Advertisement

میاں نواز شریف صاحب کی ہیٹ ٹرک؟




0.jpg


​


حافظ محمد ادریس

میاں محمد نوازشریف صاحب تیسری بار ملک کے وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں اور بہت بھاری اکثریت کے ساتھ۔ ایوان میں ان کی اپنی پارٹی کے علاوہ دیگر جماعتوں نے بھی ان کو ووٹ دیے ہیں۔ پچھلی پارلیمان میں یوسف رضا گیلانی نے بھی بہت بھاری اکثریت حاصل کی تھی مگر اس میں فرینڈلی اپوزیشن کا کردار نمایاں تھا جس کے ذریعے میاں نواز شریف صاحب نے نہ صرف پی پی کے ساتھ وزیراعظم کے انتخاب میں خیرسگالی کا مظاہرہ کیا بلکہ ملک کے ’’نیک نام‘‘ سربراہ جناب آصف علی زرداری کے لیے بھی محبت بھرے برادرانہ تعلقات وخیرخواہانہ گرم جوشی کے ساتھ ایوان صدر کا راستہ آسان اور ہموار فرمادیا تھا۔ اب میاں نواز شریف صاحب کو تو زرداری صاحب کے سہارے کی ضرورت ہی نہ تھی بقول امین فہیم صاحب، ایجنسیوں نے ہی یہ کام کردیا تھا واللہ اعلم۔ اس کی حقیقت باغ جانے یا گل جانے۔

اس وقت میاں صاحب کے حامی ان کی ہیٹ ٹرک کے جشن منارہے ہیں مگر یہ کوئی ایسی بات نہیں جو قابل جشن ہو۔ میاں صاحب کا بڑا کڑا امتحان ہے اور وہ یہ کہ اس مینڈیٹ کے بعد وہ پوری قوم سے کیے گئے وعدوں سے کیسے عہدہ برآ ہوتے ہیں۔ انھیں پاکستانی قو م بلکہ ملت اسلامیہ اور دوست ممالک کو ساتھ ملا کر اپنے ملک کے ناقابل حل مسائل کا حل نکالنا ہوگا۔ انھوں نے اپنی تقریر میں جن جذبات کا اظہار کیاہے وہ بلاشبہ مثبت اور قابل تحسین ہیں۔ میاں صاحب کو جن پارٹیوں نے ان کے ساتھ پوری طرح ہم آہنگ نہ ہونے کے باوجود ووٹ دیے ہیں ان کے پیش نظر جذبۂ خیرسگالی تھا اور اس جذبۂ خیرسگالی کا جواب بھی ملنا چاہیے کہ تمام قومی ایشوز پر سیاسی پارٹیوں کے نمایندوں اور ان کی قیادت کو اعتماد میں لے کر اہم اور دورس نتائج کے حامل فیصلے کیے جائیں۔ میاں صاحب کا حکومت کرنے کا تجربہ صوبے سے مرکز تک اچھا خاصا ہے اور ان کے بعض رویوں سے معلوم ہوتا ہے کہ دورِ ابتلا اور اقتدار سے دوری کے زمانے میں انھوں نے سنجیدگی کے ساتھ اپنے آپ کو زیادہ ذمہ دار اور افہام وتفہیم کا خوگر بھی بنا لیا ہے۔ یہ کسی بھی حکمران اور جمہوری نظام کے لیے نیک شگون ہے۔ اللہ کرے اس سے خیر برآمد ہو۔ میاں صاحب ایوان صدر میں وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے لیے جب گئے تو ان کے ’’چھوٹے بھائی‘‘ اور سربراہ مملکت آصف علی زرداری صاحب نے ان کا پرُتپاک استقبال کیا جو ان کی سیاست کا حصہ تھا۔ بات زیادہ خوش آیند محسوس ہوئی وہ یہ کہ بے نظیر بھٹو کی بیٹی آصفہ زرداری نے میاں صاحب کی خدمت میں اس موقع پر پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ بیٹیاں سب کی مشترکہ ہوتی ہیں اور ایسے مواقع پر ان کے جذبات خاصے خوش کن ہوتے ہیں۔ میں نے یہ منظر دیکھا تو مجھے اچھا لگا۔

کیا ہی اچھا ہوتا کہ اسی روز میاں صاحب کے ساتھ ان کی کابینہ کے وزرا بھی حلف اٹھا لیتے۔ مگر معلوم نہیں کہ میاں صاحب ابھی فیصلہ نہیں کرپائے یاکوئی اور چیز آڑے آئی ہے کہ کابینہ وجود میں نہ آسکی۔ جہاں تک میاں صاحب کے بطور وزیراعظم انتخاب کا تعلق ہے اس میں نہ کوئی دلچسپ اور حیران کن بات تھی اور نہ ہی کسی پیشین گوئی کا کوئی موقع تھا۔ ایک آئینی ضرورت کے تحت امیدواروں کی نامزدگی اور ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل کیا گیا۔ نتائج تو 11مئی کو ہی سب کو معلوم ہوگئے تھے۔ میاں صاحب کے امتحانات میں سے ایک امتحان کابینہ کی تشکیل بھی ہے۔ اس میں میرٹ کو ملحوظ نہ رکھا گیا تو پہلے ادوار کی طرح میاں صاحب کے لیے بے شمار مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔

وزیراعظم کے انتخاب کے بعد ان کے مخالف امیدواران مخدوم امین فہیم اور مخدوم جاوید ہاشمی نے بھی روایت کے مطابق پارلیمان میں خطاب کیا۔ امین فہیم کا خطاب کافی سیاسی رنگ لیے ہوئے اور معنی خیز نکات پر مشتمل تھا۔ میاں صاحب کی طرح ان کی تقریر بھی کسی منجھے ہوئے ادیب اور سیاست کے اتار چڑھاؤ کو جاننے والے قلم کار نے تیار کی ہوگی۔ چٹکیاں بھی تھیں اور طنز بھی۔ سنجیدگی بھی تھی اور پارلیمانی انداز بھی۔ اگرچہ امین فہیم صاحب کی شخصیت اور سابقہ ریکارڈ کو دیکھ کر کوئی ذی شعور پاکستانی انھیں صاحب الرائے اور دیانت دار سیاست دان نہیں کہہ سکتا۔ جہاں تک میرے دوست اور کسی زمانے میں بھائی جاوید ہاشمی صاحب کا تعلق ہے ان کی تقریر بہت سے سوالات چھوڑ گئی۔ ان کی زبان سے ایسی پھس پھسی اور غیرمعیاری تقریر شاید ہی اس سے پہلے کبھی کسی نے سنی ہو۔ ان کی یہ بات کہ میاں نواز شریف کل بھی میرے لیڈر تھے اور آج بھی میرے لیڈر ہیں، معلوم نہیں پورے ہوش وحواس میں کہی گئی تھی یا اس وقت وہ کسی ماضی کے جنگل یا مستقبل کے صحرا میں کھو کر یہ باتیں کہہ رہے تھے۔ جاوید ہاشمی صاحب کو طلبہ سیاست میں جو عروج وشہرت حاصل ہوئی اس میں جن لوگوں کا ہاتھ ہے واقفانِ حال اس سے بے خبر نہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ جامعہ پنجاب میں ہم نے انھیں انگلی پکڑ کر چلایا تھا مگر افسوس کی بات ہے کہ انھوں نے اپنی کتاب ’’ہاں میں باغی ہوں‘‘ میں اس دور کے حوالے سے کئی ایسے واقعات لکھ دیے ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

مجھے ایک بار دوستوں نے متوجہ کیا کہ ان تمام چیزوں کی تصحیح ہونی چاہیے۔ میں نے ان کو جواب دیا کہ البدر پبلی کیشنز کی طرف سے چھپی ہوئی کتاب ’’طلبہ تحریکیں‘‘ جو دراصل جامعہ پنجاب کے مجلہ ’’محور‘‘ کا صد سالہ نمبرتھا، میں کافی لوازمہ موجود ہے۔ اپنے گھونسلے سے اڑ جانے والے پنچھی کو اس کے حال پر چھوڑ دو۔ کیا معلوم کہ اس کی اگلی منزل کیا ہو۔ اپنے عزیز بھائی کی تازہ تقریر سن کر خیال ہوا کہ پنچھی پتا نہیں آگے کہاں کا رخ کرتا ہے۔ اللہ اسے سلامت رکھے۔ میری مخلصانہ دعا ہے کہ وہ جہاں بھی جائے خوش وخرم رہے۔ اس کے دور سے دور چلے جانے کے باوجود بھی ایک قلبی تعلق اب تک موجود ہے۔ موصوف کی تقریر کے وقت میں پشاور میں ایک اجلاس میں تھا۔ وہاں خیبرپختونخواہ کے دوستوں نے مجھ سے معنی خیز انداز میں پوچھا آپ کے پرانے دوست نے یہ اور یہ کیوں کہا ہے؟ میں نے کہا بھائی وہ جو کچھ بھی کہتے ہیں سوچ سمجھ کر کہتے ہوں گے اور ان کو اپنی پارٹی کی طرف سے اس کی اجازت ملی ہوگی۔ مگر نوجوان دوستوں نے فوراً ٹوکا اور کہا کہ نہیں سوشل میڈیا پر ان کی پارٹی کے فعال کارکنوں کا رد عمل آنا شروع ہوگیا ہے۔ بہرحال ایک بزرگ نے کہا اس موضوع کو چھوڑیے اپنے مسائل پر بات کرتے ہیں اور یہ شعر پڑھ کر اپنے ایجنڈے پر بات شروع کردی
​

چلتا ہوں تھوڑی دور ہر اک راہ رَو کے ساتھ
پہچانتا نہیں ہوں ابھی رہبر کو میں

http://jasarat.com/index.php?page=03&date=2013-06-08

​
 
Last edited: