ہم سیاسی لوگ ہیں اور تنقید کا برا نہیں مناتے لیکن حدود میں رہ کر کرنی چاہیے: صدر مسلم لیگ ن پنجاب
صدر مسلم لیگ ن پنجاب رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو میں آئندہ انتخابات میں قومی اسمبلی کی 125 نشستیں جیتنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے رہنمائوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد میں انتخابات میں حصہ لینے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ ہمارے پاس تمام حلقوں میں ایک سے زیادہ چوائسز موجود ہیں، آئندہ ہفتے پارلیمانی بورڈز کی میٹنگ کا آغاز کر دیا جائے اور ہر ڈویژن کو الگ سے مدنظر رکھ کر فیصلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ قائد ن لیگ میاں نوازشریف پنجاب کے ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں جلسہ کریں گے جس کے لیے انتخابی مہم کو منظم انداز میں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مسلم لیگ ن پنجاب میں قومی اسمبلی کی 141 نشستوں میں سے 120 سے 125 نشستوں پر کامیاب ہو گی اور سادہ اکثریت سے اقتدار میں آئے گی۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ ایک مخلص وتجربہ کار قیادت ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے قوم کی قیادت کرے۔ نوازشریف نے اس سے پہلے بھی 2 مرتبہ ملک کو بحرانوں کے بھنور سے نکالا، اگر پاکستان کیخلاف سازش نہ ہوتی تو ملکی ترقی کو بریک نہ لگتی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے جھوٹے مقدمات، مشکلات اور سازشوں کا جرات کے ساتھ سامنا کیا، قوم سے وعدہ کیا ہے کہ آئندہ بھی ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے۔ ہم سیاسی لوگ ہیں اور تنقید کا برا نہیں مناتے لیکن حدود میں رہ کر کرنی چاہیے، سیاسی انداز میں تنقید کر برداشت کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں انتخابات میں حصہ لیں گی اور فیصلہ عوام کرے گی، کسی سیاسی رہنما یا جماعت کے دعویٰ کرنے پر ہمیں کوئی تشویش نہیں ہے۔ ملک کی ہر سیاسی جماعت کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت ہونی چاہیے لیکن اگر کسی نے جرم کیا ہے تو کیا اس سے اس لیے نہ پوچھا جائے کہ وہ انتخابات میں حصہ لے رہا ہے؟
انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں انتخابی مہم کے لیے ضلعی کمیٹیاں قائم کر دی ہیں جو پارلیمانی بورڈ کو سروے رپورٹس پیش کریں گی۔ ہم نے جائزہ لیا ہے اور 70 فیصد کے قریب حلقوں میں کوئی جھگڑا نہیں ہے، ہمیں دکھائی دے رہا ہے کہ ہم وننگ پوزیشن میں ہیں۔ کیا ہمارے خلاف جھوٹے مقدمے ہونا لیول پلئینگ فیلڈ ہے؟ 2018ء میں ہمارے ساتھ جو کچھ ہوا کیا آپ کو ناگوار گزار رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے رہنما مخدوم احمد محمود اپنے حلقے کے مضبوط ترین امیدوار ہیں وہ جیتتنے دکھائی دے رہے ہیں۔ عوام الیکٹیبلز کی تبھی قدر کرتے ہیں جب ان میں کوئی اچھائی ہو، ہمیں نہیں لگتا کہ ہماری پوزیشن جنوبی پنجاب میں کمزور ہے، وہاں کے 10 حلقوں میں اپنی پوزیشن کو بہتر کرنے کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/9rannsnanadwkahskhsh.png
Advertisement





