Advertisement

پارسا ہم بہت ہوچکے، مزید پارسائی کی جگہ نہیں:ایاز امیر


"اڈیالہ میں بند مخصوص قیدی سے تکلیف ہے، یہ بات سمجھ آتی ہے۔ ہر ایک کی نفسیات عوام کے سامنے ہے، لیکن اس ملک کے کسان سے کیا دشمنی ہے؟ حکمرانوں کو کوئی احساس نہیں کہ پچھلے دو تین سالوں میں اس ملک کے کسان کے ساتھ کیا ہوا ہے۔ نتیجہ ہمارے سامنے ہے، گندم کی درآمد کی سوچ بچار ہو رہی ہے۔ کسان بیچارہ کرے کیا، زراعت کے خرچے اس کی پہنچ سے باہر ہو چکے ہیں۔ انڈسٹری کی حالت ویسے ہی پتلی ہے اور جب زراعت بھی آپ سے نہیں چلائی جا رہی تو پھر وہ کریں جو کر سکتے ہیں۔ ایک تو ریاستی نااہلی اور اس کے ساتھ یہ بے جا کی تھانیداری"۔ایاز امیر

"ہمارے ہاں معاشی ترقی کی کہانیاں سب زبانی جمع خرچ ہے۔ زرعی ملک اپنے آپ کو کہتے ہیں اور گندم اور دالیں باہر سے منگواتے ہیں۔ فیکٹریاں یہاں لگنی کوئی نہیں، تیل کے ذخائر دریافت نہیں ہونے۔ چوکیداری کے لیے یہاں ہمیشہ تیاری رہتی ہے، لیکن ایسی کوئی صورتحال نہیں کہ نام نہاد افغان جہاد کی طرح پھر سے ڈالروں کی ریل پیل شروع ہو۔ لہٰذا کریں وہ جس کی گنجائش موجود ہے۔ وعظ و نصیحت بہت ہو چکے۔ پارسا ہم بہت ہو گئے، مزید پارسائی کی جگہ نہیں رہی۔ اب کچھ عقل سے کام لیا جائے، سانس لینا اس معاشرے میں تھوڑا آسان ہو جائے۔ مردِ حق، مردِ مومن کو گئے عرصہ ہو چکا ہے۔ اب اس دور کے چند قوانین جن کی وجہ سے اس معاشرے کا گلا گھونٹا گیا، ان پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ عجیب صورتحال ہے کہ پارسائی اور نصیحت کے نام پر اس معاشرے میں دو نمبری کو فروغ ملا ہوا ہے۔ منافقت کو تو دیکھیں، پورا معاشرہ اس میں دھلا ہوا لگتا ہے۔"۔ایاز امیر
​