برطانوی اخبار گارڈین کا شام میں بشار الاسد کے خلاف جاری مسلح عوامی بغاوت پر تفصیلی تجزیہ شائع ہوا ہےجس میں صحافی غیث عبد الاحد نے دیر الزور کے مزاحمت کاروں سے ملاقات کی جو آزاد شامی فوج چھوڑ کرالقاعدہ کے عالمی جہاد کا حصہ بن گئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
محاسن کے قصبے میں ایک حکومتی عمارت پر قبضے کے بعد باہر کھڑے ابو خضیر کے مجاہدین کا، شامی مزاحمت میں شامل کسی بھی اور بریگیڈ کے آدمیوں سے فرق کرنا مشکل تھا۔ ان کی قمیضیں، داڑھیاں جنگ کی سختیوں کو ظاہر کر رہی تھیں۔مگر یہ عام "آزاد شامی فوج" کےسپاہی نہیں تھے۔ ابو خضیر اور اسکے آدمی القاعدہ کے لئے لڑتے ہیں۔ وہ افغانستان کے پہاڑوں میں اسامہ بن لادن اور ان کے پیروکاروں پر بننے اور لکھی جانی والی ایک نظم غرباء کی مناسبت سے اپنے آپ کو "غرباء" یعنی اجنبی کہتے ہیں۔ یہ لوگ ان بیشمار جہادی تنظیموں میں سے ایک ہیں جو کہ ملکِ شام کے مشرقی علاقوں میں اپنے قدم جما رہی ہیں۔ ایک ایسے موقع پر جب شام میں جاری خونی جنگ اب اپنے دوسرے سال میں داخل ہو چکی ہے۔وہ اپنی موجودگی کو چھپاتے ہیں۔ " کچھ لوگ کالے جھنڈے لے کر چلنے پر پریشان ہوجاتے ہیں"، ابو خضیر نے کہا، "یہ خوف زدہ ہیں کہ امریکہ یہاں آجائے گا اور ہم سے لڑے گا اس لئے ہمیں خفیہ طور پر جنگ کرنی چاہیے۔" بشار اور امریکہ کو ہم کوئی موقع کیوں دیں ؟"، مگر محاسن میں ان کی موجودگی اب کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں۔ آتے جاتے لوگ آپس میں بمباریوں اوربارود کے بارے میں مذاق کرتے ہیں۔ ابو خضیر کے مطابق اس کے مجاہدین علاقے میں آزاد شامی فوج کو ہدایات دینے والی فوجی شوری ٰکےساتھ مکمل رابطے میں ہیں ۔"ہم تقریبا روزانہ ملتے ہیں"، اس نے کہا، "ہمیں القاعدہ کی قیادت کی جانب سے واضح ہدایات ہیں کہ اگر آزاد شامی فوج کو ہماری مدد درکار ہو تو ہم انکی مدد ضرور کریں۔ ہم انہیں بارودی سرنگوں اور کار بم دھماکے میں مدد کرتے ہیں۔ ہماری اصل مہارت کا میدان بم دھماکے ہیں"۔ ابو خضیر نے بتایاکہ اس کے مجاہدین کو بم سازی میں بہت تجربہ ہے جو انھوں نے عراق میں حاصل کیا۔کچھ دیر بعد ابو خضیر نے تفصیل سے گفتگو کی۔ محاسن میں ایک گھر کے اندر وہ فرش پر تکیہ کا سہارا لے کر بیٹھ گیا۔ اپنے بائیں بازو کو اس نے تکیہ پر سہارا دیا جو کہ سنائپر کی گولی لگنے سے زخمی ہو چکا تھا اور پلاسٹر اور پٹیوں میں بندھا ہوا تھا۔ نوجوان لڑکے اس کے گرد دائرہ بنا کر بیٹھ گئے اور ہماری باتیں حیرانی سے سننے لگے۔ کمرے میں موجود باقی دیہاتی کچھ پریشان دکھائی دیتے تھے۔
ابو خضیر شام کی سرحدی فوج میں افسر تھا جب اس نے حکومت کے خلاف ہتھیار اٹھانے کا فیصلہ کیا۔ اس نے سیکورٹی فورسز سے ایک چھوٹی پسٹل اور شکار کرنے والی رائفل سے مقابلہ کیا تھا اور اب وہ انتہائی بہادر اور سخت جان جانباز کی حیثیت سے جانا جاتا ہے۔ آزاد شامی فوج کی ابتدائی بٹالین بنانے میں اس نے مدد کی تھی۔
آزاد شامی فوج کے ناقص تنظیمی ڈھانچے اور حکومت کو کاری ضرب لگانے کی صلاحیت نہ رکھنے پر وہ مایوس ہوگیا تھا۔ محاسن میں ایک حکومتی فوجی چھاونی پر حملہ کی کوشش کی مثال دیتے ہوئے اس نے یہ بات سمجھائی۔ فوجی چھاونی ایک سابقہ کپڑے کی فیکٹری کے پیچھے تھی اور ریت کی بوریوں، مشین گنوں، اسلحہ سے لیس گاڑیوں، ٹینکوں کے حصار میں چھپی اس چھاونی پر حملہ کرنا آزاد شامی فوج کے بس کی بات نہ تھی۔ہم نے چھاونی پر حملہ کیا اور تمام حربے آزمانے کے بعد بھی ہم ناکام ہوگئے۔ مختلف سمتوں سے آدمیوں کے ساتھ حملہ کرنے کے باوجود بھی ہم صرف ایک حکومتی فوجی کو زخمی کرنے میں کامیاب ہوئے تقریباً ۱۵ لاکھ شامی پاؤنڈ کی گولیاں ہم نے دیواروں پر پھونک دی اور کوئی نتیجہ نہ نکلا۔پھر قریبی گاؤں سے القاعدہ کے مجاہدین کے ایک منظم گروپ نے ہمیں مدد کی پیش کش کی۔ انھوں نے دمشق سے ایک ماہر بلایا اور دودن کے کام کے بعد اپنی دوستی کی نشانی اور تحفہ دیا، اور وہ تحفہ تھا دو ٹن بارود سے لدا ٹرک۔دو آدمی اس ٹرک کو چھاونی کے دروازے تک چلا کر لے گئے اور پھر اسکو دور سے اڑایا گیا۔ دھماکہ ا تنا شدید تھا کہ دور دور تک درخت جڑ سے اکھڑ گئے کھڑکیاں اور تانبے کے پائپ پھٹ گیے اور زمین میں دھماکے کی جگہ ایک بہت بڑا گڑھا پڑ گیا۔ اگلے ہی دن فوج بھاگ گئی اور محاسن قصبہ آزاد ہوگیا۔
"کار بم دھماکے میں ہمارے تقریبا ایک لاکھ شامی پاؤنڈ خرچ ہوئے اور صرف۱۰آدمیوں نے کاروائی میں حصہ لیا "، اس نے بتایا کہ "بارود کے ماہرین کے آنے کے دودن بعد ٹرک تیار تھا اور پوری کاروائی میں ہماری ایک گولی بھی ضائع نہیں ہوئی"۔"القاعدہ کو ان عسکری کاروایوں میں تجربہ حاصل ہے اور اور وہ ان حالات سے نمٹنا جانتے ہیں"۔اس دھماکے کے بعد ابو خضیر نے آزاد شامی فوج کو خیر باد کہا اور شام میں القاعدہ کی تنظیم میں بیعت کرلی۔ جس کا نام جبہۃ النصرۃ (النصرۂ محاذ) ہے۔ اس نے اپنی داڑھی بڑھالی اورالقاعدہ کے اوصاف اپنے اندر پیدا کیے۔ اب وہ القاعدہ کی ایک بٹالین کا کمانڈر بن چکا ہے۔
آزاد شامی فوج میں حکمت عملی اور عسکری تجربے کا فقدان ہے۔ القاعدہ میں یہ چیز بدرجہ اتم موجود ہے۔ ان کے پاس ایک تنظیم ہے جس کو ہر ملک تسلیم کرنے پر مجبور ہے۔
"شروع میں ہم بہت قلیل تھے مگر اب مہاجرین کی بڑی تعداد ہم میں شامل ہو رہی ہے اور ہم ان کے تجربے سے مستفید ہو رہے ہیں ۔"، اس نے اپنے گرد اکٹھے ہوئے لوگوں کو بتایا۔ "سعودیہ، عراق، یمن اور اردن سے مجاہدین افراد کی بڑی تعداد آ رہی ہے۔ یمنی مسلمان، دین اور نظم دونوں میں بہترین ہوتے ہیں۔ عراقی دین سمیت ہر چیز میں پیچھے ہیں۔"
"تو آپ کیا کرنا چاہتے ہیں، ابو خضیر ؟"کمرے، میں موجود تیس سالہ ایک آدمی گویا ہوا۔ "کیا آپ بھی لوگوں کے ہاتھ کاٹنا شروع کر دیں گے اور ہم بھی سعودیوں کی طرح ہو جائیں گے؟"ابو خضیر نے جواب دیا "القاعدہ کا مقصد اسلامی ریاست کا قیام ہے نہ کہ شامی ریاست کا۔ جو لوگ الله کی شریعت کے قیام سے خوف زدہ ہیں وہ جان لیں کہ اگر آپ گناہ نہیں کریں گے تو آپ کو خوف زدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔" شامی انقلاب میں اسلامی جہادیوں کا کردار شروع دن سے ہی بہت اہم رہا ہے۔ کیوں کہ پوری دنیا کے مضبوط مسلم نیٹ ورک سے انہیں مدد بھی ملتی ہے اور دین ان لوگوں کو ایک مقصد فراہم کرتا ہے جس کے گرد یہ اکٹھے ہو سکتے ہیں، جس میں شہادت کے ذریعہ سے ابدی نجات کا یقین بھی ہے۔
تمام دستے خالص سنی نام استعمال کرتے ہیں، وہ لوگ بھی جو کبھی کبھار ہی نماز پڑھتے ہیں، اپنی تحریک اور فوجی دستوں میں جہادی نعرے اور اسلامی جہادی اطوار اپناتے ہیں۔
"مذہب لوگوں کو اکٹھا کرنے کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے"۔ایک کارکن نے کہا، "اب اراور کی مثال لیجیے جو کہ ایک انتہا پسند فرقہ واریت پھیلانے والا مبلغ ہے۔ ہم اسکو بالکل پسند نہیں کرتے مگر جب ہمیں مدد کی ضرورت ہو وہ غیر مشروط طور پر ہماری مدد کرتا ہے۔"آزاد شامی فوج کے ایک اور سپاہی نے انقلاب شام میں مذہب کے کردار کی اہمیت سمجھاتے ہوئے کہا، "دین، نظم و ضبط کےقیام میں سب سے زیادہ مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اگر کوئی سپاہی مذہبی نہیں ہے، تب بھی وہ جنگ میں کسی دینی حکم کی خلاف ورزی نہیں کرتا۔"القاعدہ کے لوگ مشرقی شام کے علاقے میں موجود رہے ہیں جہاں تقریبا دس سال سے ریگستانی علاقوں میں قبائلی لوگ رہ رہے ہیں۔ عراق پر امریکی قبضے کے ایام میں دیر الزور کے راستے ہزاروں جہادی یہ مقدس جنگ لڑنے عراق میں داخل ہوتے رہے۔اسامہ، جو کہ ابو خضیر کی یونٹ کا ایک نوجوان مجاہد ہے، اس وقت ۱۷ سال کا تھا جب امریکہ نے عراق پر حملہ کیا، وہ اپنے گھر سے بھاگ کر ان ہزاروں شامی مجاہدین سے آ ملا جو سرحد پار کر کے عراق میں داخل ہوتے تھے۔ اسامہ بھی زیادہ تر رضاکاروں کی طرح قبائلی اور وطنی عصبیت کے جذبے کے تحت آیا تھا مگر بعد میں اسکی جد و جہد میں مذہب واحد جذبہ محرکہ بن گیا۔ شام واپس آنے کے بعد وہ جہادی نظریے کے زیادہ قریب ہوگیا۔ یہ بہت خطرناک بات تھی کیوں کہ حکومت کی طرف سے اس کے بہت سے دوستوں کو جیل میں ڈال دیا گیا تھا۔ وہ حکومت جو عرصۂ دراز سے دہرا کھیل کھیلتی آئی تھی یعنی خفیہ طریقے سے شام سے عراق کی سرحدپار کرنے دیتی تھی مگر اپنے ملک میں جہادیوں پر حالات تنگ کیے رکھتی تھی۔
شام میں تحریک کے ابتدائی مہینوں میں اسامہ نے مظاہروں میں شمولیت اختیار کی۔ مگر جب اسکے کچھ رشتے دار احتجاجی مظاہروں میں مارے گئے تو اس نے مظاہروں کو خیرباد کہا اور آزاد شامی فوج میں شمولیت اختیار کرلی۔"میں نے دوسرے لوگوں کے ساتھ ملنے کا فیصلہ کیا "، اس نے بتایا، "مگر پھر میں بہت مایوس ہوا جب میں نے دیکھا کہ آزاد شامی فوج کے لوگ لڑائی کے بعد فارغ وقت میں زیادہ تر سگرٹ نوشی، سکائپ، اور فضول گپ شپ میں وقت برباد کرتے تھے"۔ پیسے کے اوپر لڑنے جھگڑنے والے اپنے کمانڈروں سے مایوس ہو کر اس نے محاسن کے مغرب میں پچاس میل دور ایک گاؤں شحالی میں ایک اور جنگجو مجموعہ میں شمولیت اختیار کرلی۔ شحالی گاؤں، دیر الزور میں القاعدہ کا گڑھ بن چکا تھا۔ عراق میں اس مجموعہ کے بیس لوگ شہید ہوئے تھے۔ شحالی میں القاعدہ کے لوگ اپنی گاڑیوں پر القاعدہ کے کالے جھنڈے لہراتے تھے۔اس مجموعہ کی قیادت ایک سعودی آدمی کے ہاتھ میں تھی۔ ان میں سے ایک دو کو تووہ پہلے ہی سے جانتا تھا جب وہ عراق میں اکٹھے رہے تھے۔ ایک دن مجموعہ کے قائد نے، جو کہ سعودی تھا ، اسامہ بن لادن کی طرح سر پر لال رومال باندھے کلاشنکوف اٹھائے محاسن کا دورہ کیا۔ اس نے ایک کمانڈر کے جنازے کے بعد ایک طویل خطاب کیا اور بیان کیا ۔
"وہ لوگ پوری طرح اور تن دہی سے اپنے مشن میں مصروف رہنے والے تھے"۔ اسامہ نے بتایا، "آزاد شامی فوج کے برعکس جہاں ہر بات پر جھگڑا یا اختلافات ہوتے تھے، یہ لوگ اپنے امیر کا حکم مانتے تھے اور اپنا وقت فائدہ مند امور میں لگاتے تھے۔"اسامہ نے اس مجموعہ میں شمولیت اختیار کرلی۔ "وہ سعودی امیر بہت اچھے آدمی تھے۔ وہ ہماری تعلیم و تربیت کرتے تھے۔ ہم ان سے کوئی سوال پوچھتے تو وہ قرانی آیات کے حوالے سے جواب دیتے۔ اگر ہم قرآن پڑھنا چاہتے تو ہمیں اس کی اجازت ہوتی۔ اگر ہم بم سازی سیکھنا چاہتے تو وہ ہمیں بم تیار کرنا سکھا تے۔"اسامہ نے مزید بتایا کہ "انقلاب سے پہلے کے دنوں میں جب حکومت مضبوط تھی، کسی بھی شخص کو جہاد کی دعوت دے کر تیار کرنے میں ایک سال تک کا وقت لگتا تھا مگر اب ہم کھل کر کام کرتے ہیں اور بہت سے لوگ ہماری صفوں میں شامل ہو رہے ہیں۔"شحالی گاؤں میں ہم نے سلیم ابو یاسر سے ملاقات کی جو وہاں کہ گاؤں کا چودھری اور آزاد شامی فوج کی مقامی بریگیڈ کا کمانڈر تھا، وہ قبائلی جنگجوں اور مشین گنوں سے بھرے ہوئے کمرے میں بیٹھا تھا۔ اس نے بتایا کہ القاعدہ کے ساتھ تعلقات کافی مشکل رہے ہیں کیوں کہ شروع شروع میں القاعدہ کے لوگ ہم سے علیحدہ کام کرتے تھے اور آزاد شامی فوج کے لوگوں کو(مغربی جمہوریت اپنانے کا اعلان کرکے مغربی ملکوں سے امداد مانگنے اور اسلامی تعلیمات کی پابندی نہ کرنے کی وجہ سے) لبرل، دہریے اور کافرسمجھتے ہیں، مگر اب تعلقات بہتر ہیں اور وہ لوگ باغیوں کے ساتھ تعاون کرتے ہیں۔
"کیا وہ اچھے جنگجو ہیں؟"،
اس نے کمرے میں موجود لوگوں سے سوال کیا۔ "جی ہاں، اس میں کوئی شک نہیں، لیکن ان کے ساتھ ایک مسئلہ ہے، وہ یہ کہ وہ ایک فوجی کو گرفتار کرتے ہیں اور فوراً بندوق سے اسکی کھوپڑی اڑا دیتے ہیں۔ جبکہ ہمارے پاس عدالتیں ہیں جہاں مقدمہ چلنا چاہیے، یہ وہ قتل ہے جس سے ہمیں ڈر لگتا ہے، اس طرح سے مطلوبہ نتائج برآمد نہیں ہونگے ہمارے خیال سے جیسا کہ عراق میں ہوا تھا۔ اسامہ نے ہمیں بتایا کہ اس کا مجموعہ عراق کے تجربات کو دوبارہ بالکل نہیں دہرانا چاہتا تھا اور اس بارے میں وہ لوگ بہت محتاط تھے۔ وہ اس بات کو تسلیم کرتا ہے کہ ان سے عراق میں غلطیاں ہوئیں اور اب وہ ان کو دوبارہ دہرانا نہیں چاہتے، "مگر دوسرے لوگ بشمول ایک نوجوان ڈاکٹر اس بات پر قائل نہ ہوئے اور ان کا کہنا ہے کہ یہ سب کچھ میڈیا پروپیگنڈے پرمبنی جھوٹی باتیں ہیں اور عراق میں کوئی غلطیاں نہیں ہوئی ہیں۔
بہرحال حکومت مخالف مجموعے نے اس بات کا اعتراف کیا کہ القاعدہ ان کے ساتھ شامل ہے۔ "تیل کی کانوں میں کام کرنے والےغیر ملکی انجینیرز کو کس نے اغوا کیا؟"، اس نے دریافت کیا۔ "ان کے پاس آزاد شامی فوج سے زیادہ پیسہ ہے اور ہمیں تسلیم کرنا ہوگا کہ وہ لوگ یہاں موجود ہیں"۔
"وہ انقلاب کی بھاگ دوڑ ہم سے لیکر اپنے ہاتھوں میں کررہے ہیں اور اس کے نتائج اپنے حق میں کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کر رہے ہیں۔"





