Advertisement

میرا سفرِ انقلاب(قسط اول) -۔سید عابد

transparent.png

میرا سفرِ انقلاب(قسط اول)

تحریر : سید عابد گیلانی
[email protected]

میں کوئی الیکشن کا نتیجہ نہیں بلکہ جبرِمسلسل کی کربناک تاریخ کی کوکھ سے جنم لینے والا ایک ایسا کردار ہوں جس نے کئی گزری نسلوں کے خوابوں کو چکنا چور ہوتے دیکھا ہے ۔ آٹھ بھائیوں میں میرا ساتواں نمبر ہے ۔ خانہ بدوشوں کی طرح زندگی گزاری۔ رو نکٹھے کھڑے کردینے والی غربت و افلاس نے ہر طرف ڈھیرے ڈال رکھے تھے ۔ میری ماں نے ہجرت کا ارادہ کرلیا۔ 13دن تک ایک ٹرک کے پیچھے مسلسل سفر کیا۔ 14دن کے بعد ایک کمرے پر مشتمل رہائش میسر آئی ۔ میں صرف تین چار سال تک سکول جاسکا۔ ٹھیک بارہ سال کی عمر میںمجھے پہلی نوکری کرنا پڑی ۔ میرا کام جھاڑو دینا اور صفائی کرنا تھا ۔ لکھنے پڑھنے کی صرف حسرت ہی رہی ۔ انہی دنوں میں میں نے جوتے پالش کرنے کا کام شروع کردیا ۔ 14سال کی عمر کو پہنچا تو باقاعدہ تنخواہ کے ساتھ ساتھ ایک ویئر ہائوس میں نوکری مل گئی ۔ا سی دوران میٹل پارٹس فیکٹری میں تبادلہ کردیا گیا ۔ جہاں مجھے نیشنل سروس انڈسٹری کی طرف سے فنڈ کیے گئے ایک تربیتی پروگرام میں شامل ہونے کا موقع ملا ۔ تین سال کا کورس کیا۔ یہ انارکی اور افرا تفری کا زمانہ تھا۔ 1964میں فوج نے اقتدار پر قبضہ کرلیا۔ ایک اہم بات آپ کو بتانا بھول گیا کہ میںنے ہمیشہ اپنی ماں کے سائے میں پرورش پائی ۔ اس عرصے میں مجھے احساس ہوا کہ ماں کو جنت کیوں کہتے ہیں ۔ بچپن کی جان توڑ مشقت میں تھک ہار کر ماں کی گود میں سر رکھ کر واقعی جنت کا احساس ہوتا تھا۔ اپنے باپ کو میں نے زندگی میں بہت کم دیکھا ۔ کیونکہ وہ ایک اور شادی رچا کر ہم سے بہت دور جاچکے تھے اور یہ 13دن ٹرک کا سفر بھی باپ کی تلاش میں ہی تھا۔ باپ مل تو گیا مگر وہ اپنی الگ دنیا بسا چکا تھا۔نئی شادی کے ساتھ ساتھ شراب نے اس کے اندر سے شفقتِ پدری چھین لی تھی ۔ کثرتِ شراب نوشی جان لیوا ثابت ہوئی اور1978میں میرا باپ فوت ہوگیا۔ باپ کی موجودگی یا عدم موجودگی میرے لیے کوئی معنی نہیں رکھتی تھی ۔دکھ اور افسوس ہر انسان کی فطرت میں رکھا ہوتا ہے ، اس سے انکار کرنا ناانصافی ہوگی۔ غربت کے ساتھ لڑائی جاری رہی ، ہمت نہیں ہاری ۔ 1969میں شادی کرلی مگر 1971میں ایک منحوس دن ایسا بھی آیا جس دن میں نے نہ صرف اپنی بیوی ماریہ کو کھو دیا بلکہ اس کے پیٹ میں آٹھ ماہ کا بچہ بھی تھا جس کے اس دنیا میں آنے کا مجھے شدت سے انتظار تھا، وہ بھی اس دنیا سے چلا گیا۔ میری بیوی ہیپاٹائٹس کی مریضہ تھی ۔ میں نے اس کے لیے سب کچھ کیا مگر مطلوبہ معیار کے علاج میر ی مفلسی حائل تھی ۔آس پاس بھی غربت کے گہرے بادل چھائے ہوئے تھے ۔ اس واقعہ نے بھی مجھے ہلا کر رکھ دیا۔۔۔ بلکہ مجھے بہت کچھ سوچنے پر مجبور کردیا ۔اتنی بے بسی؟ اس بے بسی کا شکار اتنے بڑے ملک میں میں اکیلا تو نہیں کروڑوں اور بھی ہیں۔ 19سال کی عمر میںمیرے ساتھ ایک اور واقعہ پیش آیا ۔میں ایک آٹو موبائل فیکٹری میں پریس آپریٹر کے طور پر کام کررہا تھا ۔ میرا ہاتھ مشین میں آیا اور انگلی کٹ گئی ۔انگلی ضائع ہونے کے بعد کئی ہسپتالوں کے چکر لگائے ۔ اس دوران مجھے انسانی رویوں کے حوالے سے جس کرب ناک اذیت سے گزرنا پڑا، اس کا تصورہی وحشت ناک ہے ۔ معالج انسانی اقدار سے دور مراعات یافتہ لوگوں کے سامنے ہاتھ باندھے کھڑے ۔ افلاس کے ستائے ہر مریض کو دوائی کی بجائے گالیاں اور تشخیص کی بجائے دھکے ملتے۔ غربت نے میرا سکول چھڑوادیا ۔ جب سکول جانے کی عمر تھی تو جوتے پالش کرتا تھا۔ مفلسی نے میری بیوی اور بچہ بھی لے لیا 12سے14گھنٹے روزانہ مزدوری کرتا پھر بھی تنگدستی ہر وقت میرے ایک کمرے کی رہائش کے منڈیر پر منڈلاتی رہتی ۔ اگر آپ میری بِپتاسن کے بوریت محسوس کررہے ہیں تو آج کہانی یہیں پہ ختم کرتے ہیں، لیکن جاہیے گا کہیں نہیں ۔ میں نے سنا ہے کہ پاکستان نام کا ایک ملک بحرانوں اور غربت و افلاس کی چکی میں پِس رہا ہے ۔مڈل کلاس ختم ہورہی ہے ۔۔۔امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہوچکا ہے۔۔۔ خدشات ظاہر کیے جارہے ہیں کہ ملک انارکی کی طرف جارہا ہے ۔میں ساری کہانی آپ کو سنائوں گا کیونکہ اس میں سبق ہے زبانی نہیں میرے تجربوں کا نچوڑ ہے کہ ''کچھ بھی ناممکن نہیں'' ۔آج اختتام کرتے ہیں تازہ ذہن کے ساتھ میں آپ کو سفر کرائوں گا اور منزل تک پہنچائوں گا ۔ انتظار کیجیے ۔میں اپنا نام ابھی نہیں بتائوں گا ۔بھلا مزدور کا بھی کوئی نام ہوتا ہے؟۔
(جاری ہے۔۔۔۔)
​
 
Last edited by a moderator:
میرا سفرانقلاب۔۔دوئم:سید عابد گیلانی

میرا سفر انقلاب ۔۔۔۔۔(قسط دوئم )
میں نے کہا نا کہ نوکر اور ملازم کا کوئی نام نہیں ہوتا۔ جس نام سے صاحب بلالے وہی نام ہوتا ہے ۔ عزت ِنفس پہلے مجروح ہوتی ہے اندر ہی اندر کڑھتے رہتے ہیں اور رفتہ رفتہ حالات سے سمجھوتہ اور پھر مکمل بے حسی۔ مگر میری خوش قسمتی کہ بے حسی کی سطح پر پہنچنے سے پہلے میں اس کشمکش میں مبتلا ہوچکا تھا کہ کروڑوں مزدوروں کی محنت کی قیمت پر عیاشی ہورہی ہے مگر پھر بھی مقدر میں محض ذلت و رسوائی؟لقمے لقمے کو ترسیں ؟بچے تعلیم کی نعمت سے محروم ؟ علاج کی سہولتیں ناپید ؟ میری تعلیم میں بھی تو میری مفلسی ہی آڑے آئی ، میں کوئی سکول سے بھاگا ہوا بچہ تو نہیں تھا ۔ میری مرحومہ بیوی ماریہ سے میری ایک چار سالہ بیٹی تھی ۔ باپ کو بیٹیوں سے بہت محبت ہوتی ہے ۔ مگر ماں جیسی پرورش باپ کے بس کی بات نہیں ۔ میں نے ایک بیوہ عورت ماریسہ، جسکے تین بیٹے تھے، 1974میں شادی کرلی اور یوں یہ رشتہ آج تک قائم ہے ۔ میری بیٹی کو بھی ماں کی طرح محبت کرنے والی ایک ماں مل گئی ۔ جیسا کہ میں نے کہا کہ میں بے حسی کی سطح پر نہیں پہنچا تھا ۔ اس میں میرے بھائی کا بہت نمایاں کردار تھا۔ وہ بذات خود مزدور یونینوں میں حصہ لیتا تھا ۔ ایک لمبی داستان ہے مگر مزدور یونین میں مجھے اعلیٰ ترین سطح تک پہنچانے میں میرے بھائی کا بہت زیادہ حصہ ہے۔ محنت سے کبھی جی نہیں چرایا۔۔۔ یہ فوجی آمریت کا زمانہ تھا۔ میں نے مختلف کارخانوں میں کام کرنے والی یونینوں کے درمیان رابطے بڑھائے ۔ مزدورو ںکو منظم کیا اور بالا آخر اپنے حقوق کے لیے ہڑتالیں شروع کروادیں ۔ آمریت کے سائے میں چلنے والی لیبر کورٹ نے ہڑتالوں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مجھ سمیت بے شمار دیگر لوگوں کو جیل بھیج دیا۔ جیل بھی میرے لیے سیکھنے کا ایک اورموقع تھا ۔ نظام ِ جبرو استحصال کو سمجھنے کا ۔۔۔۔ میں اس نتیجے پر پہنچ چکا تھا کہ مزدوروں، غریبوں کے حقوق محض یونین کی ہڑتالوں سے حاصل کرنا ممکن نہیں ۔اس کے لیے سیاسی قوت حاصل کرنا ناگزیر ہے ۔یہاں سے میری زندگی کا ایک نیا دور شروع ہوا۔ 1980کے آغاز میں ماہرین تعلیم، دانش وروں اور تمام یونین لیڈروں کو اکٹھا کیا اور ایک سیاسی جماعت کی بنیادرکھی اور1982میں اسمبلی کا الیکشن لڑا مگر ہار گیا یا ہروا دیا گیا۔ 1986میں کانگریس کی سیٹ پر منتخب ہوگیا ۔ ہم نے موجودہ استحصالی آئین کی اصلاح کی کوششیں شروع کیں ۔ ہم نے مطالبہ کیا کہ صدر کا الیکشن برائے راست عوام کے ذریعے ہونا چاہیے کیونکہ آمریت کے زیرِ سایہ طاقت اور دولت کے بل بوتے پر ہر دفعہ کوئی نہ کوئی ریٹائر جرنیل ہی صدارت کے منصب پر فائز ہوجاتا ہے ۔ ہماری پہلی سیاسی کامیابی یہ تھی کہ بالآخر ہم اس مطالبے کو منوانے میں کامیاب ہوگئے کہ صدر کا انتخاب برائے راست عوام کے ووٹوں سے ہی ہوگا ۔ یہ ایک بڑی عظیم کامیابی تھی ۔ آمریت کے 29سالوں میں پہلی بار 1989میں صدر کا انتخاب برائے راست عوام کے ووٹوں سے ہوا جسمیں میں نے بھی حصہ لیا ، مگر کامیابی نہ ہوئی ۔تاہم 1994اور 1998کے انتخابات میں مجھے باقاعدہ ہروادیا گیا ۔ استحصالی نظام کے پروردہ سارے کار پرزے خوف زدہ تھے ۔ لہٰذا فراڈ الیکشن کے ذریعے راستہ روکنے کی کوششیں کی گئیں ۔ تین دفعہ الیکشن ہارنے کے باوجود مجھے اپنی کامیابی کا یقین تھا کیونکہ میں مزدورں ، غریبوں اور افلاس زدہ لوگوں کی جنگ لڑ رہا تھا ۔ میری ذاتی غرض ، لالچ اور دولت مند بننے کی خواہش میری جدوجہد کا محرک ہرگز نہیں تھی ۔ بالآخر 2002کے الیکشن ہوئے اور میں کامیاب ہوگیا ۔میرے ملک کے کروڑوں لوگوں کی زندگیوں میں کیا تبدیلیاں آئیں؟ میرا ملک کہاں کھڑا تھا؟ پھر کہاں پہنچا؟ کیا سماجی تبدیلیاں آئیں ؟ بین الاقوامی دنیا ہمیں اب کس نظر سے دیکھتی ہے؟ یہ ایک مکمل تبدیلی تھی ۔ تعمیر نو کے سفر کے نتیجے میں ایک نیا ملک ایک نئی شناخت کیساتھ خوشحالی کے راستے پر گامزن ہوچکا ہے ۔غریبوں اور مزدوروں کے مسکراتے چہرے ایک خوشحال مستقبل کے یقین کیساتھ ان خوش کن تبدیلیوں سے محضوض ہورہے ہیں ۔ میں اپنا نام بھی بتائوں گا اور کام بھی کیونکہ میرے کام نے ہی میرا نام بنایا ہے ۔ (جاری ہے۔۔۔۔)​