Advertisement

نورمقدم قتل کیس: اسلام آباد ہائیکورٹ نے نئی ڈیڈلائن دیدی

zahir-noor-isb112211.jpg


سابق سفیر شوکت مقدم کی 27 سالہ بیٹی نور مقدم کے قتل کے کیس میں ماتحت عدالت کو مزید 6 ہفتوں کا وقت مل گیا۔

تفصیلات کے مطابق نور مقدم قتل کیس کا ٹرائل 2 ماہ میں مکمل نہ سکا، ایڈیشنل سیشن جج عطا ربانی نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو خط لکھ کر مزید وقت مانگا تھا, جس پر جسٹس عامر فاروق نے مزید 6 ہفتے کا وقت دے دیا ہے۔ کیس کی اگلی سماعت 22 دسمبر کو ہوگی۔

نور مقدم قتل کیس میں اب تک 17 گواہان کے بیانات قلمبند کیے جا چکے ہیں جبکہ 16 پر جرح بھی مکمل ہو چکی۔مقتولہ کے والد شوکت مقدم کا بیان گواہ قلمبند بند کیا جانا باقی ہے جس کے بعد تفتیشی افسر اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے۔

نور مقدم قتل کیس کا ٹرائل کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ نے 2 ماہ کی مہلت دی تھی تاہم اس دوران شواہد ریکارڈ ہونے کا سلسلہ مکمل نہ ہوسکا۔


واضح رہے کہ رواں سال 20 جولائی کو اسلام آباد کے پوش سیکٹر ایف۔7/4 کے رہائشی سابق پاکستانی سفیر شوکت مقدم کی بیٹی 27 سالہ نور کو قتل کر دیا گیا تھا۔

ظاہر ذاکر جعفر کے خلاف مقتولہ کے والد کی مدعیت میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302 کے تحت ایف آئی آر درج کرائی گئی تھی جس کے تحت ملزم کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔
بعدازاں عدالت میں پیش کردہ پولیس چالان میں کہا گیا کہ مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے ساتھیوں کی ملی بھگت کے باعث نور مقدم نے جان بچانے کی 6 کوششیں کی جو ناکام رہیں۔

واقعے کے روز 20 جولائی کو ظاہر جعفر نے کراچی میں موجود اپنے والد سے 4 مرتبہ فون پر رابطہ کیا اور اس کے والد بھی اس گھر کی صورتحال اور غیر قانونی قید سے واقف تھے۔

چالان میں کہا گیا کہ نور کی جانب سے ظاہر سے شادی کرنے سے انکار پر 20 جولائی کو دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا جس کے بعد مبینہ قاتل نے انہیں ایک کمرے میں بند کردیا، چالان میں ملزم کے بیان کا حوالہ دیا گیا جس میں اس نے قتل کا اعتراف کیا۔