- Joined
- Jun 24, 2011
- Posts
- 19,507
- Reaction score
- 15,578
- Points
- 113
شاہ نواز فاروقی
مغربی دنیا کا پرانا طریقہ واردات ہے‘دشمن کو مارڈالو اور یہ نہیں کرسکتے تو اسے بدل دو۔ مغربی دنیا اسلام اور مسلمانوں کے سلسلے میں یہی طریقہ واردات استعمال کررہی ہے۔ اسلام دنیا کی واحد حقیقت ہے اور روئے زمین پرمسلمانوں کی آبادی ایک ارب 57 کروڑ ہے چنانچہ اسلام کا خاتمہ ممکن ہے نہ مسلمانوں کو فنا کیاجاسکتاہے۔ چنانچہ اہل مغرب اسلام اور مسلمانوں کو بدلنے کے لیے کوشاں ہیں۔ اسلام کو بدلنے کے لیے اس کی تعبیربدلی جارہی ہے اور مسلمانوں کو بدلنے کے لیے انہیں خوف زدہ کیاجارہا ہے۔ لیکن مغربی دنیا ان حقائق کا اعتراف نہیں کرتی۔ تاہم برطانیہ کے ہاؤس آف کامنز یا دارالعوام کی منتخب کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں برطانیہ کی لیبرپارٹی کی حکومت کے مذکورہ جرائم کا اعتراف کرلیاہے۔ کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں کہاہے کہ برطانوی مسلمانوں میں انتہا پسندی کی روک تھام کے لیے حکومت نے Prevent کے نام سے جو پالیسی وضع کی تھی اس نے برطانوی مسلمانوں کو معاشر ے میں کلنک کا ٹیکہ بنادیاہے اوریہ پالیسی مسلمانوں کو معاشر ے سے کاٹ کر الگ کررہی ہے۔ رپورٹ میں اعتراف کیاگیاہے کہ Prevent کے ذریعے ایشیائی باشندوں کی جاسوسی کی جارہی ہے اور ایسے مسلمان پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو آسانی کے ساتھ مغلوب ہوجانے والے ہوں ۔رپورٹ میں انکشاف کیاگیاہے کہ حکومت اپنی پالیسی کے ذریعے Mode rate Islam ایجادکرنے کے لیے کوشاں ہے۔ برصغیرمیں انگریزوں کے خلاف جنگ آزادی برپاہوئی تو مسلمانوں میں جہادکا جوش وجذبہ پیدا ہوا۔ مسلمانوں کی جدوجہد غیرمنظم اوربرطانوی سامراج کے مقابلے میں کمزورتھی مگر جہادکا تصوّر مسلمانوں کی معمولی قوت کو غیر معمولی بنارہاتھا اورانگریزوں کو خوف لاحق تھا کہ جہاد کا تصور عام ہوگیا تو انکے اقتدارکا خاتمہ ہوجائے گا چنانچہ انہوں نے سرسید احمدخان اورمرزاغلام احمد قادیانی کو آگے بڑھایا۔ انہوں نے جہاد بالسیف کی مخالفت کی اورکہاکہ تلوارکے ذریعے جہادکا زمانہ گزرگیا۔ یہ قلم کے ذریعے جہادکا زمانہ ہے اورمسلمانوں کو تلوار کے بجائے قلم سے جہادکرنا چاہیے۔ اقبال اس پور ے کھیل کو سمجھتے تھے چنانچہ انہوں نے اس موضوع پر ایک خوبصورت نظم لکھی اور کہاکہ مسلمانوں کو جہاد بالسیف کے بجائے جہاد بالقلم کی تعلیم دی جارہی ہے لیکن مسلمانوں میں جہادکی روح باقی ہی کہاں ہے۔ انہیں دنیا سے محبت ہوگئی ہے اور ان کا یہ حال ہوگیاہے کہ کافرکی موت سے بھی ان کے دل لرزجاتے ہیں۔ اقبال نے مزیدکہاکہ انگریزمسلمانوں کو تو پٹی پڑھارہے ہیں کہ ہتھیارکا استعمال غلط ہے مگر خود اہل مغرب کا حال یہ ہے کہ وہ اپنے باطل نظریات اورطرز حیات کے تحفظ کے لیے ہتھیاروں کے سمندرمیں غرق ہوتے جارہے ہیں۔ انہوں نے انگریزکے پٹھوؤں سے بھی سوال کیاکہ اگر جنگ بری چیز ہے تو وہ صرف مسلمانوں کے لیے ہی نہیں اسے مغرب کے لیے بھی برا ہونا چاہیے۔ لیکن آپ لوگ مسلمانوں پرتومعترض ہیں اور یورپ پرآپ کی نظرنہیں ہے۔ اس مثال سے ظاہرہے کہ جہادکے خلاف شور و غوغا اور ماڈریٹ اسلام کی ایجاد کوئی نئی چیز نہیں۔ البتہ ہمار ے دورمیں اس کی شدت میں بے پناہ اضافہ ہوگیاہے۔ بنیادی طورپراس کی دو وجوہ ہیں۔جہاد 20 ویں اور 21 ویں صدی میں عالم اسلام کی آزادی کا سب سے بڑا مظہربن گیاہے اور مغربی دنیا افغانستان میں جہاد کا انتہائی نتیجہ خیز ہوناملاحظہ کرچکی ہے۔ اس تناظرمیں مغربی دنیا کا اصل خوف یہ ہے کہ جہاد کہیں قرون اولیٰ کی طرح ایک بارپھر مسلمانوں کی لیے جنگی حکمت عملی کے بجائے،طرز حیات نہ بن جائے۔ مسلم دنیا کی عصری تاریخ کاایک اہم پہلو یہ ہے کہ مسلم حکومتیں اور ریاست اور ان کی افواج کسی بھی جگہ مسلمانوں کے تحفظ میں کامیاب نہیں ہوسکی ہیں۔ فلسطین اورکشمیرکے مسائل اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ یہ صورتحال مسلم حکومتوں کی ناکام دفاعی حکمت عملی کی غماز ہے۔ یہ ناکامی نجی شعبے میں ہونے والے جہاد کی کامیابی سے اورنمایاں ہوجاتی ہے اس منظرنامے میں مغرب کا اصل خوف یہ ہے کہ کہیں کسی دن جہاد کسی ریاست کی پالیسی نہ بن جائے۔ ایسا ہوا تو اس کے اثرات عالمگیرہوں گے اور مغربی طاقتوں کا تسلط جگہ جگہ چیلنج ہوجائے گا۔ چنانچہ مغربی طاقتیں جہادکو وحشت وبربریت اورجہاد کرنے والوں کو دہشت گرد ثابت کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔ لیکن اس عمل ک ذریعے صرف جہاد اور مسلمانوں کو بدنام نہیں کیاجارہا۔اس کے ذریعے مسلم معاشروں کی وحدت کو بھی پارہ پارہ کیاجارہاہے۔ انہیں اسلامی اور سیکولر، انتہا پسنداورماڈریٹ میں تقسیم کیاجارہاہے۔ مز ے کی بات یہ ہے کہ سب کچھ کرمغربی طاقتیں رہی ہیں مگر وہ کہہ یہ رہی ہیں کہ یہ مسلمانوں کی داخلی بحث اور ان کا داخلی مسئلہ ہے۔ لیکن فی زمانہ مسلمانوں کا کوئی مسئلہ بھی داخلی نہیں۔ مسلمانوں کے ہرمسئلے پر مغربی طاقتوں کی سازشوں کی مہرلگی ہوئی ہے۔ تاہم یہاں سوال یہ ہے کہ کیا مغرب کی سازشیں جہاد تک محدود ہیں۔ ؟ مغربی دنیا تاثر یہی دیتی ہے کہ اس کا اصل مسئلہ جہاد ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ مغرب کا مسئلہ پورا اسلام اور اس کی کلیت ہے۔ چنانچہ یہ اتفاق نہیں ہے کہ مغربی دنیا میں جہاد کے خلاف پروپیگنڈ ے کے بعد توہین رسالت کی بدترین وارداتیں سامنے آئیں یہاں تک کہ ان وارداتوں میں پوپ بینی ڈکٹ بھی ملوث ہوگیا۔ اس واردات کا خاص پہلو یہ ہے کہ اس سلسلے میں اسلام یا مسلمان سر ے سے فریق ہی نہیں تھے۔ اس ضمن میں جوکچھ ہوا مغرب کی جانب سے ہوا لیکن سوال یہ ہے کہ اس واردات کا ماڈریٹ اسلام ایجاد کرنے سے کیا تعلق ہے۔ اس سوال کا جواب واضح ہے ۔ مغرب نے اس واردات کے ذریعہ امت مسلمہ کو پیغام دیاہے کہ اگر اسے عصری دنیا کا حصہ بن کر رہنا ہے تو اسے حضور اکرم کی توہین برداشت کرنے کی عادت ڈالنی ہوگی۔ اور اسے یہ بات تسلیم کرنی ہوگی کہ دنیا میں کچھ بھی مقدس اور تنقیدسے ماورا نہیں ہے۔ حضوراکرم کی ذات گرامی تک نہیں۔توہین رسالت کی واردات کے ساتھ ساتھ مغرب میں پرد ے اور مسجد کے میناروں پر پابندی کے معاملات بھی سامنے آئے اور ان سے ثابت ہوگیا کہ اہل مغرب کے لیے جہاد ہی نہیں پردہ اور مسجد کے میناربھی ہتھیاروں کی حیثیت رکھتے ہیں۔
http://urdu.jamaat.org/site/article_detail/82
Last edited by a moderator:





