Advertisement

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی سیاسی مشکلات کم نہ ہو سکیں

3.jpg


بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماؤں کے درمیان اختلافات بدستور برقرار ہیں جس کے باعث صوبے میں سیاسی بحران ایک مرتبہ پھر شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت پر 3 صوبائی وزرا اور ایک رکن اسمبلی پر مشتمل 4 رکنی وفد پارٹی رہنماؤں کے درمیان اختلافات کے خاتمے کے لیے حکومت بلوچستان کے خصوصی طیارے میں کراچی پہنچا۔

بلوچستان سے آنے والا وفد ضیا لانگو، سلیم کھوسہ، عارف محمد حسنی اور حاجی محمد خان طور اتمانخیل پر مشتمل تھا۔ بی اے پی کے ناراض اراکین نے وزیراعلیٰ کے حوالے سے اپنے خدشات اور تحفظات سے وفد کو آگاہ کیا جب کہ وفد نے ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ناراض اراکین کو منانے کی کوششیں ناکام ہوگئیں اور ناراض اراکین اپنے موقف پر ڈٹے رہے۔ بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ جام کمال کہیں نہیں جا رہے، وہ مزید 2 سال بلوچستان کے وزیراعلیٰ رہیں گے، ناراض اراکین کو جلد منالیں گے۔


یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کے خلاف جہاں اپوزیشن متحد ہے وہیں ان کی اپنی سیاسی جماعت کے رہنما بھی ان سے شدید ناراض ہیں۔ جس کی وجہ سے جام کمال کو صوبے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ اس صورتحال کے پیش نظر وزیراعلیٰ بلوچستان کچھ روز قبل وزیراعظم عمران خان سے اسلام آباد میں ملاقات بھی کر چکے ہیں۔ جبکہ ذرائع ابلاغ کے مطابق اس ملاقات کے دوران معدنی شعبے میں وفاقی حکومت کی طرف سے معدنی ترقیاتی پروگرام پر بات ہوئی۔

یہی نہیں صوبائی ترقیاتی پیکیج کے تحت جاری منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت پر بھی گفتگو ہوئی۔ بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں سیاحت کے فروغ کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔