کرنال میں مسلمانوں کے ایک معروف خاندان سے تعلق رکھنے والے رکن الدولہ شمشیر جنگ نواب رستم علی خان کے فرزند ارجمند نے بی اے کے امتحان میں ممتاز پوزیشن حاصل کی تو حکومت نے اسے براہ راست انڈین سول سروس میں نامزدگی پیش کی مگر نواب رستم علی خان کے نور نظر نے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ وہ اپنا شعار اپنی قوم کی خدمت کو بنانا چاہتے ہیں تو نوجوان نے فارغ التحصیل ہونے کے بعد 1936ءمیں اسلامیان برصغیر کے عظیم مدبر سیاستدان حضرت قائداعظمؒ کی زیرقیادت آل انڈیا مسلم لیگ کے سیکرٹری کا عہدہ سنبھالا۔ یہ تھے لیاقت علی خان جنہوں نے اپنے قائد کے شانہ بشانہ تحریک پاکستان کی تاریخ ساز جدوجہد میں جی جان سے حصہ لیا۔ قیام پاکستان کے بعد حضرت قائداعظم مملکت خداداد پاکستان کے گورنر جنرل کے منصب جلیلہ پر فائر ہوئے تو قائد ملت لیاقت علی خان نے پاکستان کے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالا۔ 11 ستمبر 1948ءکو حضرت قائداعظم خالق حقیقی سے جا ملے تو مولوی تمیزالدین خان اسمبلی کے صدر بن گئے اور آئین سازی کی ذمہ داری لیاقت علی خان کے کندھوں پر آپڑی۔ چنانچہ 7 مارچ 1949ءکو لیاقت علی خان نے قرارداد مقاصد دستور ساز اسمبلی میں پیش کی۔ قرارداد مقاصد پر آئین ساز اسمبلی کے پانچ مسلسل اجلاس میں غوروخوض کیا گیا اور 12 مارچ 1949ءکو اس قرارداد کی منظوری دیدی گئی۔ قرارداد مقاصد کی آئین ساز اسمبلی سے منظوری قائد ملت لیاقت علی خان کا ایک تاریخی کارنامہ ہے۔ اس قرارداد مقاصد کو پاکستان کی نظریاتی اور عملی سمت متعین کرنے میں ایک سنگ میل کی حیثیت حاصل ہے۔ اسکے ذریعے پاکستان کے اسلامی کردار کی باضابطہ توثیق کر دی گئی اور ملک کو اسلامی نظام کی راہ پر گامزن کر دیا گیا۔قائد ملت لیاقت علی خان نے اپنے عہد وزارت عظمیٰ کے دوران میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے منصفانہ نظریہ سے بین الاقوامی دنیا کو آگاہ کرنے میں مثالی کردار ادا کیا۔ 8 اپریل 1950ءکو لیاقت علی خان نے دہلی جا کر بھارتی وزیراعظم پنڈٹ نہرو سے پاک ہند اقلیتی معاہدہ کیا جس کے تحت دونوں ممالک کی اقلیتوں کے جان و مال کے تحفظ اور حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا۔ قائد ملت لیاقت علی خان نے 14 اگست 1951ءکو پاکستان کی چوتھی سالگرہ کے موقع پر جہانگیر پارک کراچی میں منعقدہ ایک عظیم الشان جلسہ عام میں زندگی کی آخری یادگار تقریر کی۔ اپنی اس طویل یادگاری تقریر میں ملکی دفاعی صورتحال ‘ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف‘ افواج پاکستان کے جذبہ حریت‘ مہاجرین کی آبادکاری‘ عالم اسلام سے تعلقات اور تعمیروترقی کے حوالے سے اظہارخیال کیا اور یہ بھی کہا کہ ”میرے پاس دولت نہیں‘ جائیداد کا مالک نہیں‘ خدا کا شکر ہے کہ میرے پاس کچھ نہیں کیونکہ یہی چیزیں ہیں جو انسان کے ایمان میں خلل ڈالتی ہیں۔ اس کے عقیدے کو کمزور کرتی ہیں۔ صرف ایک جان میرے پاس ہے۔ وہ بھی چار برس سے پاکستان کیلئے وقف ہے.... اگر پاکستان کی حفاظت کیلئے‘ پاکستان کی بقاءکیلئے‘ پاکستان کی عزت کیلئے قوم کو خون بہانا پڑا تو لیاقت کا خون بھی اس میں شامل ہوگا۔“ اس تقریر کے ٹھیک دو ماہ بعد 16 اکتوبر 1951ءکو وزیراعظم پاکستان قائد ملت لیاقت علی خان راولپنڈی کمیٹی باغ میں منعقد عظیم الشان جلسہ عام میں خطاب کرنے تشریف لائے۔ راولپنڈی کی انتظامیہ کو اعلیٰ حکام کی طرف سے یہ ہدایات موصول ہوئی تھیں کہ جلسہ کا سٹیج کافی اونچا ہو اور اس پر صرف وزیراعظم کیلئے ایک ہی کرسی رکھی جائے۔ چنانچہ ایسا ہی انتظام کیا گیا تھا۔ جلسہ شروع ہونے سے قبل وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری نواب صدیق خان خود انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے آئے اور مطمئن ہو کر گئے۔ وزیراعظم لیاقت علی خان چار بجے کے لگ بھگ جلسہ گاہ میں تشریف لائے تو شرکاءجلسہ نے جو ہزاروں کی تعداد میں تھے‘ وزیراعظم زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے ان کا استقبال کیا۔ جلسہ کا سٹیج قریباً چھ فٹ اونچا تھا۔ سٹیج کے آگے چند فٹ تک خالی جگہ تھی۔ جلسہ شروع ہوا تو مسلم لیگی رہنما شیخ صادق حسن نے خطبہ استقبالیہ پڑھا۔ وزیراعظم لیاقت علی خان خطاب کرنے کیلئے اٹھے تو ان کی عوامی مقبولیت کا یہ عالم تھاکہ وہ تمام بلکہ ہزارہا لوگوں کی نگاہوں کا مرکز ہوگئے۔ قائد ملت کرسی سے اٹھ کر مائیک تک پہنچے اور قوم سے خطاب کرنے کی خاطر ابھی انہوں نے یہی الفاظ اپنے لبوں سے ادا کئے تھے ”برادران ملت“ کہ یکدم سیسے کی دو گولیاں ان کے سینے میں پیوست ہو جاتی ہیں۔ وزیراعظم پاکستان دل پر ہاتھ رکھتے ہوئے جھک جاتے ہیں۔ سکیورٹی اہلکاروں نے دیکھا کہ سٹیج کے عین سامنے ایک جواں عمر شخص سر پر کلا پگڑی اچکن شلوار پہنے دائیں ہاتھ میں ریوالور لئے دونوں پاﺅں پر بیٹھا ہے۔ جلسہ میں گویا محشر کا سماں برپا ہو گیا۔ لوگ قاتل پر پل پڑے۔ لاتوں‘ گھونسوں سے قاتل کی خاطر ہوتی رہی۔ مسلم لیگی رضاکاروں نے اپنے نیزوں سے قاتل پر وار کئے کیونکہ ان کے محبوب قائد کو پستول کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ قاتل بے ہو ش ہو گیا تو جوش غضب میں ایک سب انسپکٹر نے اپنے پستول کی گولیوں سے اس کا سینہ چھلنی کر دیا۔پاکستان کے پہلے وزیراعظم قائد ملت لیاقت علی خان کو گاڑی میں ڈال کر سی ایم ایچ پہنچایا گیا۔ جہاں پانچ بجکر 45 منٹ پر قائد ملت لیاقت علی خان اللہ کو پیارے ہو گئے۔ قائد ملت‘ شہید ملت ہو گئے۔ شہید ملت کے سینے میں جب گولیاں لگیں اور انہیں ہسپتال پہنچایا گیا تو ڈاکٹروں نے شیروانی کے بٹن کاٹ کر اتار دیا تو سبھی سینئر ترین ڈاکٹر یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ وزیراعظم پاکستان شہید ملت لیاقت علی خان نے جو سفید قمیص پہن رکھی تھی‘ وہ کندھوں سے پھٹ چکی تھی اور اس پر سوئی سے ٹانکے لگے ہوئے تھے۔ شہید ملت کی شان قلندری کا یہ عالم کہ دو ماہ قبل کا یہ لبوں سے ادا کیا گیا مدعا پورا ہو گیا کہ پاکستان کیلئے قوم کو خون بہانا پڑا تو لیاقت کا خون بھی اس میں شامل ہوگا۔ شہید ملت نوابزادہ لیاقت علی خان وزیراعظم پاکستان جس کی سرحدیں خیبر سے چاٹگام پر محیط تھیں‘ اللہ کو پیارے ہوئے تو بینک بیلنس ”فور فگر“ سے زیادہ نہ تھا۔ یہ تاریخی حقیقتوں میں سے ایک روشن حقیقت ہے۔ یہ وہ ہستیاں تھی جنہوں نے پیکر اخلاص و خلوص حضرت قائداعظمؒ کی قیادت میں حصول وطن کی جنگ میں جی جان سے حصہ لیا ہے۔ نواب ابن نواب تھے۔ وزیراعظم پاکستان تھے مگر معمولی پاپلین کی پیوند لگی قمیص زیب تن تھی۔ معمولی لٹھے کا پاجامہ اور انتہائی معمولی قیمت کا اس میں آزار بند تھا۔ گولیاں کھا کر گرے تو زبان پر کلمہ شہادت کے بعد صرف اتنا کہا ”خدا پاکستان کی حفاظت کرے۔“
My father was attending the jalsa in liaqat bagh Rawalpindi when Liaqat Ali Khan was martyred and instantly the police officer killed the Assassin, students like him hid under chairs . we all knew that Soviet Union / Afghan involvement in this act.........