Advertisement

مجنوں کا گریبان نظریہ پاکستان

old-pakistani.gif


​
رسم چل نکلی ہے اگر خود کا قد اونچا کرنا مقصود ہو تو نظریہ پاکستان کے کاندھوں پر کھڑے ہو جاؤ ،ایک ہاتھ میں آزادیِ رائے کا جھنڈا لے لو اور دوسرے ہاتھ میں خود پر ستی کی چھڑی تھام لو ،آزادیِ رائے کا جھنڈا لہراتے جاؤ اور خود پرستی کی چھڑی سے اقدار کو ہانکتے جاؤ۔

جن کے پاس پاکستان ہے انہیں نظریہ پاکستان کیسے سمجھ آسکتا ہے، وہ پاکستان جہاں کسی مسلمان کی بیٹی اپنے ہندو پڑوسی کے عشق میں مبتلا ہوکر پھیرے نہیں لے رہی، وہ پاکستان جہاں سڑکوں پر چلتے ہوئے کسی باوضو مسلمان پر ہولی کا رنگ نہیں پھینکا جارہا، وہ پاکستان جہاں ہم لوگ اقلیت کی صف میں کھڑے شودر ہونے کا کرب محسوس نہیں کرسکتے ، وہ پاکستان جہاں مسجد میں مردہ خنزیر نہیں پھینکا جاتا، وہ پاکستان جہاں سنت ابراہیمی کو پورا کرنے کیلئے ویرانہ نہیں ڈھونڈا جاتا ،وہ پاکستان جو ہمارا مسکن ہے ، وہ پاکستان جو اس زمین پر ہمارا گھر ہے۔جنہیں پاکستان وراثت میں مل گیا ہے وہ نظریہ پاکستان کو سمجھیں بھی تو کیسے سمجھیں،وہ دو قومی نظریے کو مانیں بھی تو کیسے مانیں۔

وہ کہتے ہیں، نظریہ پاکستان کی تشریح کر دو تاکہ کوئی ابہام نہ رہے اب بھلا کوئی جذبات کی تشریح الفاظ میں کیسے کرے،کوئی کیسے خوشبو کی ساخت جان سکتا ہے ،کیسے خوشی کا حجم بیان کیا جاسکتا ہے ،لیکن اگر واقعی کسی کو نظریہ پاکستان کی تشریح جاننی ہے تو ان سے ملئے جو1948 میں جوان تھے اب بوڑھے ہوچکے ہیں،جن چہروں پر جوش کی رمق تھی ان چہروں پراب لکیریں پڑ گئی ہیں،ان چہروں پر پڑی ہر ایک جھری میں نظریہ پاکستان کی تشریح موجود ہے، ان کے کانپتے ہاتھوں کی لکیروں میں دو قومی نظریہ ثبت ہے ،ان کی بجھی ہوئی آنکھوں میں آج بھی 14 اگست 1948 کی صبح روشن ہے ،ان کے قلب پر آج بھی وہ زخم ہیں جو انہیں اقلیت میں ہونے کی بنیاد پر اکثریت نے دیئے تھے،ان کی سماعتوں میں آج بھی ’’ لے کے رہیں گے پاکستان ‘‘ اور ’’ پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ ‘‘ کے نعرے گونج رہے ہیں۔

ان کے سامنے بیٹھ کر آج بھی اگر کوئی تحریک پاکستان کا ذکر چھیڑ دے تو یہ بوڑھے ایک پل میں دوبارہ وہی مسلم لیگی نوجوان بن جاتے ہیں جو پا کستان بنانے کیلئے گھروں سے نکلے تھے،ان کے سامنے اگر آج بھی ان ٹر ینوں کا ذکر ہو جس میں مسلمانوں کے خون سے اشنان کیاگیا تھا تو یہ ایسے رو پڑتے ہیں جیسے کل ہی کی بات ہو۔اگر کوئی نظریہ پاکستان کی تشریح جاننا چاہتا ہے تو کچھ وقت ان بوڑھوں کے ساتھ گزارے ، ان کی آنکھوں سے نکلنے والا ہر ایک آنسو قطرہ ،ان کے چہروں پر پڑی زمانے کی گرد ،ان کے جھکے ہوئے کاندھے نظریہ پاکستان کے وہ خطوط واضح کریں گے جنہیں الفاظ کے ذریعے سمجھایا نہیں جاسکتا ۔

نظریہ پاکستان کی طرف اٹھنے والی انگلیاں دو قومی نظریئے کو رد کرنے والے محض لمحے کہ اسیر ہیں، لمحہ گزرے گا یہ بھی گزر جائیں،جیسے ان سے پہلے والے گزر گئے جو عقل اور رتبے میں ان سے کہیں بہتر تھے لیکن آج ان کی کوئی تقریر،غرور میں ڈوبا ہوا کوئی جملہ کسی کو یاد نہیں، نظریہ پاکستان کو مجنوں کا گریبان سمجھنے والے ہرگز قابل نفرت نہیں یہ تو وہ قابل رحم لوگ ہیں جن کی نفس ان پرحکمرانی کررہی ہے،انھوں نے غلامی قبول کر لی ہے ،ان خود پرستوں سے ہمدردی کی جاسکتی ہے نفرت نہیں۔

سب کوقائد اعظم کا پاکستان چاہیئے لیکن قائد اعظم سب کے اپنے اپنے ہیں،کسی کے نزدیک قائد اعظم سیکولر تھےکسی کے لئے شیعہ تھے ،کسی کیلئے کافر تھے،کسی کیلئے عالم تھے، نہ جانے ایسی کیا بات تھی قائد اعظم میں کہ آج بھی ہرشخص ان میں اپنا عکس دیکھ لیتاہے ۔قائداعظم کو تو صرف ایک کام سونپاگیا تھا وہ انہوں نے بخوبی کیا،اپنا فرض پوری ایمانداری سے ادا کر کے رخصت ہوگئے اب جس کے نام پر یہ ملک لیاگیا،جس نے یہ وطن عطا کیا وہ جانے اوراس کا کام جانے،کسی کوایسا پاکستان چاہیئے ،کسی کو ویسا پاکستان چاہیئے ،جس کی یہ زمین ہے اس کی اپنی مرضی ہے کہ اس کو کیسا پاکستان چاہئے۔

ایک مقرہ وقت تک سب کو چھوٹ ہے،لہراتے رہیئے آزادی رائے کا جھنڈا، تھامے رہئے خود پرستی کی چھڑی ۔۔۔پھر وہ فیصلہ کردے گا اس کواس ملک میں کیسا نظام چاہیے اور فیصلہ تو بس اسی کا ہے جو کہتا ہے ’’ میں ہی زمانہ ہوں

بقلم : ذیشان جنید​
 
اس سے بہتر نظریہ پاکستان کی اور کیا تشریح ہوگی ۔ الله پاکستان اور پاکستانیوں کی حفاظت فرما اور پاکستان کو نئ ایماندار قیادت نصیب کر ‘ آمین ۔
 
Yaad nahi aa raha ye baat kis ney boli thi " jis ko hindu poojtey hain usey hum musalman paka k kha jatey hain (cow)"

Is sentence se hi andaza laga lo 2 qoumi nazariye ki ahmiyat ka.