Advertisement

مولانا، مسرت شاہین اور میرا

جمعیت العلمائے اسلام (ف) کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے بھی خیبر پختونخوا اور بلوچستان کو اپنی جگہ رکھنے کے ساتھ پنجاب میں بھی قدم جمانے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے وہ آج تاریخی مقام مینار پاکستان پر جلسہ عام کر کے اپنی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کریں گے۔ اسلام زندہ باد کے نام سے ہونے والی اس کانفرنس کے ذریعے وہ یقینا اپنی جماعتی اور سیاسی حیثیت منوانا چاہتے ہیں تاکہ عوامی دباﺅ کا تاثر دے کر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے گنجائش بنا سکیں۔ جلسے کے شرکاءکی تعداد ہی کے لحاظ سے جمعیت العلمائے اسلام (ف) کی سیاسی حیثیت اور یہ ثابت کریں گے کہ پنجاب کے متعدد اضلاع کے کئی حلقے ایسے ہیں جہاں وہ نتائج کی تبدیلی میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمن سے ہمارا محبت، پیار اور خلوص کا رشتہ ہے جو آداب کے دائرہ میں بھی رہتا ہے کہ مولانا کے والد صوفی منش مفتی محمود جماعت کے امیر تھے اور لاہور آیا کرتے تھے ان دنوں ہم تین چار دوست (انور قدوائی، سید فاروق احمد، سجاد کرمانی) کوریج کے لئے جاتے اور مولانا مفتی محمود سے نشست بھی ہوتی تھی، وہ ایسا دور تھا جب آج کے محترم مولانا فضل الرحمن نوجوان اور زیر تعلیم تھے، چنانچہ وہ مہمانوں کی آﺅ بھگت کرتے اور میزبانی کے فرائض بھی انجام دیا کرتے تھے، پھر وہ دور آیا کہ حضرت مفتی محمود کی وفات کے بعد جمعیت العلمائے اسلام کشمکش اور اختلافات کا شکار ہوئی، قیادت کا مسئلہ پیدا ہوا، بالآخر مولانا فضل الرحمن کو مولانا شیرانی کے تعاون سے امارت مل گئی، لیکن جمعیت تقسیم ہو گئی جو اب تک ہے تاہم یہ مولانا فضل الرحمن کی اہلیت ہے کہ جب بھی جمعیت العلمائے اسلام کا ذکر ہو تو پہلا نام اور تاثر اُن کی جمعیت کا بنتا ہے۔
مولانا فضل الرحمن بہت سی خوبیوں کے مالک ہیں، ان کو بولنے کے آداب آتے ہیں اور وہ نوابزادہ نصر اللہ کی طرح اپنے مخالف کا نام بھی عزت ہی سے لیتے ہیں وہ بہت کامیاب سیاست دان بن کر اُبھرے اور آج بھی اُن کی اہمیت ہے کہ بڑی بڑی جماعتیں اُن کے ساتھ تعلقات استوار رکھنا چاہتی ہیں۔ خود مولانا بڑی سیاسی حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ محترمہ بے نظیر بھٹو سے سیاسی رفاقت رہی ،تو میاں محمد نواز شریف سے بھی دوری نہیں تھی، وزیر ہوئے اور پھر کشمیر کمیٹی کے چیئرمین بھی بنے۔
موجودہ دور سے پہلے متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کی تشکیل ہوئی تو اُن کی اہمیت تھی۔ موجودہ خیبر پختونخوا میں ایم ایم اے کی حکومت بنی تو اکرم درانی اُن کی جماعت سے وزیراعلیٰ تھے۔ یہ اقتدار ہی ایم ایم اے کے منتشر ہونے کا ذریعہ بنا۔2008ءکے انتخابات کے بعد وہ بھی مخلوط حکومت کا حصہ بنے اور پھر اس سے الگ بھی ہوئے۔ اس کے باوجود صدر آصف علی زرداری سے اُن کے مراسم منقطع نہیں ہوئے، پھر وہ ایک آزاد سیاست دان اور سیاسی جماعت کے سربراہ کے طور پر اُبھرے اور آج بھی موجود ہیں، اب وہ پیپلزپارٹی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے انکاری ہیں۔ اگرچہ ان کی دوستیاں موجود ہیں۔ البتہ یہ کہتے ہیں کہ مسلم لیگ(ن) کے ساتھ بات ہو سکتی ہے اور شاید آج کا جلسہ اسی طرف پیش قدمی کے لئے ہو۔
مولانا فضل الرحمن کی اہمیت کا اندازہ اس امر سے لگا لیں کہ وہ بیک وقت طالبان کے بھی محبوب ہیں تو طالبان مخالف قوتوں کے ساتھ بھی تعلقات خراب نہیں ہونے دیتے، بات وقت پر کرتے اور پتھر میں بھی سوراخ کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔
ایک طرف مولانا کی یہ حیثیت اور پوزیشن ہے تو دوسری طرف معلوم نہیں کہ مسرت شاہین کو بیٹھے بٹھائے کیا سوجھتی ہے کہ وہ مولانا کے مقابلے میں انتخابات لڑنے کا اعلان کر دیتی ہیں۔ ماضی میں ایک بار دستبردار ہوئیں اور ایک بار ہار چکی ہیں۔ اس بار پھر انہوں نے انتخابات لڑنے کا اعلان کیا تو وہی حلقہ چنا جو مولانا فضل الرحمن کا آبائی حلقہ ہے وہ کہتی ہیں مَیں مولانا کو ہرا کر چھوڑوں گی اب کوئی اُن سے پوچھے کہ جب اُن کو ہارنا ہی ہے تو پھر مولانا کو تنگ کیوں کرتی ہیں، وہ اُن کے مقابلے میں انتخاب میں حصہ نہ لیں، لیکن مسرت شاہین کا تعلق بھی اسی صوبے سے ہے اور ضد کی پکی ہیں اس لئے ہار جیت اپنی جگہ وہ انتخاب میں حصہ ضرور لیں گی۔ مولانا سے سوال کیا جائے تو وہ جواب نہیں دیتے اور بات کو ٹال جاتے ہیں۔
اب یہ بھی ملاحظہ فرمائیں کہ مسرت شاہین ماضی کی اداکارہ ہیں اور ان کا پشتو فلموں کی دُنیا سے تعلق رہا ہے، لیکن آج کی شوبز حسینہ اور متنازعہ میرا جی کو بھی کچھ ایسا ہی دورہ پڑ گیا ہے وہ لاہور سے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے مقابلہ کریں گی۔ میرا کی والدہ اپنے آبائی ضلع سے انتخاب میں حصہ لیں گی تو میرا نے لاہور چن لیا ہے اور وہ بھی اس حلقہ کو منتخب کیا جہاں سے عمران خان نے انتخاب لڑنا ہے۔ اب آپ ہی خدا لگتی کہیئے آخر یہ دونوں خواتین چاہتی کیا ہیں، ایک بات تو واضح ہے کہ اپنے اپنے حلقے میں ان دونوں کا مولانا فضل الرحمن اور عمران خان سے کوئی مقابلہ نہیں، لیکن عوامی دلچسپی کے لئے یہ صورت حال اچھی ہے اور لوگ مزے لے رہے ہیں اور چٹخارے لے کر باتیں بناتے اور چلاتے ہیں۔ جو بھی ہے عوامی دلچسپی تو بہرحال ہو گی اور ان دونوں خواتین کی طرف سے دو بڑے لیڈروں کے مقابلے میں انتخاب میں حصہ خبریں تو بنائے گا یہ اب مولانا فضل الرحمن اور عمران خان پر منحصر ہے کہ وہ جوابی کارروائی کیا کرتے ہیں۔
انتخابی میدان سج چکا ہے، اس بار آرٹیکل 63-62 کا بھی اطلاق ہونا ہے، اس کے مطابق اعتراضات بھی ہوں گے۔ دونوں معزز خواتین ایسے اعتراضات کی زد میں آئیں گی جو62-63 کی زد میں آتے ہوں، لیکن ان کے مخالفین میں سے کوئی بھی نہیں چاہتا کہ ایسا اعتراض کیا جائے وہ سمجھتے ہیں کہ یہ منزل حاصل کرنا محال ہے، لہٰذا ان دونوں خواتین کو اپنا شوق پورا کرنے کی پوری پوری آزادی دی جا رہی ہے اور ہر دو جماعتوں کی طرف سے کوئی اعتراض نہیں کرے گا۔ کوئی دوسرا کر دے تو یہ ذمہ دار نہیں ہوں گے۔
ذکر مولانا کے جلسے کا تھا ،بات درمیان میں یہ بھی آ گئی، بہرحال یہ جلسہ بھی اچھا ہی ہو گا۔

http://www.dailypakistan.com.pk/columns/31-Mar-2013/39298
 
Last edited: