
مریدکے پریس کلب کے صدر آغا محسن رضا نے کہا ہے کہ میں ایک ذمہ دار صحافی ہوں پولیس کا گلو بٹ نہیں ہوں، عمران خان کی رہائش گاہ پر حملے کی مذمت کرتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق آغا محسن رضا نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز لاہور میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائش گاہ پر پولیس نے دھاوا بول دیا اور ان کے گھر میں توڑ پھوڑ کی، میں اس اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میری 2 سال پہلے بند ہونے والے فیس اکاؤنٹ سے میری ایک پرانی تصویر اٹھا کر عمران خان کی رہائش گاہ پر توڑ پھوڑ کرنے والے پولیس کے ایک گلو بٹ سے تشبیہ دینے کی کوشش کی گئی جس سے میری شخصیت کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔
آغا محسن رضا نے پی ٹی آئی کے ذمہ داران سے درخواست کی کہ جس نے بھی میری تصویر کو اس پولیس اہلکار سے تشبیہ دینے کی کوشش کی ہے، اس سے کہہ کر میری تصویر ہٹوائی جائے اور فی الفور اس اقدام پر معذرت بھی کریں، کیونکہ پولیس وردی میں نظر آنے والا شخص میں نہیں ہوں بلکہ اس کو زبردستی مجھ سے منسوب کیا جارہا ہے۔
صدر مریدکے پریس کلب نے کہا کہ میرے بارے میں پی ٹی آئی کے مقامی رہنماؤں سے بھی تصدیق کی جاسکتی ہےیہ لوگ مجھے ذاتی طور پرجانتے ہیں، میں زمان پارک میں موجود بھی نہیں تھا، میرے موبائل کی لوکیشن ٹریس کروائی جاسکتی ہے ، جب میں موقع پر موجود نہیں تھا پھر کیسے میرے تصویر کو اس شخص سے منسوب کیا جارہا ہے؟
انہوں نے کلمہ توحید پڑھتے ہوئے حلف دیا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی پولیس یونیفارم میں تصویر میری نہیں ہے بلکہ اسے زبردستی مجھ سے منسوب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔