انٹرکام پر کہا کہ اگر آپ نے ذلیل ہی کرنا تھا تو بتا دیتے لیکن یہ بات یاد رکھیں کہ آپ آج وزیر ہیں، کل نہیں ہوں گے لیکن اس کے باوجود نام میرا ہی زندہ رہے گا آپ کسی کو یاد بھی نہیں رہیں گے جس پر وفاقی وزیر نے کہا تھا چلودیکھتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایک موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری نے میری مدد کی تھی جب مجھ پر 5 سال کی پابندی لگائی گئی تھی۔ میرا دوست فیصل بٹ مجھے لے کر ان کے پاس گیا تو آصف زرداری نے سلمان تاثیر کے ذریعے سابق چیئرمین پی سی بی نسیم اشرف کو فون کیا کہ اسے بتائو شعیب ہمارا بیٹا ہے، ہمارا بچہ ہے۔ شعیب اختر نے آئی پی ایل کھیلنا ہے تم اس کی پابندی ختم کرتے ہو یا نیا چیئرمین لگائیں۔

انہوں نے کہا کہ میں آصف زرداری کا بے انتہا شکرگزار ہوںپھر نسیم اشرف کو رات کو اٹھا کر لایا گیا۔ واضح رہے کہ شعیب اختر نے پابندی ختم ہونے کے بعد آئی پی ایل میں معروف بھارتی اداکار شاہ رخ خان کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی طرف سے کھیلے تھے۔

یاد رہے کہ دنیا کے تیزترین بائولر شعیب اختر نے دسمبر 1997ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ 46 ٹیسٹ میچز کے دوران مجموعی طور پر انہوں نے 178 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 163 ایک روزہ میچز میں 247 جبکہ 15 ٹی ٹوینٹی میچز میں 19 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ شعیب اختر نے مارچ 2011ء میں ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔