Advertisement

وقت، دولت، ملک نعمت ہے، خدارا قدر کیجیے


وقت، دولت، ملک نعمت ہے، خدارا قدر کیجیے

اظہر تھراج جمعـء 30 جنوری 2015
322578-Pakistan-1422599094-254-640x480.jpg


مان لیتے ہیں بجلی، گیس اور تیل کےبحران کی ذمہ دار حکومت ہے لیکن جو سرکاری اور نجی دفاتر میں عام آدمی ذلت پر ذلت اٹھاتا ہے تو کیا اس کی ذمہ دار بھی حکومت ہے؟ فوٹو: فائل




لوگ کہتے ہیں کہ وقت دولت اور کائنات میں پائی جانے والی روزمرہ کی اشیاء نعمت ہیں، جو بھی ان کا صحیح استعمال اور قدرکرتے ہیں وہ انفرادی اور اجتماعی طور پر ترقی حاصل کرتے ہیں اور پھر یہی دولت اور نعمت ان کیلئے طاقت بن جاتی ہیں، مغرب کی ترقی اور حکمرانی کا راز بھی انہی اصولوں میں پنہاں ہے۔


لیکن بدقسمتی سے ہمارے ہاں معاملہ بالکل متضاد ہے جس کا مشاہدہ ہمیں روزانہ سرکاری، غیر سرکاری دفاتر، روزمرہ کے معاملات میں ہوتا ہے۔ آج کل اس طرح کا کسی نے تجربہ کرنا ہو تو مواصلاتی کمپنی کے دفتر کا چکر لگا آئے۔ وہاں جاکر آپ کے کام ہونے کی تو کوئی گارنٹی نہیں بہرحال چکر ضرور آئیں گے۔
دو دن سے گمشدہ سم نکلوانے دفتر پہنچا تو وہاں میلہ لگا ہوا تھا۔ کمپنی تو مغربی تھی لیکن کام کرنے والے سب مشرقی نظر آتے تھے۔ خدا خدا کرکے ٹوکن ملا پھر لمبا انتظار اور جب باری آئی تو سسٹم لنک ڈاون ہوگیا۔ دوسرے دن پھر نیا ٹوکن، نیا انتظار چار گھنٹے بعد باری آئی تو پتا چلا چار سال سے استعمال شدہ کنکشن کا مالک ہی نہیں ہوں۔


وہاں بیٹھی بی بی نے تصدیق کیلئے مزید 48 گھنٹے مانگ لیے۔ قید انتظار کاٹنے کے بعد پھر وہاں جاپہنچا، پہنچتے ہی ہوش گم۔ کہا گیا کہ آج وہ بی بی چھٹی پر ہیں، اِس لیے ٹوکن پکڑو اور مزید انتظار کرو۔ منت سماجت پر بھی ایک نہ سنی گئی۔ اگلے دن صبح سویرے پھر پہنچ گیا۔ ایک گھنٹے بعد باری آئی تو بی بی نے کنکشن کی تصدیق کی خوشخبری سنائی۔ دل چاہا خوشی سے نعرے لگادوں پر مارپڑنے کا ڈر تھا، لیکن مزے کی بات یہ ہے کہ اِس خوش خبری کے بعد بھی 2 گھنٹے انتظار کرنا پڑا کیونکہ اب نئی سم جو حاصل کرنی تھی، جس کا میں اب مالک ہوں۔


اسی طرح کا ایک اور تجربہ پنجاب حکومت کے ملکیتی بینک میں ہوا۔ وہاں پہنچا تو پتا چلا مطلوبہ صاحب ظہرانے میں مصروف ہیں لہذا انتظار کیا جائے۔ آدھا گھنٹہ انتظار کے بعد دوڑا دوڑا ان کے پاس پہنچا تو صاحب نے سسٹم اپ ڈیٹ کا کہہ کر مزید انتظار کرنے کا کہا حالانکہ ایسا کوئی چکر نہیں تھا۔ دوبارہ گیا تو صاحب نے فرمایا شناختی کارڈ کی کاپی چاہیے جو میرے پاس نہیں تھی لیکن حیرت کی بات تو یہ ہے کہ اربوں روپے کے بینک میں بھی یہ سہولت میسر نہیں تھی۔ بینک سے باہر آیا تو بجلی غائب، اب بجلی نہ ہونے کا مطلب یہ ہے کہ ایک گھنٹہ اور گیا۔ خیر انتظار کے بعد کاپی لیکر صاحب کے پاس گیا تو بتایا گیا ہمارے پاس یہ سہولت ہی نہیں۔ دل تو کیا کہ کرسی اُٹھا کر سر پر دے ماروں لیکن اِدھر بھی گارڈ موجود تھے اور جس کام میں محض 5 منٹ لگنے تھے وہاں اب 3 گھنٹے لگ چکے ہیں مگر پھر بھی کام نہیں ہوا۔


پتہ نہیں یہ ہماری قسمت ہے یا ہم نے اسے اپنے اوپر مسلط کرلیا ہے، گھنٹوں بجلی نہیں ملتی، بجلی ہوتی ہے توکچن میں گیس نہیں، چوبیس گھنٹوں میں کبھی کبھی گیس آ بھی جائے تو سفر کیلئے پٹرول نہیں ہوتا، ویگنوں، بسوں والے زائد کرایہ وصول کرنے کے ساتھ ساتھ دھمکیاں بونس میں دیتے ہیں۔ ٹریفک کو قابو کرنے والے وارڈن فون پر مصروف نظر آتے ہیں، زائد کرایوں کی وصولی روکنے والے انسپکٹرز منظر سے ہی غائب ہوتے ہیں، بچے اسکول جائیں یا واپس آئیں سہمے سہمے نظر آتے ہیں، لیکن افسوس کہ یہاں کوئی پوچھنے والا نہیں کہ آخر یہاں ہو کیا رہا ہے؟


مان لیتے ہیں بجلی کا بحران، گیس کی لوڈشیڈنگ، تیل کی قلت اور بدامنی نواز شریف، شہباز شریف یا ان کے ماتحتوں کی ناکامی ہوگی، لیکن کیا بڑے بڑے دفاتر میں جو عام آدمی ذلت پر ذلت اٹھاتا ہے اس کی ذمہ دار بھی حکومت ہے؟ چھوٹے سے چھوٹے کام کیلئے لوگوں کے گھنٹوں وقت کا ضیاع کیا فرائض میں شامل ہے؟ سرکاری ادارے تو کرپٹ ہونگے، لیکن نجی اداروں نے بھلا یہ روش کیوں اپنا رکھی ہے؟


سموں کو رجسٹر کرنا قومی ایکشن پلان کا حصہ ہوگا، اللہ کرے ایسے اقدامات اٹھانے سے ہی امن لوٹ آئے، سہمے سہمے بچے پھر سے مسکرانے لگیں، زندگی پھر سے جگمگانے لگے۔ اور صاحب! 20 کروڑ گوشت پوست کے پاکستانی بھی یہی چاہتے ہیں مگر یہ صرف حکومتی کوششوں یا عارضی اقدامات سے نہیں ہوگا، اِس لیے کے مستقل پلان تیار کرنے کی ضرورت ہے، وقت کو اہمیت دینے کی ضرورت ہے، مستقل مزاجی کی ضرورت ہے۔ اِس لیے خدارا وقت کو دولت سمجھیے، قوم اپنے اثاثوں کو نعمت کا تصور دے، یقین کیجیے اگر ایسا کرلیا گیا تو طاقت آپ کے قدم چومے گی، بوکھلاہٹ میں تو اکثر اپنا ہی نقصان ہوتا ہے، منصوبہ بندی اور وقت کا صحیح استعمال کیے بغیر جنگ تو درکنار ایک میچ تک نہیں جیتا جاسکتا۔
​
http://www.express.pk/story/322578/
 
Last edited by a moderator:
موجودہ حکمرانوں کی سمجھ میں آنے والی بات کیا کرتے ہیں بھائی
یہ حکمران دوبارہ بلکہ بار بار جنم لے لیں تب بھی انکی سمجھ میں یہ بات نہیں آے گی .


لوگ کہتے ہیں کہ وقت دولت اور کائنات میں پائی جانے والی روزمرہ کی اشیاء نعمت ہیں، جو بھی ان کا صحیح استعمال اور قدرکرتے ہیں وہ انفرادی اور اجتماعی طور پر ترقی حاصل کرتے ہیں اور پھر یہی دولت اور نعمت ان کیلئے طاقت بن جاتی ہیں، مغرب کی ترقی اور حکمرانی کا راز بھی انہی اصولوں میں پنہاں ہے۔
 
سچ ہے ، کچھ معاملات میں تو جان بوجھ عوام کو ذلیل کیا جاتا ہے ، موٹر وے کی طرز پے چالان کا جرمانہ موقع پے بھرا جا سکتا ہے لیکن نہیں ، یہ پہلے بینک بھیجیں گے وہاں خواری کروائیں گے پھر ان کے آفس سے جا کے کاغذات واپس لو ، بینک جاؤ تو لنچ ٹائم ہوتا ہے ، گھنٹہ ویٹ کرو ، بریک ختم ہوتی ہے تو جواب ملتا ہے آج چالان جمع نہیں ہوں گے صرف بل والے آگے آئیں