راولپنڈی میں مدرسے کے قاری کے تشدد سے سات سالہ بچے کی آنکھ ضائع ہوگئی، پولیس نے معلم کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے کلر سیداں میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک سات سالہ بچے کی آنکھ ضائع ہوگئی ہے، بچے کے والد کی درخواست پر مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔
شفقت حسین نے پولیس کو دی گئی درخواست میں موقف اپنایا کہ میرا سات سالہ بیٹا محمد علی گھر کے قریب ایک مسجد میں حافظ محمد علی کے پاس قرآن پاک پڑھنے جاتا تھا، ایک ایسے ہی دن تھا جب میرا بیٹا 23 جولائی کو بھی حسب معمول پڑھنے گیا مگر سبق یاد نا کرنے پر قاری نے بچے کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا۔
شفقت حسین نے کہا کہ قاری کے مارنے پر بچہ زمین پر گر گیا جس سے نیچے پڑا شیشے کا گلاس ٹوٹ گیا، حافظ محمد علی نے بچے کو اٹھا کر دوبارہ زمین پر پٹخ دیا ، جس سے فرش پر ٹوٹے گلاس کا ایک ٹکڑا بچے کی دائیں آنکھ پر لگا جس سے آنکھ سے خون بہنے لگا، مدرسے سے ایک بچے نے گھر آکر اطلاع دی جس کے بعد ہم مدرسے پہنچے اور بیٹے کو ہسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹرز نے ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی منتقل کردیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز نے بچے کا فوری آپریشن کرکے ڈسچارج کردیا، کچھ روز بعد ہم ڈاکٹر کے کہنے پر چیک اپ کیلئے گئے تو ڈاکٹر نے بتایا کہ بچے کی آنکھ ضائع ہوگئی ہے۔
پولیس نے بچے کے والد کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے ایکشن لیتے ہوئےمعلم کو گرفتار کرلیا ہے، ایس پی صدر نے کہا ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان جمع کرواکے عدالت سے ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی، بچوں پر تشدد اور ناروا سلوک کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/ustaadahaha.jpg
Advertisement





